انسان اور انسان

اللہ کی تلاش کرنے والے، انسانوں کی راہوں سے انجان گزرجاتے ہیں. انسان ہی متلاشی ہے اور انسان ہی خدا کا مظہر صفات بھی. اللہ نے انسان کو پیدا ہی اپنے اظہار کیلئےکیاہے . اسکو ساری صلاحیتیں دیں تاکے کائنات کو مسخر کرسکے، خدا کو پہچان سکے اور دوسروں کو سکھا سکے کے کوئی ہے جس نے یہ سب پیدا کیا ہے.کوئی کے جو "کن اور فیکون" کا چکر چلاتا ہے. اسی چکر کیوجہ سے ایک بڑا ہجوم وجود میں آیا ہے. خدا بھی کمال کا ہے اپنے تعارف کیلئے حضرت انسان کو وجود عمل میں لایا، انسان سے پہلے نہ خدا کا تعارف تھا نہ جنت دوزخ اور نہ آخرت کسی کے علم میں تھی. سب کے سب صرف دیئے ہوئے ہوم ورک پر حمد وثناء اور شکر بجا لانے میں مصروف عمل تھے اور حمد ثناء بھی ایسی کے خدا کا حق ہوجائے. جولوگ انسان کو چھوڑ کر انسان سے منہ موڑ کر خدا کی تلاش کرتے ہیں وہ صرف تلاش ہی کرتے رہ جاتے ہیں اور نہ منزل پر پہنچتے ہیں اور نہ راستے میں نظر آتے ہیں. مقدر سے اور عمل سے بھٹک جاتے ہیں. اسی لئیے مقدس کتاب میں خدا کہتا ہے کے میں ہر انسان کے اندر بستا ہوں.

اللہ نے انسان کو اعلی مقام دیا، اپنی سب سے افضل مخلوق کو تمام مخلوق سے افضل ترین مخلوق کو سجدہ کرنے کو کہاکچھ نے انسان کو سجدہ کیا اور کچھ نے انکار کیا. خدا کو برائی بھی تو وجود میں لانی تھی، انسان کو بہت بڑا سبق بھی تو دینا تھا کے چلنا کس کے ساتھ ہے، کرنا کس کو خوش ہے. انسان کو اللہ کے راستے سے الگ نہیں کیا جاسکتا.کیونکہ پیداکرنے والے اور بننے والے میں بڑا گہرا رابطہ ہوتا ہے. یہ دونوں لازم و ملزوم ہوتے ہیں.

اللہ کی خوشی انسانوں کی خدمت میں ہے، انسان نے جس جس مقام پر انسان کو چھوڑ کر خدا سے محبت کا دعوہ کیا ہےوہ اکثر غلط نکلا، سراسر غلط نکلا، پیغمبروں سے لیکر عام آدمی تک ہر کسی کو خدا نے براہراست یا کسی کے واسطے سکھایا کے انسان اور وہ بھی عام انسان بہت معنی رکھتا ہے. انسان کو جس جس نے چھوڑا اسکی رسوائی مقدر بنی اور آج بھی دنیا کے حاضری والے رجسٹر سے اپنے شناخت اور نام کٹوا چکے ہیں . اللہ کے بارے میں جو کچھ بھی اس دنیا میں موجود ہے، جتنابھی بیان اور علم موجود ہے سب انسان کے ذریعے سے ہے، شاید انسان نا ہوتا تو خدا کا بیان ادھورا ہوتا خدا کو پھر کسی اور چیز کو پیدا کرنا پڑتا، کیا پتا وہ انسان جیسے ہوتے یا ان سے بھی بد تر.

خدا کا قانون تو بہت سادہ اور سادگی پر مبنی ہے کےجو شخص اللہ کے ہاں جتنا محبوب ہوگا اس کے لیئے یہ دنیا اور انسان اتنے ہی محبوب ہونگے. پتہ نہیں کیسا ہے یہ انسان، لیکن ہے بہت اونچی چیز. خدا کے یہاں انسانوں کے تذکرے ملتے ہیں، یہ جب جب خدا کو یاد کرتا ہے، خدا اپنی مجلس میں بھی انسان کو یاد کرتا ہے اور باقاعدہ کچہری کرتا ہے اپنی فورس کیساتھ. انسان کا مقام کا تعین اس بات سے بھی کیا جاسکتا ہے کے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا اور باقی سبکو سب کچھ بنایا. یہ کیسا رشتہ ہے انسانوں سے کے کسی انسان کا دل توڑا جائے تو خدا ناراض ہوتا ہے آخر کیوں نہ ہووہ ناراض، انسانوں کو بنانے کیلئےبڑی بھاگم دوڑ فرشتوں کیساتھ کی تاکے ایک بہترین پروڈکٹ سامنے آسکے. خدا نے انسان کو پنے ہاتھ سے بنایا ہے، تراشہ ہے، چہرہ بنایا ہے، سنوارا ہے. خداکی محبت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہےکے، خداانسان کو اتنا پسند کرتا ہے کہ کوئی انسان کسی دوسرے انسان کے ساتھ بھلائی کرے تو خوش اللہ ہوتا ہے. یہ کیسا کنکشن ہے، کیسا رابطہ ہے. یہ کیسا رشتہ ہےکےاپنے سب سے پسندیدہ لوگوں کو جو کے پیغمبرکہلاتے ہیں،ان کو بھی انسانوں کی لسٹ میں ڈال دی۔

ہمارے ثواب، ہمارے گناہ سب کے سب انسان سے وابستہ ہیں، انسانوں سے ہی خدا نے رونقیں رکھی ہیں. انسان سے بار بار کہا ہے کے، اے انسان صرف عبادت ہی زندگی نہیں،زندگی کوشش ہے، جہاد ہے، محبت ہے، فتوحات ہیں، تنہائی ہے، مجلس ہے، تنہائی کا سجدہ جیسی چیزیں ہی رونقیں ہیں. انسانوں سے جڑ جاؤ، انسان کے قریب آؤ، انسان کو انسان کی ضرورت ہے چلنے کیلئے، دوڑنے کیلئے، آگے بڑھنے کیلئے۔

اللہ نے انسان کو بیان دیا، اگر سننے والا ہجوم نہ دیتا تو کیا ہوتامیرا بیان کہاں جاتا، میرے اردگرد بولنے والوں کا ہجوم نہ ہو تو میرے کان بیکارہو جائیں، خدا تو ہر آغاز سے پہلے اور انجام کے بعد تک موجود ہے، وہ اتنا قریب ہے کے نظر نہیں آتا لیکن جس طرح ہم اپنی بینائی نہیں دیکھ سکتے، اپنی روح کو نہیں دیکھ سکتے، اپنی ذات کا دیدار نہیں کرسکتے، اسی طرح اللہ کے جلوے بس اللہ کے جلوے ہیں یہ نہ سمجھ آتے ہیں، اللہ کے جلوے ہمارےپاس ہیں، ساتھ ہیں، لیکن کیا ہیں، کہاں ہیں، انکو صرف محسوس کیا جاسکتا ہے ۔

انسانوں سے محبت کرو، یہی اللہ سے محبت کا ایک پہلو ہے، اللہ کی منزل کے سفر پر انسانوں کے ڈیرے ہیں، اللہ کیطرف جانیوالا راستہ صرف اور صرف انسانوں کی طرف سے ہوتا ہوا گزرتا ہے. خدا تو مقدس کتاب میں کہتا ہے "تم زمیں والوں پر رحم کرو آسمان والا تم پر رحم کریگا". صرف کرنا اتنا ہے کے انسانوں کو تنگ نہ کیا جائے، محبتیں بانٹی جائیں اور امن قائم کیاجائے. میرے رب کی عدالت، اسکا انصاف اور اسکے فیصلے بلکل صداقت، دیانت اور انصاف پر مبنی ہونگے. انسان سے کیا ہوا ہر فعل، ہر عمل، ہر کام اس دن سامنے آئیگا. انسان کو انسان سے قریب کرو، لوگوں کو جوڑو، محبت کی بات کرو، دل آزاری سے بچو. خدا آپکا حامی و ناصر ہو۔
 

Khaleek Kohistani
About the Author: Khaleek Kohistani Read More Articles by Khaleek Kohistani: 6 Articles with 5038 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.