مکرمی جناب ! موبائل فون موجودہ دور کی ایک اہم ٹیکنالوجی
اور ضرورت بن کر سامنے آیا ہے جس نے چند برسوں میں ہی انسانی زندگیوں پر
اپنا تسلط یوں قائم کر لیا کہ ہر چھوٹے سے بڑے تک، خواتین سے مرد تک سبھی
موبائل کے بغیر خود کو ادھورا محسوس کرتے ہیں۔ایک وقت تھا جب پیغام رسائی
کے لیے کئی ذرائع موجود تھے جیسے کہ ٹیلی فون، ٹیلی گرام، ڈاک اور ریڈیو
وغیرہ۔ اب ان سب کی جگہ موبائل فون نے لے لی ہے۔ موبائل فون سے آپ ایک نہیں
بلکہ بہت سے کام لے سکتے ہیں۔ اس چھوٹے سی آلے نے خط و کتابت اور مواصلاتی
نظام کا نقشہ ہی بدل دیا ہے۔ جہاں موبائل کی ان گنت خوبیاں اور فوائد ہیں
وہیں اس ٹیکنالوجی کے بے شمار نقصانات بھی ہیں۔ ان نقصانات میں سب سے اہم
اس کے صحت پر پڑنے والے مضر اثرات ہیں۔ موبائل جو کہ ایک وائرلیس ٹیلی فون
ہے اپنے اندر ریڈیو فریکوئینسی انرجی رکھتا ہے۔جسم کے جس حصے کے قریب
موبائل فون ہوتا ہے وہا ں کے ٹشوز ریڈیو ایکٹو توانائی اپنے اندر جذب کر
لیتے ہیں جس سے انسان کی صحت کو بے پناہ نقصان پہنچتا ہے۔اسکول اور کالجز
میں طلباء کے لیے موبائل کا استعمال ممنوع ہونے کے باوجود نوجوان سکولوں
اور کالجز میں بھی موبائل استعمال کرتے دکھائی دیتے ہیں۔( علیشاہ پیر محمد،
جامعہ اردو، کراچی) |