حضور صلی اﷲ علیہ وسلم کا عورتوں پر احسان عظیم

آنحضرت صلی اﷲ علیہ وسلم کی شفقت ان تما م لوگوں کے لیے تھی جو حفاظت واعانت کے محتاج تھے ۔
ان میں سر فہرست خواتین تھیں عورت اپنی طبعی نزاکت، جسمانی ساخت اور حیاتیاتی وظیفہ کے باعث ہمیشہ ظلم اور زیادتی کا شکار رہی ہے ۔جاہلی معاشروں میں نہ صرف اس کے حقوق پامال کیے گئے بلکہ اسے ظالمانہ ہوس کا نشانہ بھی بنایا گیا ۔عرب معاشرہ میں کوئی استثناء نہ تھا ان کے ہاں بیوی ،باندی ،اور بیٹی کی حیثیت سے عورت کا جو مرتبہ تھا وہ کوئی مخفی امر نہیں ہے ۔عربوں کے ہاں غیرت کا تصور عورت کی حفاظت کے حوالے سے تھا تو لوٹ مار اور جنگ وجدل کی صورت میں عورت ہی نشانہ بنتی تھی ۔خود ساختہ ضابطوں کے باعث عورت پابندیوں میں جکڑی ہوئی تھی ۔حضور صلی اﷲ علیہ وسلم نے اپنے طرز عمل اور تعلیمات سے نہ صرف اس کی حفاظت کی بلکہ اس کا مرتبہ بھی بلند کیا ۔ماؤں کے احترام اور بیٹیوں سے شفقت کے حوالے سے آپ صلی اﷲ علیہ وسلم کا یہ ارشاد گرامی دستوری اہمیت کا حامل ہے آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا :
اِنَّ اللّٰہَ حَرَّمَ عَلَیْکُمْ عُقُوْقَ الْاُمَّھَاتِ وَمَنْعَ وَھَاتِ وَوَاْدُالْبَنَاتِ
اﷲ تعالیٰ نے یقیناً تم پر ماؤں کی نافرمانی ان سے مطلوبہ چیزوں سے انکار بے جامطالبہ اور لڑکیوں کو زندہ درگور کرنا حرام ٹھہرایا ۔
اس طرح آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے بچیوں سے شفقت کے سلسلے میں فرمایا : جس نے دو لڑکیوں کی پرورش کی حتیٰ کے وہ بالغ ہوگئیں وہ اور میں قیامت کے روز اس طرح آئیں گے اور آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے اپنی انگلیوں کو ملادیا ۔
آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے عورتوں کے حقوق کے بارے میں واضح ہدایات فرمائیں ۔عورتوں پر معاشی ومعاشرتی نا انصافیوں کی روک تھام کی ۔آپ صلی اﷲ علیہ وسلم کو کسی جنگ میں مقتولہ عورت کی خبر ملی تو سخت ناپسندیدگی کا اظہار فرمایا ۔ایک روایت میں ہے کہ آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے ایک مقتولہ عورت کی خبر پر فرمایا : مَاکَانَتْ ھَذِہٖ لِتُقَا تِلْ یہ تو لڑنے کے لیے نہیں تھی ۔
آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے سپہ سالار خالد بن ولید ؓ کو کہلابھیجا ’’لاَیَقْتُلَنَّ اِمْرَأۃً وَلاَعَسِیْفًا ‘‘ عورت اور اجیر کو ہر گز قتل نہ کرو ۔(انسان کاملؐ ص ۶۱۵)
اسلام سراسر عدل وانصاف کا اور خیر ورحمت کا مذہب ہے اور اسلام فطری مذہب ہے وہ حقوق کا ضامن ہے ،اسلام نے جو عورت کو مقام دیا ہے وہ دنیا کے کسی مذہب نے نہیں دیا ہے لیکن ہر چیز کے لیے اﷲ تعالی نے جو ضابطہ ونظام رکھا ہے اگر اس ضابطہ ونظام سے اس چیز کو ہٹا دیا جائے تو اس فائدہ کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا بلکہ اس میں شر ہی شر ہو گا فتنہ وفساد ہوگا ۔اﷲ رب العزت نے پانچ انگلیاں برابر اورایک جیسی نہیں بنائیں اگر کوئی مساوات کا دعوے دار کہے کہ یہ سرا سر نا انصافی ہے ہم سب کو برابر کریں گے بھلا بتاؤ اس کا انجام کیا ہوگا ۔ چلنے کے لیے اﷲ نے پاؤں بنائے ہیں کوئی مساوات کا دعوے دار کہے کہ ہمیشہ پاؤں کے بل ہی چلنا یہ سرا سر نا انصافی ہے اب ہم بجائے پاؤں سے چلنے کے سر کے بل چلیں گے بتاؤ اس کا انجام کیا ہوگا ۔اسی طرح مرد وعورت کی ساخت وجسم کی بناوٹ ایک جیسی نہیں اسی طرح ان کے وظائف وذمہ داریاں بھی ایک جیسی نہیں اگر ایک جیسی ذمہ داریاں وفرائض ہوتے تو جسم کی بناوٹ بھی ایک جیسی ہوتی تو جس طرح ایک جسم کے مختلف حصوں کے الگ الگ کام وفرائض ہیں مگر ان کو چھوڑ کر ان سے دوسرے کام لیے جائیں تو جسم کا نظام تباہ وبرباد ہوجائے گا ۔اسی طرح مردوزن کے علیحدہ علیحدہ فرائض وذمہ داریاں ہیں اگر ان میں ردوبدل کیا جائے گا تو انسانی نظام تباہ وبرباد ہوجائے گا کیونکہ قانون فطرت کی مخالفت ہوگی ۔
صدافسوس !کہ مردوں نے صرف اپنی شہوانی تسکین کی خاطر اس کا دو پٹہ اُتارا ،بے پردہ کیا ،اس کی عزت و نامو س کوداغدار کیا اور جانوروں جیسی زندگی پر لاکھڑا کیا اور پھر اس کو بے بس ومجبور کرکے خود دور ہوگئے یہ تحفہ ہے بے دینی وگمراہی کی زندگی کا اگر عورتوں پر آسانی اس مغربی تہذیب کا مقصد ہے تو چاہئے تھا کہ ان کو بچے جننے سے فارغ کردیتے اور خود بچے جنتے مگر ظالموں کے بس میں یہ تو ہونہیں سکتا تو اپنا بوجھ الٹا اس پر ڈال دیا بلکہ اپنا دامن چھڑالیا کہ ہماری ذمہ داری کفالت کی ختم ہوجائے وہ خود کمائے ہم صرف اس سے اپنی تسکین حاصل کریں اور پھر اس کو
لاوارث چھوڑدیں ۔
قربان جائیں اس پاکیزہ معاشرہ پر جو حضور صلی اﷲ علیہ وسلم لائے کہ مردوں کو قابو کیا گیا اور ان پر ذمہ داری ڈالی گئی اور ذمہ داری نہ نبھانے پر سزائیں بتائی گئیں ۔
جن پتھروں کو عطاکی تھیں ہم نے دھڑکنیں انہیں زبان ملی تو ہم پر ہی برس پڑے
اس لیے عورتوں کو چاہئے کہ مغرب کے پرفریب نعروں میں نہ آئیں بلکہ اسلام کے پاکیزہ احکامات پر عمل کریں ورنہ کہیں ان کا بھی وہی حشر نہ ہو جو آج یورپ کی تہذیب میں عورت کا ہورہاہے ۔
میں نے دیکھا ہے فیشن میں اُلجھ کر تُو نے اپنے اسلاف کی عظمت کے کفن بیچ دیئے
نئی تہذیب کی بے روح بہاروں کے عوض اپنی تہذیب کے شاداب چمن بیچ دیئے

Muhammad Tahir
About the Author: Muhammad Tahir Read More Articles by Muhammad Tahir: 7 Articles with 7395 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.