دیار دوستاں

رومی ء کشمیر میاں محمد بخش گوجر نے کیا خوب کہا ہے کہ پردیسی سے ککھ بھی بھارے ہوتے ہیں پر کاہ یعنی گھاس کا ایک تیلا اور وہ بھی پردیسی سے بھارا۔میں نے کوئی پچیس سال ملک سے باہر گزارے ہیں۔ایک بار ظفر بیگ نے بتایا کہ کہ میں ایک تنگ گلی میں چلا گیا میری گاڑی کے سامنے ایک سعودی کی گاڑی آ گئی میں نے ہیڈ لائٹ دی اور مقابلے میں اس نے بھی لائٹ دی پھر میں نے ہارن بجا دیا تجسس بڑا تو پوچھا کیا ہوا ؟بیگ صاحب نے کہا اس نے گاڑی کا شیشہ ڈاؤن کیا اور میری طرف دیکھا وہ سعودی تھا میں نے پھر سوال کیا کہ پھر کیا ہوا اس نے کہا ہونا کیا تھا میں نے گاڑی واپس کر لی۔

قارئین ناصر ناکا گاوا سے بلمشافہ ملاقات کبھی نہیں ہوئی اور نہ ہی میں نے انہیں کبھی اس شوق سے پڑھا ہے۔البتہ گزشتہ دو دہائیوں سے اردو نیٹ جاپان کو جدہ سے کالم بھیجتا رہا ہوں آج کل بھی میرے کالم میری روداد حیات وہاں چھپتی ہے۔نسیم سحر کی طرح میں بھی اپنی نگارشات سب کو بھیج دیتا ہوں۔جو چھاپ دے کبھی اس کا شکریہ ادا نہیں کیا جو نہ چھاپے اس سے گلہ نہیں۔البتہ جو شخص مجھے کتاب بھیجتا ہے میں اس پر لکھتا ضرور ہوں میں ان لوگوں میں سے ہوں جو مفت کی کتاب پڑھنے کے شوقین ہیں کبھی کبھار مولوی صاحب کی طرح غیر حلال بھی کھا لیتا ہوں مراد ہے خرید لیتا ہوں۔دیار دوستان کو پڑھا چلی یوگنڈا بحرین کے سفر نامے پڑھے اچھے لگے ناصر ایک کامیاب جاپانی ہو گئے ہیں بندہ جہاں بھی جائے وطن کی مٹی تو اس کے ساتھ ساتھ ہوتیی ہے جاپان میں مقیم ہمارے اس بھائی نے یوگنڈا کی بھی سیر کرائی ہے۔چلی میں مقیم پاکستانیوں کا تذکرہ کیا کبھی ہم بھی لکھاریوں کی پزیرائی کرتے تھے ان کے ملکوں رانوں اور چودھریوں کی طرح ہم بھی عطاء الحق قاسمی امجد اسلام امجد احمد فراز انور مسعود مجید نظامی ضیاء شاہد اور ایسے ہی کئی عظیم لوگوں کے اعزاز میں تقریبات کیا کرتے ۔ایسی تقریبات جو ہماری تنظیم حلقہ ء یاران وطن ہی کر سکی یا پھر اردو مرکز نے کیں۔ناصر صاحب ان ملکوں کی یاترا کو گئے۔جب وہ بحرین میں بیٹھ کر الخبر کو دیکھ رہے تھے تو مجھے ایسا محسوس ہوا وہ میرے قیام زدہ شہر الخبر اور دمام کو دیکھ رہے ہیں وہ شہر جہاں میرا بیٹا شکیل پیدا ہوا اور وہ میکڈونلڈ جہاں بیٹھ کر بحرین نظر آتا تھا وہ یاد کرا دیا بحرینی سعودیوں سے کم خوش حال ہیں ملک فہد پل جو کوئی بیس کلو میٹر لمبا ہے یہ میرے قیام کے دوران اسی کی دہائی میں بنا ہے جمعرات کی شام بحرینی دمام کے بازاروں میں کل شئی خمسۃ ریال کی دکانوں پر نظر آتے تھے۔بس مجھے اس بات کا دکھ ہے کہ وہ ارض حرمین کے پاس سے ہو کر چلے آئے کیا ہی اچھا ہوتا ناصر عمرہ بھی کر آتے۔مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو ہاتھ لگا کر چلے آنا اچھا نہیں لگا۔مجھے یہاں محمت کادیالی ایک ترک یاد آ گئے جو اسی کی دہائی میں مکہ روڈ کلو عشرہ میٹسوبیشی کی ڈیلر شپ پر آئے جہاں سے مکہ مکرمہ بیس منٹ کی مسافت پر تھا کہا محمت جو محمد کا ترکی ورزن ہے مکہ نہیں جاؤ گے؟کہا Next timeاﷲ پاک نیکسٹ تائم کے مواقع کم ہی دیتا ہے۔مجھے نہیں علم کے ناصر مکہ گئے ہیں یا نہیں لیکن جو کتاب کہتی ہے وہ چلی یوگنڈا دبئی اور بحرین دوحہ عمان گئے مگر دنیا کی بہترین دھرتی سے محروم رہے ورنہ سفر نامے میں ضرور ذکر ہوتا۔اﷲ پاک ہر مسلمان کو سعودی عرب لے جائے آمین
یہ بھی اﷲ کی دین ہوتی ہے کہ وہ کس کا رزق کہاں لکھتا ہے
نصیب طائعان خلد میں قرباں اس کبوتر پر
کہ جس کا آشیاں ہے گنبد خضراء کے سائے میں

بیرون ملک مقیم پاکستانی پاکستان کے ماتھے کا جھومر ہیں ککھوں ہولے ان لوگوں نے ہمالہ بن کے دکھایا ہے اقیقے شہر میں تانبے کی دھرتی میں سونا اگلتے یہ پاکستانی سلام تہنیئت کے لائق ہیں جو رایٹ ہینڈ گاڑیوں کو لیفٹ ہینڈ میں بدل رہے ہیں یعنی دوسرے معنوں میں جیسے لیفٹ کے سارے سرخے روس کی ہوا نکلنے پر رائٹ ہو گئے اپنے پرویز رشید کو ہی دیکھئے تمام عمر سرخے رہے اور بعد میں مسلم لیگ میں جا گھسے اور اسے بھی بد رنگ کر کے ہی چھوڑا۔

میں آٹو موبائل انجینئر ہوں دنیا کی بڑی کمپنیوں میں کام کرتا رہا ہوں جن میں جہگوار رینج روور پورش جنرل موٹرز بھی شامل ہے میں نے گاڑیوں کے ان شو رومز میں بیٹھے ان با کمال لوگوں کی کہانی پڑھ کر خوشی ہوئی باقی یہ جان کر حیرت ہوئی کہ سپینش میں مینڈک کو رانا کہتے ہیں ویسے رانا رانگڑ اور راجپوت کمال کے لوگ ہیں چونکہ پاکستانی رانوں سے ان کی ملاقات ہوئی ہو گی یہ لوگ کسی محفل میں نیچے نہیں بیٹھتے باتیں بہت کرتے ہیں شائد اسی لئے مینڈک کا نام رانا رکھ دیا۔اقیقے کے لوگوں کو کیسے پتہ چلا کہ مینڈک کا نام رانا رکھنا ہے یہ سوال ناصر کو وہاں کے کسی بڑھے بزرگ سے پوچھنا چاہئے تھا ۔چلی کے بارے میں جان کر حیرت ہوئی کہ وہاں بھی پاکستانی ہیں۔

نیل آرم سٹرانگ جب چاند پر گئے تو انہیں وہاں ایک پٹھان ملا جو وٹوانی کر رہا تھا نیل نے پوچھا تم یہاں کیا کر رہے ہو خان صاھب نے جواب دیا یہ جو گاڑی جس پر تم بیٹھ کے آیا ہے یہ ثمن خان کا ہے اور وہ ثمن خان میں ہوں۔دنیا کے دور دراز ملکوں میں وطن کے بیٹوں کو دیکھتا ہوں تو دل دکھی ہوتا ہے کہ ایک نوالہ خبز کے لئے ماؤں کے بچے کہاں کہاں چلے گے۔جب یہ سنتا ہوں کہ سوائے اسرائیل کے دنیا کے ہر ملک میں پاکستانی ہیں تو دل اس لئے دکھی ہوتا ہے کہ اس ملک کے وسائل کو ماں کا دودھ سمجھ کر پی جانے والوں نے ہمیں کہیں کا نہیں چھوڑا۔کتنے لوگ برفانی سمندروں میں مر کھپ گئے کتنوں کی کشتیاں الٹ گئیں یہ روپیہ ریال کے برابر تھا جب میں سعودی عرب گیا تو پونے تین روپے کا ریال تھا اب میرے شکیل اور دلدار کے دور میں چالیس کو پہنچنے ولاا ہے۔

اس خطے کے لوگوں کے نصیب میں پردیس لکھا ہے دو ہزار کے اوائل میں جب ملائشیا گیا تو وہاں شہداء کی یاد گار دیکھی جو نام کندہ تھے ان میں میرداد کالا خان شامل تھے جو اندھیرے راستوں پر انگریز کے کرائے کے سپاہی بن کر لڑے ۔مجھے نوے کے وہ سال یاد ہیں جب نواز شریف پاکستان کے وزیر اعظم بنے جدہ آئے تو میں نے بھرے جلسے میں سوال کیا میاں صاحب ہمارے سفارت خانے اور قونصلیٹ ہمیں دکھ دیتے ہیں ہمارے مسائل حل نہیں ہوتے میاں صاحب نے کہا انجینئر صاحب مجھے موقع مل گیا ہے میں انشاء اﷲ پاکستان کو بدل دوں گا آپ سب کو پاکستان لے جاؤں گا۔اس پر جو تالیاں بجیں وہ اب بھی گونجتی ہیں۔ناصر ناکا گاوا بھی اسی طرح کاخواب دیکھتے ہوں گے لیکن وہ جاپان کے ہو کر رہ گئے اس لئے کہ مادر وطن کو ایک سے ایک بڑھ کر چور ملا۔اب جب بہار آئی تو ہمارے کس کام کی جب کمر خمیدہ آنکھیں بوسیدہ ہو رہی ہوں دانت رسے کے پل کی مانند ہل رہے ہوں تو عمران خان کے آنے کا سواد کیا؟بہر حال ہماری نسلیں اگر آم کھا گئیں تو یہ بھی کمال ہو گا

ناصر نے ان پاکستانیوں کا بھی ذکر کیا ہے جو صرف مال کمانے کے لئے اپنے ریستوران کا نام انڈین ریسٹو رینٹ رکھتے ہیں۔ایسا کام ہم سے نہ ہو سکے وہ رمضان کی آخری رات گواہ ہے میں اور نور جرال ایک مارکیٹ سے کپڑے خرید کر لائے گھر آ کر پتہ چلا انڈین ہیں تو اﷲ قسم ہم نے واپس کر دئے یہ الگ بات ہے اب پورا پاکستان انڈین کنگن کی بات کرتا ہے انڈین زیورات کا گرویدہ ہے۔ایک بار تو یہ ہوا کہ ایک تقریب میں ایک انڈین گلو کار نے گانا گایا دل بھی پھر بھی ہندوستانی تو خواتین کی طرف سے پانی کی بوتل ماری گئی ہم نے تو وہ وقت گزارا ہے جانے یہ کیسے پاکستانی ہیں جن کا ذکر ناصر ناکا گاوا نے کیا ہے جو بیس ہزار روپے کی دیہاڑی کے لئے اپنے کاروباروں پر انڈیا کا جھنڈا لگاتے ہیں-

آج جب یہ تحریر لکھ رہا ہوں تو مجھے وہ دراز قد انجینئر تناکا یاد آ گیا جو میٹسوبیشی جدہ میں ہمارے ساتھ کام کرتا تھا ہنس مکھ تناکا گوبھی گوشت کا گرویدہ تھا فردوس ہوٹل کلو ۸ سے ہم کھانا منگواتے تھے جو برادر ملک سرفراز کا تھا۔تناکا جاتے ہوئے ترکیب ساتھ لے گیا کہ یہ کیسے بنتی ہے مجھے پورا یقین ہے جب وہ گوبھی گوشت کھاتا ہو گا تو پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگاتا ہو گا کہ برسوں وہ دوپہر کے کھانے میں ہمارا مہمان رہا۔اسی دیس کے ناصر ناکاگاوا کی یہ کتاب ان کے سفر ناموں کچھ کہانیوں اور کچھ سفر ناموں پر مشتمل ہے۔اس کتاب میں بہت سی تصویریں بھی ہیں جو انہوں نے اپنے پروفیشنل کیمرے سے کھینچ کر کتاب کی زینت بنائی ہیں۔

میں نے ان کے عظیم باپ کی جھلک دیکھی وہ واقعی اپنے باپ کی تصویر لگتے ہیں ایک شخص تنکہ چن چن کے گھونسلہ بناتا ہے اور وہ خوش نصیب بھی ہیکہ اس کی زندگی میں اس کے بچے اس کا سہارا بن گئے۔

جاپانیوں کی خوبیاں بہت ہیں وہ ایمان دار ہیں۔ناصر کا بٹوہ اسے مل گیا سنا ہے جاپان میں بٹوے مل جاتے ہیں پاکستان میں جنازوں میں بتوے نکال لئے جاتے ہیں۔زندگی میں دو بار بٹوہ غائب ہوا دونوں بار جنازے میں۔تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جب امام صاحب اعلان کرتے ہیں صفین باندھ لو تو میں بھی اونچی آواز میں کہتا ہوں بٹوہ بھی باندھ لو۔مسلمان ہوں گناہ سے ڈرتا ہوں اگر اﷲ معاف کر دے تو نماز کی نیت کے بعد یہ بھی فرض کرا دوں کے اپنے اپنے مال کا خیال کریں۔ویسے آئمہ اس پر غور کریں اعلان کر دیا کریں،
ناصر ناکا گاوا کی یہ کتاب بہت سی پند نصائخ پر بھی مشتمل ہے پاکستان میں ہونے والے جرائم کے بارے مین ان کی نصیحتیں نسکہ ء جانفزا ہیں ۔اﷲ پاک انہیں اپنے حبیب کا گھر دکھائے اور کسی دن اپنے خوبصورت طرز بیاں روداد لکھیں۔امید ہے وہ اپنی ساری کتابیں عنائت فرمائیں گے۔دوسری ایک تجویز سب کے سامنے رکھوں گا اور خصوصا اپنے بھائی کے لئے کہ وہ اردو نیٹ کے بانی ہیں انہیں اپنے لکھاریوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کی تحریروں پر مبنی کالموں کو کتابی شکل دینی چاہئے
 

Engr Iftikhar Ahmed Chaudhry
About the Author: Engr Iftikhar Ahmed Chaudhry Read More Articles by Engr Iftikhar Ahmed Chaudhry: 418 Articles with 323790 views I am almost 60 years of old but enrgetic Pakistani who wish to see Pakistan on top Naya Pakistan is my dream for that i am struggling for years with I.. View More