ہم بظاہر ترقی کی جانب بڑھ رہے اور اپنی ریاست کے باشندوں
کو باشعور بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اسی دوران جدیدیت کو اپنانے کے ساتھ
ہماری نوجوان نسل اخلاقیات کو چھوڑ کر بے ادبی اور غیر اخلاقی کردار کا
مظاہرہ کر رہی ہے۔ جس کی وجہ باکردار اور قابل احترام لوگ بھی بدنام ہوجاتے
ہیں۔ شہر قائد سمیت پاکستان کی تمام عوامی جگہوں پر آوارہ نوجوان بسوں،
سڑکوں، بازاروں اور تفریحی مقامات پر ہماری ماؤں، بہنوں کو آنکھوں اور
مختلف طریقوں سے چھیڑنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس سب بچنے کے لیے بیٹیاں ان
عوامی جگہوں پر جانے سے گریز کرتی ہیں یا پھر ایسے لوگوں کو نظر انداز کرتی
ہیں۔ آج کل سوشل میڈیا پر کئی ایسی ویڈیوز دیکھنے کو ملتی ہیں کہ آتی جاتی
بہنوں اور بیٹیوں کی تصاویر اور ویڈیوز بنا کر وائرل کر دی جاتی ہیں۔ اس
طرح کے غیراخلاقی افعال سے باعزت خاندان پریشان نظر آتے ہیں۔ خدارا اسلامی
جمہوریہ پاکستان کا حقیقی مطلب سمجھتے ہوئے ان بیٹیوں کو عزت دیں اور اپنی
آنکھ کی حفاظت کریں ہمیں یاد رکھنا چاہیے انہی بیٹیوں کی عزت محفوظ رکھنے
اور اسلامی اقتدار کو برقرار رکھنے کے لیے ہم نے آزاد ریاست پاکستان حاصل
کی تھی۔ میں گزارش کرتا ہوں کہ صاحب اقتدار حضرات سے کہ وہ اس ضمن میں جلد
از جلد کوئی مناسب کاروائی کریں۔
مراسلہ: محمد ارسلان
|