کراچی: آئل ٹینکر الٹنے سے آتشزدگی، گاڑیاں اور پیٹرول پمپ لپیٹ میں

کراچی میں شیر شاہ پل گل بائی پر آئل ٹینکر الٹنے سے آگ لگ گئی، پھیلتی آگ نے قریب کی گاڑیوں اور پیٹرول پمپ کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔
 

image


سماﺀ کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد آئل ٹینکر 2 حصوں میں ٹوٹ گیا، ٹینکر کو حادثہ کنٹینر کو اوور ٹیک کرتے ہوئے پیش آیا۔ ٹینکر ڈیزل لے کر شیر شاہ سے نیٹی جیٹی جا رہا تھا۔

آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی پانچ گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ فائر بریگیڈ حکام کی جانب سے ابتدائی طور پر 5 فائر ٹینڈر آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لے رہے ہیں، جب کہ شہر سے دیگر فائر ٹینڈرز کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔

ریسکیو اہل کاروں کے مطابق آئل ٹینکر میں لگی آگ کو تیسرے درجہ کی آگ قرار دیا جا رہا ہے جبک حادثے میں جانی نقصان کا بھی اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ریسکیو اداروں کا مزید کہنا ہے کہ گل بائی پل کے اوپر پیش آنے والے حادثے میں 2 آئل ٹینکر میں آگ لگی ہوئی ہے، جس کی شدت بتدریج بڑھ رہی ہے۔

آگ کی شدت اتنی شدید ہے کہ دھوئیں کے کالے بادل کئی کلو میٹر دور سے ہی آسمان پر نظر آرہے ہیں۔ شیر شاہ سے گل بائی آنے اور جانے والے راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے اور ٹریفک کو متبادل راستوں کی جانب موڑا جا رہا ہے۔

نتائج اور خطرات سے بے خبر متعدد افراد برتن لے کر آئل ٹینکر سے رسنے والا تیل لوٹنے بھی پہنچ گئے۔
 

image


واضح رہے کہ بہاول پور کے قریب احمد پور شرقیہ میں بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا، جہاں آئل ٹینکر گرنے سے تیل سڑک پر پھیل گیا تھا، اور قریب میں واقع گاؤں کے افراد بڑی تعداد میں تیل لوٹنے پہنچے تو آگ نے گاؤں کے افراد کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔

حادثے میں 230 سے زائد افراد جھلس کر جاں بحق، جب کہ بڑی تعداد میں زخمی بھی ہوئے۔

YOU MAY ALSO LIKE: