انڈونیشیا میں حکام کے مطابق فضائی کمپنی لائن ایئر کا
ایک مسافر بردار طیارہ جکارتہ سے پرواز کرنے کے بعد سمندرمیں گر کر تباہ
ہوگیا ہے۔
|
|
فلائٹ جے ٹی 610 انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ سے بنگکا بیلی ٹنگ جزائر
کے شہر پنگکال پینانگ جا رہی تھی۔ ایک پریس کانفرنس میں حکام کے مطابق
فلائٹ پر تین بچوں سمیت 178 افراد سوار تھے۔ جہاز میں دو پائلٹ اور عملے کے
پانچ ارکان بھی شامل تھے۔
اب تک کسی کے زندہ بچنے کی اطلاع نہیں ملی۔
|
|
طیارے نے مقامی وقت کے مطابق صبح چھ بج کر 20 منٹ پر اڑان بھری اور پرواز
کے 13 منٹ بعد اس کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا۔
انڈونیشیا کی قومی سرچ اور ریسکیو ایجنسی کے ترجمان یوسف لطیف نے نمائندوں
کو بتایا: 'اس بات کی تصدیق ہو چکی ہے کہ طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا ہے۔'
ریسکیو اور سرچ آپریشن جاری ہے اور انڈونیشیا کی ڈزاسٹر ایجنسی کے ترجمان
سوتوپو پرؤہ نگروہو نے ٹویٹر پر چند تصاویر بھی جاری کی ہیں جن کے بارے میں
کہا جارہا ہے کہ وہ جہاز کے ملبے کی ہیں۔
|
|
انھوں نے ایک ویڈیو بھی جاری کی جس میں جہاز کا ملبہ اور تیل سمندر پر
تیرتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔
|
|
لاپتہ ہونے والے طیارے کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ یہ بوئنگ 737 طیارہ تھا۔
اس کا ماڈل MAX 8 تھا جو کہ دو ماہ قبل سے ہی استعمال میں تھا۔
|
|
اس کے متعلق مزید اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
|
|