عشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور السید احمد کبیر الر فاعی علیہ الرحمہ

اللّٰہ رب العزت کے نیک و صالح بندے وہی ہوتے ہیں جن کا ایمان کمال انتہا کو پہنچا ہوتا ہے،اورایمان انھیں کا مضبوط اور کمال تک پہنچتا ہے جو عشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم پرئ کھرے اترتے ہیں- اللہ تعالیٰ ان کے ایمان کو مضبوط اور صاف وشفاف رکھتاہے اور اور ان کی روحانی طاقت و توانائی میں اضافہ فرماتا ہے،نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے

ترجمہ: پانچ امور کو بحسن وخوبی انجام دینے کا نام اسلام ہے:(1) اس بات کی شہادت دینا کہ اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی معبود نہیں اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کے رسول ہیں-(2) نماز قائم رکھنا،(3) زکوٰۃ دینا،ماہ رمضان المبارک کے روزے رکھنا،(4)اگر خانہ کعبہ تک جانے کی استطاعت ہو تو حج کرنا -(مشکاۃالمصابیح٫ حدیث جبریل) اورایمان کے بارےمیں خبر دیتے ہوئے حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:ایمان یہ ہے کہ تم اللہ جل شانہ ،اور اس کے فرشتوں، اس کے رسو لوں اور یوم آخرت پر ایمان لاؤ اور تقدیر کے خیروشر پر ایمان رکھو-ایسے ہی نیک صفت انسانوں کو"ولی"اور"صوفی" کہا جاتا ہے-مشہور بزرگ شیخ شریف جر جا نی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں کہ" ولی"وہ ہے جو حتی الامکان اللہ کی ذات و صفات کا عارف،اور اللہ کی اطاعت پر ہمیشہ کار بند رہے، گنا ہو ں سے دوری اور دنیاوی لذتوں وشہوتوں سے دور رہے -اللہ کا ہر "ولی" صوفی ہو تا،ہر ولی مومن کا مل سچا عاشق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہو تا ہے-6 صدی ھجری میں جن نفوس قدسیہ نے اپنی با برکت وجود ایک جہاں کو فیضاب کیا ہے ،ان میں ایک مبارک نام *السید احمد کبیر الرفاعی علیہ الرحمہ قدسرہ* کا نام بھی شامل ہے آپ کی پوری زندگی مبارکہ خدمت خلق اور اللہ کی مخلوقات کو پہچا نا اور عشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیم دینا ،عشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم میں ساری زندگی گزارنا آپ کا خاص وطیرہ رہا-

*ایمان کی جان محبت رسول صلی اللہ علیہ وسلم*: نبی کریم ﷺ نے فرمایا:قال : قال النبی ﷺ :ولایومن احدکم حتیٰ أکون احب الیہ من والدہ وولدہ والناس اجمعینترجمہ: نبی کریم ﷺ نے فرمایا تم میں سے کوئی شخص ایمان والا نہ ہوگا جب تک اس کے والد اور اس کی اولاد اور تمام لوگوں سے زیادہ اس کے دل میں میری محبت نہ ہوجائے۔ (بخاری شریف، باب: رسول کریم ﷺ سے محبت رکھنا ایمان میں داخل ہے۔)راوی حضرت یعقوب بن ابراہیم، عبد العزیز بن صہیب، حضرت انس، حضرت آدم ابن ابی یاس نے حضرت معاذ رضی اللہ عنہ وغیرہ وغیرہ سے روایت فرمایا ہے۔ حدیث نمبر 15، 16،17،21،425۔مسلم شریف حدیث نمبر166، حدیث نمبر 240وغیرہ وغیرہ۔ احادیث کے ذخیرہ میں اور بھی احادیث کریمہ موجود ہیں ، مطالعہ فرمائیں ۔

قرآن کریم میں بھی ایمان کی جان محبت رسول ہی بتایا گیا ہے۔ قُل ْاِنْ کَانَ آبَا وُ کُمْ وَاَبْنَائُ کُمْ وَاِخْوَانُکُمْ وَاَزْوَاجُکُمْ وَعِشِیْرَ تُکُمْ۔۔۔۔۔۔الخ (القرآن سورہ توبہ، آیت 9) ترجمہ: تم فرماؤ اگر تمہارے باپ اور تمہارے بیٹے اور تمہارے بھائی اور تمہاری عورتیں اور تمہارا کنبہ اور تمہاری کمائی کے مال اور وہ سودا جس کے نقصان کا تمہیں ڈر ہے اور تمہارے پسند کے مکان یہ چیزیں اللہ اور اس کے رسول اور اس کی راہ میں لڑنے سے زیادہ پیاری ہوں تو راستہ دیکھو یہاں تک کہ اللہ اپنا حکم لائے اور اللہ فاسقوں کوراہ نہیں دیتا۔(کنز الایمان) دوسری جگہ سورہ آل عمران کی آیت مبارکہ 31،32،33 پھر سورہ نساء آیت 64 وغیرہ وغیرہ۔ قرآن کریم واحادیث میں بہت جگہ یہ حکم موجود ہے۔ (خوش عقیدوں کے لئے اتنا ہی کافی ہے فاسقوں ، بد عقیدوں کے لئے اللہ سے ہدایت کی دعا ہے)صحابہ کرام، تابعین، تبع تابعین، ائمہ مجتہدین و بزرگان دین، اولیاء کرام کی محبت رسول وعشقِ رسول کے بہت سے واقعات مستند کتابوں میں موجود ہیں ۔ دلِ بینا و عشقِ رسول سے بھرا سینہ ہوجائے تو توفیق و ہدایت سے نصیبہ میں اضافہ ہوگا۔

اولیاء کرام اور صوفیا بزرگوں کی تو بات ہی نرالی ہے۔ اللہ سے عشق اور محبت رسول کی ہی وجہ سے تو ان پر انعامات کی بارشیں ہوئی ہیں اور آج بھی جاری و ساری ہیں ۔ صوفیا بزرگوں کی بیاض (Diary)میں بہت دلچسپ واقعات صاحبِ بصیرت کے لئے سبق آموز ہوں گے۔ مشہور بزرگ عارف باللہ، سیدی علامہ احمد برنسی معروف بہ شیخ رزوق رحمۃ اللہ علیہ 899 ہجری ماہ صفر، 1493عیسوی اپنی کتاب (الجمع بین الشریعۃ والحقیقۃ) میں فرماتے ہیں کہ تصوف کی تقریباً دوہزار تعریفیں اور تفسیریں آئی ہیں ۔ ان سب کا حاصل اللہ تعالیٰ کی طرف سچی توجہ ہے جس شخص کو مولائے کریم کی طرف سچی توبہ اور رسول سے محبت حاصل ہے اسے تصوف کا ایک حصہ حاصل ہے۔ (فقہ و تصوف 94،95 مصنف شاہ عبد الحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ۔ ترجمہ علامہ محمد عبد الحکیم شرف قادری، اعتقاد پبلشنگ ہاؤس، دہلی)مشہور بزرگ حضرت جنید بغدادی رحمۃ اللہ علیہ سے تصوف کے بارے میں پوچھا گیا تو آپ نے فرمایا:(1) مخلوقات کی موافقت سے دل صاف کرنا(2) طبعی یا نفسانی اوصاف سے جدا ہونا(3) نفسانی خواہشات سے گریز کرنا(4) روحانی صفات کا طلبگار ہونا(5) حقیقی علوم سے متعلق ہونا(6) دائمی اچھے کاموں کا اختیار کرنا(7) تمام امت کا خیر خواہ ہونا(8) حقیقی طور پر اللہ تعالیٰ کا وفادار ہونا (9) شریعت میں رسول اللہ ﷺ کا پیروکار ہونا(10) اور شریعت کی تمام صفات اور برکات کا حامل ہونا وغیرہ وغیرہ۔ (فقہ تصوف صفحہ 93،94، مصنف شاہ عبد الحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ)

آج کے صوفیوں کو تصوف کی صحیح تعلیم پر نظر رکھناچاہئے۔ علم وعمل کے ساتھ رسول اللہ ﷺ کی شریعت کا پابند ہونا انتہائی ضروری ہے ورنہ سب بیکار ہے۔

*بار گاہ رسول اللہ ﷺ کے در پر حاضری*: کون ایسا مسلمان ہے جو آقا کے در پر حاضری کا خواہاں نہ ہو ،ہر عاشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے نزدیک شہر رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی الفت ومحبت اور چا ہے جزو ایمان ہے،عظمت مصطفیٰ،محبت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کے بغیر کوئی مومن ہو ہی نہیں سکتا چاہے وہ رات دن سجدے کرتا رہے، اعلیٰ حضرت مولانا ا حمد رضا خان بریلوی اپنے عشق کا یوں اظہار کرتے ہیں،*جان ہے عشق مصطفیٰ روز فزوں کر ے خدا=جس کو ہو درد کا مزہ ناز داوا اٹھا ئے کیوں،پھر کے گلی گلی تباہ ٹھو کریں سب کی کھائے کیوں* = *دل کو جو عقل دے خدا تری گلی سے جائے کیوں _ *سنگ درے حضور سے ہم کو خدا نہ صبر دے=جانا ہے سرکو جا چکے دل کو قرار آئے کیوں*, یوں تو بزرگوں کو حضور کی زیارت نصیب ہوتی رہتی ہے پر عاشقوں کی بات ہی نرالی ہے وہاں جاکر بالمشافہ ملاقات یہ تو اللہ کی نعمت ہی ہے اور رسول ﷺ کی عنایت ہی تو ہے۔ شاہ مدینہ کے در پر حاضری کا تصورآہاآہاآہا۔۔۔۔کوئی کیا لکھے کیا بتائے سب کو حضور سے محبت کے اعتبار سے انعام سے نوازا جاتا ہے۔ کوئی بھی خالی نہیں لوٹتا۔ ناچیز بھی حج کی سعادت سے بہرہ ور ہوچکا ہے اور حضور کے در پر حاضری بھی نصیب ہوئی۔ اے کاش، حضور کرم فرمادیں پھر بلاوا آجائے آمین!
*ادب گاہیست زیر آسماں از عرش نازک تر*
*جنیدو بایزید ایں جا نفس گم کردہ می آید*

دربار رسول پر حاضری جہاں جنید وبایزید اور بڑے بڑے ولیوں کی سانسیں تھم جاتی ہیں بن مانگے جھولیاں بھر جاتی ہیں پر مانگنے والے بھی خوب ہیں اور کیا مانگتے ہیں اور کیسے نوازے جاتے ہیں ، مطالعہ فرمائیں ۔ بہت سی کتابوں کے مصنف حضور علامہ جلال الدین سیوطی رحمتہ اللہ علیہ کی مشہور تفسیر جلالین شریف جو کہ ہر مکتبہ فکر کے مدرسوں میں علمائے کرام کو پڑھائی جاتی ہے، نو یں صدی(791۔864 ہجری) کے بزرگ جلالۃ المحلی جنہوں نے جلالین شریف کے شروع کے پندرہ پاروں کی تفسیر فرمائی پھر بعد کے پندرہ پاروں سے آخر تک حضور علامہ جلال الدین سیوطی رحمتہ اللہ علیہ جو دسویں صدی ہجری (791۔911) نے اپنی کتاب ’’الحاوی‘‘ شریف میں تحریر فرماتے ہیں کہ حضرت شیخ السید احمد کبیر الرفاعی رضی اللہ عنہ جو مشہور بزرگ اکابر صوفیا میں سے ہیں ان کا واقعہ مشہور ہے کہ جب وہ 555ہجری میں حج سے فارغ ہوکر سرکار اعظم ﷺ کی زیارت کے لئے مدینہ طیبہ حاضر ہوئے اور قبر انور کے سامنے کھڑے ہوئے تو دو شعر پڑھے۔

*ِفیْ لَۃِ الْبُعْدِ رُوْحِیْ کُنْتُ اُرْسِلُھَا*
*تُقَبِّلُ الْاَرْضَ عَنِّیْ وَھِیَ نَائِبَتِیْ*

ترجمہ: یعنی میں دور ہونے کی حالت میں اپنی روح کو خدمت مبارکہ میں بھیجا کرتا تھا جو میری نائب بن کر حضور کے آستانہ ٔ مقدسہ کو چوما کرتی تھی۔

*وَھٰذِہٖ دَوْلَۃُ الْاَشْبَاحِ قَدْ حَضَرَتْ*
*فَاَمْدُ یَمِیْنَکَ کَیْ تَخَطّٰی بِھَا شَفَتِیْ*

ترجمہ:یعنی اب جسموں کی حاضری کا وقت آیا ہے،لہٰذا اپنے دست اقدس کو عطا فرمائیے تاکہ میرے ہونٹ اس کو چومیں ۔

شاہ من سلطان عالم سید احمد کبیررفاعی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کی اس عرض پر سرکارِ اقدس ﷺ نے قبر انور سے اپنے دست مبارک کو باہر نکالا جس کو آپ نے چوما۔ البیان المشید میں ہے کہ اس وقت کئی ہزار کا مجمع مسجد نبوی میں تھا جنہوں نے اس واقعہ کودیکھا اور حضور کے دستِ اقدس کی زیارت کی۔ ان لوگوں میں محبوب سبحانی حضرت سیدنا شیخ عبد القادر جیلانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا نام نامی بھی ذکر کیا جاتا ہے۔ آپ کی آرام گاہ مزار پاک عراق میں ہے سبحان اللہ سبحان اللہ !!(فقہ و تصوف 94،95 مصنف شاہ عبد الحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ، ترجمہ علامہ محمد عبد الحکیم شرف قادری، اعتقاد پبلشنگ ہاؤس، دہلی۔ خطبات محرم صفحہ 45 مصنف حضرت فقیہ ملت مفتی جلال الدین احمد امجدی، کتب خانہ امجدیہ، دہلی) خانقاہ رفاعیہ، بڑودہ شریف گجرات الھند میں آپ کی اولاد میں سے حضور سید فخرالدین غلام حسین المعروف امیر میا ں ر فاعی رحمۃ اللہ علیہ آرام فرما ہیں جہاں لاکھوں فرزندان توحید آپ کے فیضان کرم سے مالا مال ہورہے ہیں اور ماہ ربیع الاول 29 تاریخ کو آپ کا عرس نہایت تزک و اہتمام کے ساتھ منایا جاتا ہے، اس سال 7دسمبر 2018ءبمطا بق 29 ربیع الاول 1440ھ کو 178 واں عرس نہایت تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا، خانقاہ رفاعیہ ہندوستان کے مشہور و معروف اور قدیم خانقاہوں میں سے ہے۔ خانقاہ کے زیر اہتمام کئی اسکول اور انگلش میڈیم اسکول بھی چل رہے ہیں اس سے ہزاروں لوگ دین و دنیا کے علم سے آراستہ ہورہے ہیں ۔ حضور سیداحمد کبیر الرفاعی علیہ الرحمہ انتہائی با اخلاق اور مخلوق خدا پر رحم کرتے ،کیوں کہ اسلام میں انسانی عظمت کو بہت اہمیت دی گئی ہے آپ اپنے منقولات میں فرماتے ہیں: اے فرزندِ دلبند! پانچ 5 چیزیں آخرت کی بھلائی کے لیے ہیں-1 الله کا ڈر،2 اس کے لیئے عاجزی،3 خاکسار ی ،4 حسن اخلاق،5 اور دل میں راج کرنے والا زہد و تقویٰ-یعنی اے برادر عزیز! اللہ کی مخلوق کے ساتھ جس قدر آداب و اخلاق ، محبت کے ساتھ پیش آسکتے ہو، پیش آیا کرو-اپنے والدین کریمین پر شفقت و رحمت کی بھرپور نگاہ ڈالا کرو رشتہ داروں کے بندھن کو جوڑ ے رکھو-پڑوسیوں کو ٹوٹ کر چاہو، اور ان کے لییے رحمت کے پیکر بنے رہو ،دیکھنے والے لا کہے کہ یہ اخلاق مصطفیٰ کا نمو نہ معلوم ہوتا ہے-یعنی اے(برادر عزیز،بار دیکر کہتا ہوں کہ)ہمسایہ کے ساتھ اچھائی و بھلائی سے آنا- مصطفیٰ جانِ رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے- آج کے بزرگوں و صوفیوں کو مخلوق خدا پر رحم و کرم کا سلسلہ رکھنا چاہیے اور تصوف کی صحیح تعلیم پر نظر رکھنا چاہیئے۔علم و عمل کے ساتھ رسول اللہ ﷺ کی شریعت کا پابند ہونا بھی انتہائی ضروری ہے۔ تبھی اللہ ورسول کی محبت کا انعام ملے گا - ان اللّٰہ والوں پر اللہ کا خاص کرم ہے اور
یہ ہے اللہ سے عشق و رسول اللہ کی محبت کا انعام۔ اللہ بزرگوں کے طفیل ہم سب کو مدینہ کی حاضری نصیب فرمائے۔ ان اللہ والوں کے صدقے ہم سب کو حضور کے دیدار سے مشرف فرمائے اور خدائی اطاعت و رسول اللہ ﷺ کی محبت سے ایمان کو منورو مجلّی فرمائے۔آمین، ثم آمین !
 

Mohammad Hashim Quadri Misbahi
About the Author: Mohammad Hashim Quadri Misbahi Read More Articles by Mohammad Hashim Quadri Misbahi: 167 Articles with 177844 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.