ہوئی مدت کہ غالبؔ مر گیا، پر یاد آتا ہے٬ ویڈیو

مرزا اسد اﷲ خان غالبؔ کو رخصت ہوئے 150 برس ہوگئے

اُگ رہا ہے درو د یوار سے سبزہ غالبؔ
ہم بیاباں میں ہیں اور گھر میں بہار آئی ہے
غالب ؔ کو دنیا سے رخصت ہوئے ڈیڑھ صدی ہوچکی پر غالبؔ ہر اس شخص کے دل پر راج کررہا ہے جو ادب سے معمولی سے بھی رغبت رکھتا ہے۔شعر و شاعری کی بات ہو غالب ؔ کے ذکر کے بغیر مکمل نہیں ہوتی ہے ۔غالبؔ کے بے شمار اشعار ضرب المثل کی حیثیت رکھتے ہیں۔بعض بعض باتیں جو غالبؔ نے اپنے شعار میں کہیں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کوئی آجکل کے زمانے کا شخص وہ باتیں کررہا ہے۔ غالبؔ کے بارے میں اگر یہ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا کہ غالبؔ ہر دور کا شاعر ہے، ماضی کا بھی حال کا بھی اور یہ مستقبل کا بھی اتنا ہی مقبول اورمحبوب شاعر رہے گا۔ جب تک یہ دنیا آباد ہے، اردو زبان کے بولنے اور سمجھنے والے اس دنیا میں موجود رہیں گے غالبؔ بھی ان کے درمیان موجود رہے گا۔ غالبؔ کو دنیا سے رخصت ہوئے 150 سال ہوگئے لیکن غالب ؔشعری دنیا میں آب و تاب کے ساتھ موجود ہے۔جسمانی طور پر وہ یقینا اب اس دنیا کا حصہ نہیں اسی لیے اس نے از خود کہا کہ’ غالبؔ مر گیا پر یادآتا ہے‘ اور حقیقت بھی یہی ہے ۔ ادب سے رغبت رکھنے والوں کو غالب ؔ کی کمی محسوس ہوتی ہے وہ یاد آتا ہے۔
ہوئی مدت کہ غالبؔ مرگیا ، پر یاد آتا ہے
وہ ہر اک بات پر کہنا کہ یوں ہوتا تو کیا ہوتا
 


غالبؔ کی شاعری کی خصوصیت ، عظمت کے لیے یہی کہا جاسکتا ہے کہ شاعری میں حسن ، خوبصورتی، تعریف و توصیف ، عشق و محبت ہی نہیں بلکہ غالب نے اپنی شاعری میں زندگی کی حقیقت کو، حالات اور واقعات کا ادراک کرتے ہوئے، انسانوں کی نفسیات کا مطالعہ کرتے ہوئے، عام اور چھوٹی چھوٹی باتیں ، سادہ الفاظ میں ، سلیس زبان میں بیان کی ہیں۔ غالبؔ کی شاعری کا ایک اہم عنصر منطقی اور استدلالی انداز بیان ہے۔ہندوستان کے معروف شاعر، ماہر غالبیات پروفیسر اسلوب احمد انصاری کے مطابق ’ غالب صرف جذبات کا تجزیہ ہی نہیں کرتے بلکہ ان میں باہمی تعلق پیدا کنے کی کوشش کرتے ہیں۔ محبت ان کے لیے کوئی ایسا جذبہ نہیں جو فطری طریقے سے دلکش محرکات میں ڈھل جائے بلکہ یہ ایک گرم تیز روہے جو پوری شخصیت کے اندر انقلاب پید کردیتی ہے۔ غالب صرف اشاروں سے کام نہیں لیتے بلکہ اپنے نرم و لطیف احساسات کیفیات کا تجزیہ کرتے اور ان پر استدلا کرتے ہیں‘۔
عمر بھر ہم یوں ہی غلطی کرتے ر ہے غالبؔ
دھول چہرے پہ تھی اور ہم آئینہ صاف کرتے رہے

غالبؔ کا شمار 19 ویں صدی کے اہم اور معروف و معتبر شعراء میں ہوتا ہے غالب سے قبل کی صدی یعنی 18ویں صدی میر تقی میر کی صدی تھی۔ غالب کی بڑائی اور خوبی دیکھئے کہ وہ بہت بڑا شاعر ہوتے ہوئے بھی اس نے میرؔ کی تعریف و توصیف میں کنجوسی نہیں کی۔ مرزا غالبؔ جیسے استاد شاعر نے بر ملا میرؔ کے معتقد ہونے کا اقرار کیا ؂
اپنا تو عقیدہ ہے بقول ناسخ
آپ بے بہرہ ہیں جو معتقدِ میر نہیں

پھر غالبؔ نے میرؔ کے معتقد ہونے پر ہی اکتفا نہیں کیا بلکہ دنیا کو یہ باور بھی کرایا کہ غالب ؔ ہی ریختے کے استاد نہیں ، ان سے پہلے میرؔ بھی زبان و بیان کے استاد رہ چکے ہیں۔ غالب ؔ کا یہ شعر بہت معروف ہے ؂
ریختے کے تُم ہی استاد نہیں ہو ، غالبؔ
کہتے ہیں اگلے زمانے میں کوئی میرؔ بھی تھا

غالب ؔ کی ایک خوبی اس کے اشعار میں سچائی ہے جسے وہ بہت ہی سہل انداز سے بیان کردیتا ہے ؂
غالبؔبُرا نہ مان جو واعظ بُرا کہے
ایسا بھی کوئی ہے سب اچھا کہیں جسے
یہ دنیا مطلب کی ہے تُم کِس مخلص کی بات کرتے ہو غالبؔ
لوگ جنازہ پڑھنے آتے ہیں وہ بھی اپنے ثواب کی خاطر

غالبؔ شاعری کی معراج پر ہونے کے ساتھ ساتھ اردو ادب میں خطوط نگاری میں صف اول میں دکھائی دیتے ہیں۔انہوں نے مکتوب نگاری کو بھی ایک نیا رنگ اور منفرد اسلوب دیا۔مرزاغالبؔ بجا طور پراردو مکتوب نگاری کے دولھا تصور کیے جاتے ہیں۔حالانکہ غالبؔ سے پہلے غلام غوث بے خبر ؔ اور رجب علی بیگ سرور کے مکتوبات تاریخ کا حصہ ہیں۔عبد الرحمٰن چغتائی نے غالب ؔکی مکتوب نگاری کو غالبؔ کی شاعری سے کہیں اعلیٰ درجہ کی تخلیق قرار دیا ہے۔بقول غالبؔ ؂
دے کے خط منہ دیکھتا ہے نامہ بر
کوئی پیغامِ زبانی اور ہے
 

image


غالبؔ کے مکتوبات کی تدوین کئی احباب نے اپنے اپنے طور پر کی ۔ عود ہندی، اردوئے معلیٰ، مکاتیب غالبؔ کا ذکر ملتا ہے۔ اس سلسلہ کا ایک مجموعہ1919ء میں مرزا عسکری نے مرتب کیا تھا جو لکھنؤں سے نظامی پریس نے شائع کیا تھا۔ اس کے علاوہ مولانا امتیاز علی خان عرشی نے پہلی بار ’مکا تیبِ غالبؔ ‘کے عنوان سے غالبؔ کے خطوط کو تاریخ وار ترتیب دیا جو1949ء میں شائع ہوا تھا، آفاق حسین آفاقؔ کا مرتب کردہ مجموعہ ’نادرات غالب‘1949، غلام رسول مہر کا مر تب کردہ مجموعہ ’خطوط غالبؔ‘شائع ہوچکے ہیں۔ ان کے علاوہ قاضی عبد الودود اور مالک رام کا نام بھی غالبؔ کے مکاتیب کے حوالے سے معتبر اور تاریخ میں نمایاں ہے۔ غالبؔ کے مکاتیب کے حوالے سے ہندوستان کے معروف ادیب و دانشور ڈاکٹر خلیق انجم کو غالبؔ پر اعلا درجے کی تحقیق کرنے والوں میں شمار کیا جات ہے۔اس موضوع پر ان کی اولین کاوش ’’غالب کی نادر تحریریں‘‘ تھی اس کے بعد ’’غالب اور شاہان تیموریہ‘‘ 1974ء میں اور’ ’ غالب کچھ مضامین‘‘ منظر عام پر آئیں۔مکا تیب ِ غالبؔ کے حوالے سے ڈاکٹر خلیق انجم کی قابل قدر تحقیق ’’غالب کے خطوط ‘‘پانچ جلدوں پر مشتمل جن میں پانچویں جلدخطوط غالب کی تاریخ وار فہرست ہے ہندوستان کے علاوہ پاکستان سے انجمن تر قی اردو نے یکے بعد دیگرے شا ئع کیں۔ جلد اول و جلد دوم 1989میں، جلد سوم 1990ء، جلد چہارم 1995ء اور جلد پنجم یعنی اشاریہ 2000ء میں منظر عام پر آئیں۔ ان جلدوں کا مطالعہ
انجمن ترقی اردو پاکستان کے کتب خانے واقع گلشن اقبال میں کیا جاسکتا ہے۔

شاعری ، مکتوبات کے علاوہ تقریظ یا دیباچہ نگاری میں بھی غالب ؔ نے ایک نئی جہت کی روایت ڈالی۔ تقریظ عام طور پر تعریف و توصیف تصور کی جاتی تھی اور اب بھی اسی قسم کی صورت حال ہے۔ کتاب کا مصنف کسی دوسرے شخص سے اپنی کتاب پر دیباچہ یا تقریظ اس عرض سے ہی لکھواتا ہے کہ تقریظ لکھنے والا کتاب اور صاحبِ کتاب کی تعریف اور توصیف ہی لکھے گا۔ لیکن غالبؔ نے ایسا نہیں کیا بلکہ اس کا عمل سچائی اور ایمانداری کے ساتھ تقریظ لکھنے کی جانب عمل کر کے دکھایا۔رضا علی عابدی نے اپنی تصنیف’کتابیں اپنے آباء کی‘ میں لکھا ہے کہ ۱۸۰۴ء میں شائع ہونے والی کتاب میر امن کی ’’باغ و بہار ‘‘ تھی یہ ہندوستانی پریس کلکتہ سے شائع ہوئی تھی ۔ اس کتاب کا دیباچہ ’جان گلکرسٹ کا تحریر کردہ ہے۔ سرسید کی تصنیف ’’آثار الصنادید‘‘پہلی بار ۱۸۴۷ء میں’سید الاجنار‘ کے تحت جب کہ دوسری بار ’منشی نول کشور‘ لکھنؤ سے ۱۸۷۶ء میں شائع ہوئی ۔اس کتاب کے آخر میں تقریظیں شامل ہیں۔آثار الضنادید پر تقریظیں لکھنے والوں میں محمد مومن خان مومن،مولوی امام بخش صہبائی، مرزا اسد اﷲ خان غالبؔ اور محمد صدرالدین خان شامل ہیں۔یہ تقریظیں نظم اور نثر دونوں میں لکھی گئیں۔ مولانا حالی نے لکھا ہے کہ ’’دہلی کے جن نامور لوگوں کی تقریظیں آثار الصنادید کے آخر میں درج ہیں انہوں نے آئین اکبری پر بھی نظم یا نثر میں تقریظیں لکھی تھیں مگر آئین کے آخر میں صرف مولانا صہبائی (مولانا امام بخش صہبائی) کی تقریظ چھپی ہے‘‘۔

حالیؔ ’’حیات جاوید ‘‘ میں لکھتے ہیں کہ سر سید احمد خان نے اپنی کتاب ’آئینِ اکبری‘ ۱۸۵۵ء میں مکمل کی۔ انہوں نے محسوس کیا کہ مرزا اسد اﷲ خان غالبؔ ایک ایسی شخصیت ہیں کہ جو ان کی اس علمی کا وش اور محنت کو قدر کی نگاہ سے دیکھیں گے۔ سر سید نے مرزا غالبؔ سے رابطہ کیا کہ وہ اس کتاب کی تقریظ (اس وقت کی روایت کے مطابق ثنائیہ پیش لفظ) تحریر کردیں۔غالبؔ نے سر سید کی حوصلہ شکنی نہیں کی بلکہ ان کی کاوش کو وقعت کی نگاہ سے دیکھا ۔ غالبؔ نے کتاب کا احاطہ کرتے ہوئے اپنے طور پر ایک اصلاحی نظم لکھی جو فارسی میں تھی۔سرسید نے اس تقریظ کو آئین اکبری میں شامل کرنا مناسب نہ سمجھا۔ یہ نظم سر سید کی کتاب آئینِ اکبری‘ کا پیش لفظ یا تقریظ ضرور ہے لیکن اس کتاب کا حصہ نہیں۔ یہ دیباچہ یا مثنوی تعریفی نہیں بلکہ اس میں مصنف کی سرزنش بھی کی گئی اور بہت سے مفید مشورے غالبؔ نے سرسید کو دئے۔ دیباچہ نگاری کے سفر میں یہ اہم پیش رفت تھی اور غالب ؔ کی جانب سے دیباچہ نگاروں کو یہ پیغام بھی تھاکہ دیباچہ یا تقریظ صرف ثنائی ہی نہیں ہونی چاہیے بلکہ اصلاحی یا تنقیدی بھی ہوسکتی ہے۔ دیباچہ نگار تصنیف میں کوئی کمی یا خامی محسوس کرے تو بلا تردد اس کا اظہار بھی کردے۔ غالبؔ کی یہ نظم’’کلیاتِ غالب‘‘ کے علاوہ سبط حسن کی کتاب ’نویدِ فکر‘ میں شامل ہے۔مرزا غالبؔ کی تقریظ کوسرسید نے قصداً نہیں چھپوایا۔ اس تقریظ میں مرزا نے ظاہر کیا ہے کہ ابو الفضل کی کتاب اس قابل نہ تھی کہ اس کی تصحیح میں اس قدر کوشش کی جائے۔ ڈاکٹرجمیل جالبی نے اپنی کتاب ’تاریخ ادبِ اردو‘ جلد چہارم میں بھی اس مثنوری کا ذکر کیا ہے۔مرزا غالبؔ کے علاوہ مصطفےٰ خاں مرحوم نے بھی آئین اکبری پر تقریظ لکھی جو کتاب میں شامل نہ ہوسکی۔

بڑے شاعروں اور ادیبوں پر لکھے جانے کا تجزیہ کیا جاتا ہے تو یہ بات عام طور پر سامنے آتی ہے کہ غالبؔ پر بہت لکھا گیا، مختلف پہلوؤں سے لکھا گیا۔ حالانکہ غالبؔ نے نہیں معلوم دل کے پہلانے کوکہا ، یا اس شعر سے وہ اپنے بارے میں لکھنے والوں کو متوجہ کرنا چاہتے تھے ؂
نہ ستائش کی تمنا ، نہ صلے کی پروا
گرنہیں ہیں میرے اشعار میں معنی نہ سہی

غالب ؔ پربہت لکھا گیا، لکھا جارہا ہے اور آئندہ بھی مختلف زاویوں سے لکھنے اور تحقیق کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ذیل میں غالب ؔکے چند ضرب المثل اشعار پیش ہیں
ان کے دیکھے سے جو آجاتی ہے منہ پر رونق
وہ سمجھتے ہیں کہ بیمار کا حال اچھا ہے
کھُلتا کِسی پہ کیوں مرے دل کا معاملہ
شِعروں کے انتخاب نے رُسوا کیا مجھے
اپنی گلی میں مجھ کو نہ کر دفن بعدِ قتل
میرے پتے سے خلق کو کیوں تیرا گھر ملے
استادِ شہ سے ہو مجھے پُر خاش کا خیال
یہ تاب یہ مجال یہ طاقت نہیں مجھے
بُلبل کے کاروبار پہ ہیں غندہ ہائے گُل
کہتے ہیں جِس کو عشق خلل ہے دماغ کا
پنہا تھا دامِ قریب آشیانے کے
اڑ نے نہ پائے تھے کہ گرفتار ہم ہوئے
حیراں ہوں دل کو روؤں کہ پیٹو جگر کو میں
مقدور ہو تو ساتھ رکھوں نوحہ گر کو میں
ڈھانپا کفن نے داغِ عیوبِ برہنگی
میں ورنہ ہر لباس میں ننگِ وجود تھا
صادق ہوں اپنے قول میں غالبؔ خدا گواہ
مہتا ہوں سچ کہ جُھوٹ کی عادت نہیں مجھے
قیدِ حیات و بندِ غم، اصل میں دونوں ایک ہیں
موت سے پہلے آدمی غم سے نجات پائے کیوں؟
قاصد کے آتے آتے خط اک اور لکھ رکھوں
میں جانتا ہوں وہ جو لکھیں گے جواب میں
قید میں یعقوب نے لی، گو نہ یوسف کی خبر
لیکن آنکھیں روزنِ دیوارِ زنداں ہوگئیں
کعبہ کس منہ سے جاؤ گے غالبؔ
شرم تم کو مگر نہیں آتی
میں بھی منہ میں زباں رکھتا ہوں
کاش پوچھو کہ مدعا کیا ہے؟
نکلنا خُلد سے آدم کا سنتے آئے تھے لیکن
بہت بے آبرو ہوکر ترے کوچے سے ہم نکلے
نکتہ چین ہے غمِ دل اس کا سنائے نہ بنے
کیا بنے بات جہاں بات بنائے نہ بنے

میر انیسؔ نے مرزا کے انتقال پر انہیں منظوم خراج تحسین کچھ اس طرح پیش کیا ؂
گلزارِ جہاں سے باغ جنت میں گئے
مرحوم ہوئے جوارِ رحمت میں گئے
مداحِ علی کا مرتبہ اعلیٰ ہے
غالب اسد اﷲ کی خدمت میں گئے
 

image


شاعر مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبال ؔ کا زمانہ غالبؔ کے بعد کا ہے۔20صدی اقبال کی صدی ہے، اقبال نے غالبؔ کو منظوم خراج تحسین پیش کیا جو ہر اعتبار سے اپنی جگہ اعلیٰ و منفرد ہے۔ اس منظوم خراج عقیدت کی ایک خوبی یہ بھی ہے کہ اس میں اقبالؔ نے غالبؔ کی تعریف و توصیف کے ساتھ ساتھ ایک شعر میں اُردو کی حالت زار کا حقیقی منظر پیش کیا ہے۔اقبال ؔ کا یہ منظوم خراج تحسین ’بانگِ درا‘ میں موجود ہے۔ اقبال کی اس نظم کا عنوان مرزا غالب ہے ؂
فکرِ انسان پر تری ہستی سے یہ روشن ہُوا
ہے پر مرغِ تخیل کی رسائی تا کُجا
تھا سر اپا روح تُو ، بزم سخن پیکر ترا
زیبِ محفل بھی رہا محفل سے پنہا بھی رہا
دید تیری آنکھ کو اس حُسن کی منظور ہے
بن کے سوز زندگی ہر شے میں جو مستور ہے
محفل ہستی تری بریط سے سرمایہ دار
جس طرح ندی کے نغموں سے سکوتِ کوہسار
تیرے فردوس تخیل سے ہے قدرت کی بہار
تیری کشت فکر سے اگتے ہیں عالم سبزہ وار
زندگی مضمر ہے تیر ی شوخیِ تحریر میں
تب گویائی سے جشن ہے لب تصویر میں
نطق کو سو نا ز ہیں تیرے لب اعجاز پر
محوِ حیرت ہے ثریا رفعتِ پرواز پر
شاہد مضمون تصدق ہے ترے انداز پر
خندہ زن ہے غنچۂ دلی گل شیراز پر
آہ ! تُو اُجڑی ہوئی دلی میں آرمِیدہ ہے
گُلشن ویمر میں تیرا ہم نوا خوابیدہ ہے
لُطف گویائی میں تیری ہمسری ممکن نہیں
ہو تخیل کا نہ جب تک فکر کامل ہم نشین
ہائے ! اب کیا ہوگئی ہندوستاں کی سرزمیں
آہ ! اے نظارہ آموز نگاہ نکتہ بیں
گیسوئے اُردو ابھی منت پذیر شانہ ہے
شمع یہ سودائی ِ دلسوزیِ پروانہ ہے
اے جہاں آباد ! اے گہوارۂ علِم و ہُنر
ہیں سراپا نالۂ خاموش تیرے بام و در
ذرے ذرے میں ترے خوابیدہ ہیں شمس و قمر
یوں تو پوشیدہ ہیں تیری خاک میں لاکھوں گہر
دفنن تجھ میں کوئی فخر روز گار ایسا بھی ہے؟
تجھ میں پنہا کوئی موتی آبدار ایسا بھی ہے؟

غالبؔ کیا خوب سچ کہہ گئے ؂
اُگ رہا ہے درو دیوار سے سبزہ غالبؔ
ہم بیاباں میں ہیں اور گھر میں بہار آئی ہے
 

YOU MAY ALSO LIKE:

The 150th death anniversary of classical Urdu poet Mirza Asadullah Baig Khan Ghalib was observed on Friday. Ghalib wrote hundreds of Ghazals during his life which have since been interpreted and sung in many different ways. Mirza Asadullah Baig Khan Ghalib is considered, in South Asia, to be one of the most popular and influential poets of the Urdu language.