پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے انڈین کرکٹ ٹیم کے خلاف کارروائی کرنے
کا مطالبہ کیا ہے۔
ان کا یہ مطالبہ انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان رانچی میں کھیلے جانے والے
ایک روزہ کرکٹ میچ کے بعد سامنے آیا ہے۔
|
|
واضح رہے کہ انڈین کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے خلاف رانچی میں کھیلے جانے والے اس
میچ میں انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے پلوامہ حملے میں ہلاک ہونے
والے سکیورٹی فورسزکے اہلکاروں کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے فوجی ٹوپی پہن
کر میدان میں اتری تھی۔
فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر میں اپنے بیان میں کہا 'یہ
کرکٹ نہیں ہے، میں امید کرتا ہوں کہ جینٹل مینز گیم کو سیاست کی نذر کرنے
پر آئی سی سی کارروائی کرے گی۔‘
انھوں نے کہا 'اگر انڈین کرکٹ ٹیم کو نہیں روکا گیا تو پاکستانی کرکٹ ٹیم
کو کشمیر میں انڈین مظالم کے حوالے سے دنیا کو باور کرانے کے لیے سیاہ
پٹیاں پہن لینی چاہیے۔‘
|
|
انھوں نے اپنے بیان میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پر زور دیتے ہوئے کہا
'میں پی سی بی پر زور دیتا ہوں کہ وہ باقاعدہ احتجاج کرے۔‘
اس سے پہلے انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اپنی ٹویٹ میں کہا تھا 'انڈین
ٹیم پلوامہ دہشت گرد حملے میں ہلاک اور مسلح افواج کے ساتھ اظہار یک جہتی
کے لیے کیموفلاج کیپ پہنے گی۔‘
|
|
اس میچ کی خاص بات انڈین ٹیم کی جانب سے میچ کے دوران روایتی نیلی ٹوپی کے
بجائے فوجی ٹوپی پہنن کر میچ کھیلنا تھا۔
آسٹریلیا اور انڈیا کے درمیان رانچی میں کھیلے گئے اس ایک روزہ میچ سے قبل
سابق کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے انڈین ٹیم کے کھلاڑیوں میں فوجی کیپ تقسیم
کی جس پر انڈین کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کا لوگو بھی بنا ہوا تھا۔
آسٹریلیا اور انڈیا کے درمیان رانچی میں کھیلے جانے والے سیریز کے تیسرے
ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستانی نژاد آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ
کی 104 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت انڈیا کو 32 رنز سے شکست دی۔
آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر
313 رنز بنائے جس میں عثمان خواجہ کی 104 رنز کی شاندار اننگز کے علاوہ
کپتان ایرون فنچ کے 93 اور گلین میکسویل کے 47 رنز بھی اہم تھے۔
|
|
آسٹریلیا نے انڈیا کو 314 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں فوجی کیپ پہن کر
کھیلنے والی انڈین ٹیم ابتدا میں ہی مشکلات کا شکار ہو گئی۔
انڈیا کے روہت شرما، شیکھر دھون اور امباتی رائیڈو 27 رنز کے مجموعی سکور
پر پویلین لوٹ گئے تھے تاہم انڈین کپتان وراٹ کوہلی نے 123 رنز بنا کر اپنی
ٹیم کو جتوانے کی کوشش کی لیکن وہ اس میں ناکام رہے اور انڈیا کی پوری ٹیم
281 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
|