ابنائے جامعہ اسلامیہ کا گوونڈی میں ایک روزہ دینی واصلاحی اجتماع

گذشتہ دنوں بتاریخ ۲۳؍دسمبر ۲۰۱۸؁ء مطابق ۱۵؍ربیع الثانی ۱۴۴۰؁ھ بروز اتوار بعد نماز مغرب تادس بجے شب ضلعی جمعیت اہلحدیث نارتھ ایسٹ ممبئی کی زیر سرپرستی مسجد ومدرسہ دارالقرآن لوٹس کالونی گوونڈی میں ایک دینی واصلاحی اجتماع کا انعقاد کیاگیا ۔ جس کی صدارت مسجد کے امام وخطیب فضیلۃ الشیخ عبدالرحیم رحمانی ؍حفظہ اللہ نےکی اور نظامت مولانا امان اللہ نوری ؍حفظہ اللہ نے کی ۔

یہ پروگرام دراصل ابنائے قدیم جامعہ اسلامیہ نورباغ ،کوسہ ممبرا کی طرف سے منعقد کیاگیا تھا ، جو شہر ممبئی وتھانہ کا مشہور دینی ،ملی اور اقامتی درسگاہ ہے۔ الحمدللہ یہ فارغین جامعہ ملک کے مختلف مقامات پر دینی وعلمی ،تدریسی ،صحافتی اور دعوتی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔

پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے مسجد کے امام مولانا عبدالرحیم رحمانی ؍حفظہ اللہ نےخطبہ استقبالیہ میں تمام مہمانوں اور سامعین وسامعات کا استقبال کرتے ہوئے جامعہ اسلامیہ کا مختصر وجامع تعارف پیش کیا ۔ جامعہ کے بانیان وذمہ داران کی قربانیوں کو یاد کراتے ہوئے یہاں کے فارغین کی حوصلہ افزائی کی اور مستقبل میں اس طرح کے دینی علمی پروگرام کرتے رہنے کی تلقین ونصیحت فرمائی ۔

پروگرام کی نظامت کررہے مولانا امان اللہ نوری نے اپنے تمام بھائیوں وساتھیوں اور نوری اخوان کا تعارف کرایا اور پروگرام کی کاروائی کو آگے بڑھاتے ہوئے مجلس کے پہلے خطیب مولانا عبدالرحمٰن نوری کو دعوت خطاب دیا ،مولانا موصوف نے’’مسلمانوں کی موجودہ صورتحال: اسباب و علاج ‘‘کے موضوع پر کتاب وسنت کی روشنی میں خطاب کیا ۔ دوسرے خطیب مولانا سراج الدین نوری صاحب تھے ،جنہوں نے ’’ محبت رسول کی اہمیت اوراس کے تقاضے‘‘کے موضوع پرروشنی ڈالی ۔ تیسرے مقررمولانا رضوان احمد نوری تھے ،جنہوںنے’’قیامت کی دس بڑی نشانیاں ‘‘کے موضوع پر تقریر کی ۔ چوتھے خطیب مولانا فاروق احمدسامرودی تھے ۔ جن کی خطابت کا موضوع تھا’’عرش الہی کے سایہ کا مستحق کون؟‘‘۔ موصوف نے کتاب وسنت کی روشنی میں مدلل خطاب کیا ۔پانچویں خطیب أمان اللہ نوری تھے ،جنہوں نے ’’پانچ انمول نعمتیں اور ہماری لاپرواہی ‘‘ کے موضوع پر پرمغزومدلل تقریرکی ۔

ان تمام خطباء کے بعد جامعہ کے موقر استاذمقررخاص فضیلۃ الشیخ مشتاق احمد نوری مدنی ؍حفظہ اللہ نے کتاب وسنت کی روشنی میں’’ حسد کی آگ ‘‘ کے موضوع پر مدلل ومفصل اور پرمغز ودلنشیں خطاب فرمایا۔ آپ نے سب سےپہلے حسد کی تعریف کرتے ہوئے اس کی قباحتوںا ورمضمرات ونقصانات کو کتاب وسنت کے ذریعہ واضح کیا ،جسے عوام وخواص نے کافی پسند کیا اور شیخ محترم کو دعائوں سے نواز ا۔

آخر میں جامعہ کے محترم استاذ فضیلۃ الشیخ صغیر احمد نوری مدنی ؍حفظہ اللہ نے تمام سامعین وسامعات کا شکریہ اداکرتے ہوئے اپنے تمام فارغین طلبہ کی حوصلہ افزائی کی ،نیزجامعہ کا مختصر تعارف کراتے ہوئے ذمہ داران جامعہ سمیت تمام اخوان واحباب اور اہل خیر کو دعائوں سے نوازا اور سب کا شکریہ ادا کیا، نیز مستقبل میں اس طرح کے مستقل پروگرام کرتےرہنے کی نصیحت فرمائی ۔

اس پروگرام میں قرب وجوار کے مصلین ومصلیا ت کی ایک کثیر تعداد تھی وہیں جامعہ کے اساتذہ میں سے فضیلۃ الشیخ ابوالکلام نوری ریاضی ، شفیق الرحمٰن عبدالمنان نوری مدنی ،عبدالمتین نوری مدنی اورشاداب نوری ؍ حفظھم اللہ وغیرھم بھی شریک مجلس رہے ۔

دعا ہے کہ اللہ جامعہ اسلامیہ کو دن دونی رات چوگنی ترقی عطافرمائے اور ذمہ داران جامعہ کے عزم وحوصلہ کو مزید پختہ فرمائے ،انھیں اخلاص و للہیت کے ساتھ مزید دینی علمی خدمات انجام دینے کی توفیق بخشے،حاسدین کے حسد سے مامون ومحفوظ رکھے اور فارغین وفارغات جامعہ کو خلوص وللہیت کے ساتھ دینی وعلمی ،تدریسی وصحافتی اور خطابتی خدمات انجام دینے کی توفیق بخشے ۔ آمین !

Abdul Bari Shafique
About the Author: Abdul Bari Shafique Read More Articles by Abdul Bari Shafique: 114 Articles with 134667 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.