موبائل ہاتھ میں تھا اور کچھ ہاتھ نہیں آرہا تھا کہ اچانک
ایک خوبصورت ہاتھ آیا جس کا انگوٹھا بہت خوبصورت لگ رہا تھا کیونکہ وہ میری
پوسٹ کی تعریف میں تھا اور انسان تعریف سے خوش ہوتا ہے اور تعریف اس خدا کی
جس نے اسے بنایا اور لکھنا سکھایا اور بولنا سکھایا اور کب کیا بولنا ہے یہ
انسان کا اختیار ہے جس سے کوی خوش اور کوی ناراض ہوکر روٹھ بھی سکتا ہے اور
جس کا روٹھنا اچھا لگے وہ کوی اپنا ہوتا ہے اور وہ "کچھ لوگ " ہوتا ہے جو
گانے کے بول ہیں" کچھ لوگ جو روٹھ کر بھی لگتے ہیں کتنے پیارے کچھ لوگ "
اور کچھ ایسے کہ روٹھیں یا نہ روٹھیں کوی فرق نہیں پڑتا اور کسی محبوب کا
ہاتھ جو دیکھیں تو دیکھتے ہی رہ جایں اور تھام لیں تو چھوڑنے کا دل نہ چاہے
بات اس خوبصورت ہاتھ کی ہورہی تھی جو موبائل پر نمودار ہوا تھا جو ہاتھ سے
نکل چکا تھا اور کوی دوسری پوسٹ آ گئ تھی جس پر لکھنا تھا اور میں ہاتھوں
میں کھو گیا اور شکر کہ موبائل میں یہ اوپشن موجود نہیں کہ تالی بجاتے
ہاتھوں اور تعریف کرتے ہاتھوں کے ساتھ وہ ہاتھ بھی ہوتے کہ" ایک ہاتھ دوں
گا"
ایک ہاتھ جو میرے ساتھ ہاتھ کر چکا تھا اور ایک ہاتھ ایسا جو آپ کا ہاتھ
تھام لے اور اس کے پیچھے خدا کا ہاتھ ہو اور آپ کہیں کہ
کب یاد میں تیرا ساتھ نہیں
کب ہاتھ میں تیرا ہاتھ نہیں
صد شکر کہ میری راتوں میں
اب ہجر کی کوی رات نہیں
اور وہ ہاتھ بھی جو کسی مرد کی کامیابی کے پیچھے ایک عورت کا اور ناکامی کے
پیچھے دو عورتوں کا اور کامیابی کے بعد کئ عورتوں کا اور ایسا بھی دیکھا
گیا کہ کامیابی کے پیچھے عورت کا وہ ہاتھ جو مرد کا ہاتھ چھوڑ چکا ہو اور
اس غم سے نکل کر جب نئے حوصلہ سے زندگی شروع کی گئ ہو تو قسمت نے ہاتھوں
ہاتھ لیا ہو اور کامیابی کی ان بلندیوں پر پہنچ کر جو لوگ کہنے لگتے ہیں کہ
خدا نے ہاتھ پکڑ لیا حالانکہ خدا تو کسی کا ہاتھ نہیں چھوڑتا اور وہ کسی کا
ساتھ نہیں چھوڑتا یہ انسان ہی ہے جو دوسروں کے ہاتھوں میں کھیل کر اپنی
زندگی خراب کر کے ہاتھ ملتا رہ جاتا ہے اورالزام قسمت کو دیتا ہے
اور ہاتھ میں ہاتھ ڈالے دوستوں کے ہاتھ اور مہندی لگے ہاتھ اور چوڑیوں والے
کھنکھناتے ہاتھ اور دُھن پر رقص کرتے ردم یا لے میں چلتے ہاتھ اور وعدہ
نبھاتے ہاتھ اور ہاتھ پر ہاتھ دھرے یا پھر رزق حلال کمانے والے محنت مزدوری
کرنے والے کھردرے باوقار ہاتھ اور باغ میں پودوں کی پرورش کرتے مالی کے
دھوپ میں چمکتے خاک زدہ ہاتھ اور نرم و نازک ہاتھ جو نازک کام کرتے سیتے
پروتے کپاس نوچتے اور معیشت کو قوی کرتے وہی نازک ہاتھ اور گھر کو سنوارتے
مصور ہاتھ
اور روٹی پکاتے تپتے ہاتھ کوی شاہکار بنانے میں کھپتے ہاتھ
کسی کے گھر کے برتن دھوتے صابر ہاتھ اور کسی پر ظلم کرتے جابر ہاتھ
یا اپنی غلطی تسلیم کرتے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتے شرمندہ ہاتھ اور سلام
کرتے اور سلوٹ کرتے ہاتھ
اس تحریر کے بعد یہ خدشہ ہے کہ آپ مجھ سے دو دو ہاتھ کرنے کو آمادہ ہو جایں
اور میری حوصلہ افزای کرنا چھوڑ نہ دیں اور میں ہاتھ جھاڑ کے ایک طرف نہ
بیٹھ جاوں
کسی سخی کا کُھلا ہاتھ یا مجبور کا بندھا ہاتھ یا بخیل کا گردن سے بندھا
ہاتھ اور دینے والا وہ ہاتھ کہ دوسرے ہاتھ کو خبر نہ ہو اور لینے والا وہ
ہاتھ جو نہ جانے کس مجبوری میں لے رہا ہو اور دعا دے رہا ہو اور وہ جو ہاتھ
کی صفای دکھا کر دوسرے کی جیب صاف کر دے اور وہ ہاتھ جو کسی مجبوری میں آپ
کے گھر کی صفای کر رہا ہو اور وہ جو نظر بچا کے گھر کا صفایا کر دے اور وہ
بھی جو کسی اجنبی کی مدد کر دے اور یتیم کے سر پر شفقت بھرے ہاتھ اور پیار
سے سر میں انگلیاں پھیرتے ماں کے ہاتھ اور باپ کے مضبوط ہاتھ جو آپ کے
ہاتھوں کو مضبوط کریں اور کوی ہاتھ لگا کے تو دیکھے
اور معمار پاکستان قاید اعظم کے دیانت دار ہاتھ اور اس کا تصور دیتے اقبال
کی تصویر میں وہ ہاتھ جس پر مفکر کا چہرہ گہری سوچ میں ٹکا ہو اور قوم کے
بارے میں سوچ رہا ہو
وہ ہاتھ بھی ہوتے ہیں جو لمبے ہوتے ہیں جو قانون کےہوتے ہیں اور کبھی لمبا
ہاتھ مار جاتے ہیں کسی کی مجبوری سے ناجائز فائدہ اٹھا کر اور منصف کے ہاتھ
جو فیصلہ لکھیں کبھی درست اور کبھی دباو میں اور قانون کے وہ آہنی ہاتھ جو
دہشت سے لڑ کر امن قائم کریں اور وہ ہاتھ جو ڈاکووں کی گردن تک پہنچ جایں
یا وہ خفیہ ہاتھ جو بیٹھے بٹھاے کسی کی اچھی چلتی حکومت گرا دیں اور وہ
ہاتھ جو کسی کو اپنے قلم سے نااہل کر دیں اور وہ کہے کہ میرے ہاتھ صاف ہیں
اپنی طاقت کے گُھمنڈ میں مُکہ لہراتے ہاتھ اور سیاست کی ترنگ میں مُکمُکا
کرتے اور کسی کے مُکے سے بچاتے مددگار ہاتھ اور سیاست کے وعدے سے مُکرتے
ہاتھ اور خالی ہاتھ ہو کر بھی شُکر کرتے ہاتھ
کسی کی زبان درازی سے اپنا سر پکڑتے ہاتھ اور کسی کے زخم پر مرہم رکھتے
ہاتھ
بے یقینی کی کیفیت میں ہاتھوں میں قسمت کی لکیروں کو دیکھتے ہاتھ اور یقینِ
محکم کے تحت اس کام سے شہادت کی اُنگلی ہلاتے منع کرتے ہاتھ
اور مہکتے ہاتھ جو آپ کے ہاتھوں کو مہکا دیں اور حیا سے ہاتھ چھڑاتے ہاتھ
اور شرما کر چہرہ چُھپاتے ہاتھ اور کسی معصوم چھوٹے بچے کے شرارت کر کے
اپنا آدھا چہرہ چھپا کر مسکراتے ہاتھ
غزل سناتے ہوے لہراتے ہاتھ اور سنّےمیں محو داد دیتے ہاتھ اور خوبصورت
تحریر لکھتے ہاتھ اور موبائل پر تیزی سے چلتے ہاتھ
اور دعا مانگتے ہاتھ اور اس کا فضل مانگتے ہاتھ
وَ اَنَّ الْفَضْلَ بِیَدِ اللہِ یُؤْتِیۡہِ مَنۡ یَّشَآءُ ؕ وَ اللہُ
ذُوالْفَضْلِ الْعَظِیۡمِ
اور یہ کہ فضل اللہ کے ہاتھ ہے،دیتاہے جسے چاہے اور اللہ بڑے فضل والا ہے۔ |