"الوداع بیگم کلثوم نواز "

بیگم کلثوم نواز ایک وفاشعار بیوی اور ایک ماں کینسر سے جنگ لڑتے لڑتے ہار گئیں ان کی بیماری کے دوران کچھ لوگ اس بیماری کو ڈرامہ قرار دیتے رہے، الیکشن کے دنوں میں ان کے فوت ہونے کی خبریں بھی گردش کرتی رہیں کہ شاید الیکشن میں ووٹ ان کی موت کے باعث ہمدردی کے بنا پر لئے جاسکیں گے۔میں کسی بھی طور کسی بھی سیاسی جماعت سے وابستہ نہیں ہوں۔مگر ایک عورت، ایک بیوی ،!ایک ماں کی یہ بے قدری مجھے پسند نہیں آئی۔کسی بھی عورت کو اس کے میاں کی بنیاد پر شکوک و شبہات کا نشانہ بنانا کہاں کی مسلمانیت یا انسانیت ہے؟دراصل ہمارا تعلق ایک شکی، جھکی ، وہمی اور تماش بین معاشرے سے ہے جس میں ہر چیز کو تماشہ بنا دیا جاتا ہے۔ بیگم کلثوم نواز کے میاں نے اگر کرپشن کی تھی تو اس کے باعث یہ نتیجہ اخذ کرنا کہ اس کے میاں کے اعمال کی سزا اس کی بیوی کو کینسر کی صورت میں ملی۔ بڑی ہی زیادتی اور افسوس کی بات ہے۔

میں نے اپنے والد اور ماموں کو کینسر کے ہاتھوں کھویا ہے حالانکہ دونوں ہی انتہائی ایماندار، حلال روزی کمانے والے افراد تھے۔ یہ جو معصوم بچے کینسر کا شکار ہیں وہ کس کے گناہوں کی سزا بھگت رہے ہیں ؟
خدارا کچھ خوف خدا کیجئے اور اس ماں اور بیوی کی بے کسی محسوس کیجئے جس کو اپنے میاں اور بیٹی کو الوداع کہنے کا موقع ہی نہیں ملا۔

سیاستدان کے اوپر تنقید کیجئے مگر اس کے گھر والوں کو اس بے جا تنقید سے علیحدہ رکھیے ۔اللہ تعالی نے بیگم صاحبہ کو کینسر کی اذیت ناک بیماری سے نجات دے دی۔ یقین کیجئے چاہے لندن کا اسپتال ہو یا پاکستان کا، کینسر کا مریض ایک جنگ لڑ رہا ہوتا ہے ، جتنے بھی ڈاکٹر یا سہولیات موجود ہوں، اس کا مریض لمحہ بہ لمحہ شمع کی مانند پگھل رہا ہوتا ہے۔ اللہ تعالی بیگم کلثوم نواز کی اگلی منازل آسان کرئے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔
آمین ۔
 

Mona Shehzad
About the Author: Mona Shehzad Read More Articles by Mona Shehzad: 168 Articles with 281065 views I used to write with my maiden name during my student life. After marriage we came to Canada, I got occupied in making and bringing up of my family. .. View More