بھارت: سیٹلائٹ کی تباہی، ’خوفناک اور ناقابل قبول‘

بھارت نے ایک ہفتہ قبل ایک سیٹلائٹ کو خلاء میں تباہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ناسا کے سربراہ نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک ’خوفناک اور ناقابل قبول‘ عمل قرار دیا ہے۔ کچرے سے آئی ایس ایس کو بھی خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔
 

image


امریکی خلائی ادارے ناسا کے سربراہ جم بریڈن شٹائن نے اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے سیٹلائٹ کو خلاء میں تباہ کرنے سے اس کے ٹکڑے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ بھارت نے گزشتہ بدھ کو اینٹی سیٹلائٹ راکٹ کا تجربہ کرتے ہوئے اپنا ہی ایک سیٹلائٹ کو تباہ کیا تھا۔

پیر کے روز واشنگٹن میں بریڈن شٹائن کا ناسا کے اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ابتدائی اندازوں کے مطابق دس دنوں کے اندر سیٹلائٹ کے ٹکڑوں کے خلائی اسٹیشن سے ٹکرانے کے امکانات چوالیس فیصد بڑھ گئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا، ’’ہم نے سیٹلائٹ کے چار سو ٹکڑوں کی شناخت کر لی ہے اور ان میں سے ساٹھ کا سراغ بھی لگا لیا ہے۔ ان میں سے چوبیس ٹکڑے آئی ایس ایس کے مدار کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ یہ خوفناک ہے اور ناقابل قبول بھی۔‘‘

دریں اثناء بدھ کے روز بھارتی وزارت دفاع نے ناسا کے سربراہ کے اس بیان کا کوئی بھی جواب دینے سے انکار کر دیا ہے۔ وزارت دفاع کے ترجمان امن انند کا کہنا تھا کہ اس کے جواب میں کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔

جرمن خلاء نورد متھیاس ماؤرر نے بھارت کے اس ٹیسٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے، ’’ایک سیٹلائٹ کو دنیا کو یہ دکھانے کے لیے تباہ کرنا کہ آپ خلائی طاقت بن گئے ہیں، اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ آپ خلائی طاقت نہیں ہیں۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا، ’’کوئی بھی ذمہ دار خلائی طاقت رضاکارانہ طور پر خلائی کچرا پیدا نہیں کرے گی۔‘‘
 

image


دوسری جانب ناسا کے سربراہ نے یہ بھی کہا ہے کہ زیادہ تر کچرا زمین کے نچلے مدار میں ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ تباہ ہو جائے گا۔ سیٹلائٹ تباہ کرنے کے بعد بھارتی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ٹیسٹ نچلی سطح پر کیا گیا ہے اور کچرا خود بخود زمین پر آ گرے گا۔

نیو دہلی ٹیلی وژن کے سائنس رائٹر پلوا باگلہ کا نیوز ایجنسی اے پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’’بھارتی ٹیسٹ سے پیدا ہونے والے چند ٹکڑوں کے مقابلے میں خلاء میں خود امریکا کا پیدا کردہ کچرا بہت ہی زیادہ ہے۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا، ’’اس وقت زمینی مدار میں دو ہزار فعال سیٹلائٹس ہیں۔ ان میں سے آٹھ سو امریکی ہیں۔ مدار میں بھارت کے تو صرف اڑتالیس فعال سیٹلائٹس ہیں۔‘‘

یہ بات اہم ہے کہ سن دو ہزار سات میں چین نے بھی اینٹی سیٹلائٹ ٹیسٹ کیا تھا اور اس کا کچرا بھی ابھی تک زمین کے ارد گرد گھوم رہا ہے


Partner Content: DW

YOU MAY ALSO LIKE:

NASA administrator Jim Bridenstine said today (April 1) that India's recent anti-satellite test created 60 pieces of orbital debris big enough to track, 24 of which rise higher than the International Space Station's orbit around Earth.