آپ کے مسائل اور ان کا شرعی حل

(۱)کیا دینی کام کے لئے جمعیت بنانا یا مدرسہ کھولنا ضروری ہے جبکہ سماج کی خدمات کے لئے دینی ادارے موجود ہیں ؟
جواب : دینی خدمات انجام دینے کے لئے نہ مدرسہ قائم کرنے کی ضرورت ہے اور نہ ہی کوئی ٹرسٹ بنانے کی ضرورت ہے کیونکہ اس وقت اکثر وبیشتر جگہوں پر کئی کئی مدارس اور اداریقائم ہیں ۔ جوادارہ مخلصانہ طور پر سماجی خدمات انجام دے رہاہو اس ادارے سے جڑ کر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اکثر لوگوں میں کسی کے ساتھ مل کر کام کرنے کا جذبہ نہیں ملتا ،سبھی چاہتے کہ ان کا اپنا ادارہ ہو، وہ ادارے کا رئیس کہلائیں ۔ کام ہو نہ ہو نام اونچا رہے ۔ اسی سبب آج ہماری جماعت میں انتشار ہے۔ جہاں ضرورت ہو دینی خدمات انجام دینے کے لئے ادارہ قائم کرنا کوئی معیوب نہیں ہے لیکن بلاضرورت مالی منفعت کے حصول ، شہرت طلبی، دوسرے ادارے یا ذاتی رنجش کی وجہ سے ادارہ والوں کو نیچا ثابت کرنے کے لئے ادارے کا قیام خدمت نہیں فساد امت ہے ۔ جہاں جہاں ایسا فساد برپا ہو اسے ختم کرنے کی ضرورت ہے۔
(۲)کیا یہ حدیث صحیح ہے ؟
"علماء سے بغض رکھنے پر چار قسم کے عذاب "حضرت علیؓ فرماتیہیں کہ نبی ﷺ نے ارشاد فرمایاکہ: جب میری امت اپنے علماء سے بغض رکھنے لگے گی اور بازاروں کی عمارتوں کو بلند اور غالب کرنے لگے گی تو اﷲ تبارک وتعالیٰ ان پر چار قسم کے عذاب مسلط فرمادیں گے۔قحط سالی ہوگی حاکم وقت کی طرف سے مظالم ہوں گیحکام خیانت کرنے لگیں گیدشمنوں کے پیدرپے حملے ہوں گے۔ (فتاوی رحیمیہ 2/82-83، کتاب الایمان ، معاصی اور توبہ کا بیان )
جواب : یہ روایت مستدرکم حاکم میں بایں الفاظ موجود ہے ۔
إذا أبغضَ المسلِمونَ علماء َہُم ، وأظہَروا عمارۃَ أسواقِہِم ، وتناکَحوا علَی جمعِ الدَّراہمِ ، رماہمُ اﷲُ عزَّ وجلَّ بأربعِ خصالٍ : بالقَحطِ منَ الزَّمانِ والجَورِ منَ السُّلطانِ والخیانَۃِ مِن ولاۃِ الأحکامِ ، والصَّولۃِ من العدوِّ(مستدرک حاکم : 7923)
اسے شیخ البانی نے منکر کہا ہے ۔ ( السلسلۃ الضعیفۃ:1528)
(۳)کیا حاملہ اور مرضعہ پر روزوں کی قضا نہیں ہے ؟
جواب : دودھ پلانے والی عورت اور حاملہ عورت کو جب اپنے لئے یا بچے کیلئے روزہ کے سبب خطرہ لاحق ہو تو روزہ چھوڑ سکتی ہے ۔ بلاضرر روزہ چھوڑنا جائز نہیں ہے ۔ نبی ﷺ کے اس فرمان کا یہی مطلب ہے ۔
إنَّ اللَّہَ عزَّ وجلَّ وضعَ للمسافرِ الصَّومَ وشطرَ الصَّلاۃِ ، وعنِ الحُبلَی والمُرضِعِ( صحیح النسائی:2314)
ترجمہ: اﷲ تعالی نے مسافر کے لئے آدھی نماز معاف فرما دی اور مسافر اور حاملہ اور دودھ پلانے والی کو روزے معاف فرما دیئے۔
جب عذر کی وجہ سے عورت روزہ چھوڑدے تو بعد میں اس کی قضا کرے۔حاملہ اور مرضعہ کے تعلق سے بعض اہل علم بوڑھیعاجز شخص پر قیاس کرکے چھوٹے روزوں کے بدلے مسکین کو کھانا کھلانا کہا ہے مگر حقیقت میں مریض و مسافر کا اعتبار کرکے روزوں کی قضا کرنی ہے یہی قوی موقف ہے جیساکہ اوپر والی حدیث سے معلوم ہوتا ہے۔ ابن عباس رضی اﷲ عنہ والی روایت حاملہ اور مرضعہ کی جانب سے کھانا کھلانے کے متعلق مرجوح قرار پائے گی۔
(۴)کیا صحاح ستہ کے علاوہ مارکیٹ میں ایسی کوئی حدیث کی کتاب ہے جو تخریج شدہ ہو؟
جواب : آپ کا سوال سوشل میڈیا کے ذریعہ ہے اس لئے اسی مناسبت سے میرا جواب ہے کہ موبائل میں پلے اسٹور سے اسلام 360 لوڈ کرلیں ، اس میں صحاح ستہ کے علاوہ مسند امام احمد اور مشکوۃ کی تحقیق وتخریج کے ساتھ شیخ البانی ؒ کا سلسلہ صحیحہ بھی شامل ہے ۔
(۵)کیا زندہ آدمی کی جانب سے عمرہ کرسکتے ہیں؟
جواب : زندہ آدمی کی طرف سے عمرہ اس صورت میں کر سکتے ہیں جب کسی کو عمرہ کرنے کی مالی طاقت ہو مگر جسمانی طور پر معذور ہو تو اس کی جانب سے عمرہ کرسکتے ہیں ، اور اسی طرح عورت کا محرم نہ ہو جو سفر میں ساتھ رہے تو اس کی جانب سے اور اس کے مال سے کرسکتے ہیں ۔ عمرہ بدل کے لئے ضروری ہے کہ آدمی پہلے اپنا عمرہ کرچکا ہو۔ لوگوں میں مشہور زندہ کی طرف سے طواف کرنا چاہئے غلط ہے۔
(۶) قرآن میں مکمل پندرہ سجدے ہیں ۔ پارہ نمبر سترہ میں دو سجدے ہیں امام شافعی ؒ کے نزدیک جبکہ امام ابوحنیفہ ایک ہی مانتے ہیں اس وجہ سے احناف کے یہاں صرف چودہ سجدے ہیں اس کی کیا حقیقت ہے ؟
جواب: احناف کی طرح شافعیہ کے نزدیک بھی چودے سجدے ہیں البتہ سورہ حج میں شافعیہ کے نزدیک دو سجدے اور امام ابوحنیفہ کے نزدیک ایک سجدہ ہے ۔
اہل الحدیث پندرہ سجدے مانتے ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ ابوداؤد میں حدیث ہے ۔
عَنْ عَمْرِو بْنِ الْعَاصِ، أَنَّ رَسُولَ اللَّہِ صَلَّی اللَّہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ أَقْرَأَہُ خَمْسَ عَشْرَۃَ سَجْدَۃً فِی الْقُرْآنِ، مِنْہَا ثَلَاثٌ فِی الْمُفَصَّلِ، وَفِی سُورَۃِ الْحَجِّ سَجْدَتَانِ (سنن ابی داؤد: 1401)
ترجمہ: عمرو بن العاص رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم نے ان کو قرآن مجید میں (۱۵) سجدے پڑھائے: ان میں سے تین مفصل میں اور دو سورۃ الحج میں ۔
اس حدیث کو امام نووی نے الخلاصہ میں حسن ، ابن الملقن نے تحفۃ المحتاج میں صحیح یا حسن ، ابن القیم نے اعلام الموقعین میں صحیح اور صاحب تحفۃ الاحوذی نے حسن کہا ہے۔
حنفی کے مشہور عالم علامہ بدرالدین عینی نے بخاری کی شرح عمدۃ القاری میں مندرجہ ذیل روایت کو نقل کرکے صحیح کہا ہے۔
عن عمرِو بنِ العاصِ أنَّ رسولَ اﷲِ صلَّی اﷲُ علیہِ وسلَّمَ أقرأَہُ خمسَ عشرۃَ سجدۃً فی القرآنِ العظیمِ مِنْہَا ثلاثۃٌ فی المُفَصَّلِ(عمدۃ القاری:7/139 )
ترجمہ: عمرو بن العاص رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم نے ان کو قرآن مجید میں (۱۵) سجدے پڑھائے: ان میں سے تین مفصل میں۔
گویا حنفی عالم سے پندرہ سجدوں کا ثبوت مل رہا ہے اور سورہ حج میں دو سجدے ہونے کا صحیح حدیث سے ثبوت ملتا ہے ۔
ان عقبۃ بن عامر حدثہ ، قال : قلت لرسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم : افی سورۃ الحج سجدتان ؟ قال : " نعم ، ومن لم یسجدہما فلا یقراہما ".
ترجمہ: عقبہ بن عامر رضی اﷲ عنہ کہتے ہیں کہ` میں نے رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم سے پوچھا: اﷲ کے رسول! کیا سورۃ الحج میں دو سجدے ہیں؟ آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا:ہاں اور جو یہ دونوں سجدے نہ کرے وہ انہیں نہ پڑھے۔
اس حدیث کو شیخ البانی نے حسن کہا ہے ۔( صحیح أبی داود: 1402)
(۷)بعض اہل علم سے مروی ہے کہ وہ کہتے ہیں:جب مجلس میں آدمی ایک بار رسول اﷲ ﷺ پر درود بھیج دے تواس مجلس میں چاہے جتنی بار آپ کانام آئے ایک بار درود بھیج دینا ہر بار کے لیے کافی ہوگا؟ کیا یہ درست ہے؟
جواب : کسی طویل مجلس میں اگر بیٹھا جائے تو ایک بار کم ازکم نبی ﷺ پر درود پڑھنا ہی چاہئے خواہ آپ ﷺ کا اسم گرامی آئے یا نہ آئے ۔نبی ﷺ کا فرمان ہے:
أیُّما قومٍ جَلَسُوا ، فَأَطَالوا الجُلوسَ ، ثُمَّ تَفَرَّقُوا قبلَ أنْ یَذْکُرُوا اﷲَ تعالی ، أوْ یُصلُّوا علی نبیِّہِ کانَتْ علیہم تِرَۃٌ مِنَ اﷲِ ، و إنْ شاء َ عَذَّبَہُمْ ، و إنْ شاء َ غفرَ لہُمْ(صحیح الجامع:2738)
ترجمہ: جو لوگ کافی دیر کہیں بیٹھیں اور پھر اﷲ کا ذکر کیے اور اس کے نبی صلی اﷲ علیہ وسلم پر درود پڑھے بغیر منتشر ہو جائیں تو اﷲ تعالیٰ کی طرف سے ان پر حسرت رہے گی۔ اگر اﷲ چاہے تو انہیں عذاب کرے گا اور چاہے تو انہیں معاف کر دے گا۔
اور مستحب ہے کہ آپ ﷺ کاجب جب نام لیا جائے ﷺ کہنا چاہئے اس کے بے شمار اجر ہیں ، جو اس میں بخیلی کرتا ہے وہ خیرکثیر سے محروم رہتا ہے۔ چونکہ آپ کے ذکر پر درود وسلام پڑھنا مستحب ہے اس لئے بسااوقات چھوٹ جائے یا بکثرت نام آنے پر کبھی کبھار پڑھ لے اور کبھی ترک ہوجائے کوئی حرج نہیں ہیتاہم ہماری کوشش یہی ہو کہ جب جب اسم نبی آئے درود پڑھیں ۔
(۸)کیا ایسی کوئی حدیث ہے کہ اﷲ کا اتنا ذکر کرو کہ لوگ تمہیں دیوانہ کہیں ؟
جواب : ہاں ایسی حدیث موجود ہے" أَکثِروا ذکرَ اﷲِ حتی یقولوا : مجنونٌ"
ترجمہ: اﷲ کا ذکر اتنی کثرت سے کرو کہ لوگ یوانہ کہنے لگیں ۔
تخریج : (مسند أحمد:3/ 68 ، صحیح ابن حبان:3/ 99،مستدرک حاکم:1/ 677).
حکم : اس روایت کو شیخ البانی نے منکر کہا ہے۔ (السلسلۃ الضعیفۃ:7042)
(۹)غربت کی وجہ سے جس کے والدین نے بچپن میں عقیقہ نہیں کیا تو کیا وہ شخص اپنا عقیقہ خود سے جوانی یا بڑھاپا میں کر سکتا ہے ؟
جواب : عقیقہ بعد میں بھی کر سکتے ہیں اس وجہ سے جب عقیقہ کرنے کی استطاعت ہوجائے کیا جاسکتا ہے ۔ جس کے والد نے اس کی طرف سے عقیقہ نہ کیا ہو وہ خود بھی اپنا عقیقہ کرسکتا ہے گوکہ یہ کام والد کے ذمہ تھا مگر ان کے پاس اس کی استطاعت نہیں تھی ۔
(۱۰)حاجی حج کے دوران کب تک نماز قصر کرے گا؟
جواب : حاجی ایام حج میں منی ، مزدلفہ اور عرفات میں قصر کے ساتھ نماز ادا کریں گے یعنی یوم الترویہ سے لیکر ایام تشریق تک قصر کرنا ہے۔
(۱۱)جو لوگ باہری ملک سے حج پہ آئے ہیں وہ ایک عمرہ کرنے کے بعد دوسرا عمرہ کے لئے مسجد عائشہ جائیں گے یا میقات پر؟
جواب : حج میں ایک ہی عمرہ ہوتا ہے جس حاجی نے اپنے حج کے لئے ایک عمرہ کرلیا ہے اسے دوبارہ عمرہ نہیں کرنا چاہئے ۔وہ حج شروع ہونے تک انتظار کریں اور اپنے اوقات طواف ، نفلی عبادات ، تلاوت واذکار اور دعاو استغفار میں گزاریں ۔
(۱۲)حضرت علی کا بتلایا دماغ تیز کرنے کا وظیفہ یا علیم یااﷲ کیسا ہے ؟
جواب : انٹرنیٹ پہ بڑے پیمانے پر یہ بات پھیلی ہوئی ہے کہ ایک سائل حضرت علی کی خدمت میں آیا اور بھولنے کی شکایت کیا تو آپ نے اس سے کہا رزق حلال کھاؤ اور اس پر ایک مرتبہ یاعلیم یااﷲ کہو تمہارا دماغ تیز ہوجائے گا اور فجرکی نمازکے بعد آسمان کی طرف دیکھ کے یاعلیم یااﷲ کا ورد کرکے دعا کرو باتیں کبھی نہیں بھولو گے ۔ اس قصہ کو بیان کرکے پھر ایک وظیفہ تیار کیا جاتا ہے اول وآخر سات بار درود شریف پڑھا جائے اور 33 بار یاعلیم یااﷲ کا ورد کیا جائے ۔ دس دن تک یہ عمل ہو تاکہ 330 کی تعداد مکمل ہوجائے ۔ کوئی چاہے تو یہ عمل ایک دن یا پانچ دن میں بھی کرسکتا ہے لیکن 330 کی تعداد مکمل کرنی ہے۔ بچوں کو بھی مٹھائی وغیرہ پہ پڑھ کر کھلاسکتے ہیں ۔
اس وظیفہ کا قرآن وحدیث سے کوئی تعلق نہیں ہے ، یہ بناوٹی ہے اور بدعتی کام ہے ۔ اس سے بجائے قوت حافظہ تیز ہونے کے گناہ ملے گا کیونکہ ہمیں اﷲ تعالی نے اور اس کے پیغمبر محمد ﷺ نے ایسا کوئی وظیفہ نہیں بتلایا ہے ۔ دین نام ہے جو کچھ کتاب اﷲ اور سنت رسول اﷲ میں ہے۔
 

Maqubool Ahmad
About the Author: Maqubool Ahmad Read More Articles by Maqubool Ahmad: 320 Articles with 350238 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.