اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک نور

حکمت بہتریں چیز کو بہتریں علم کے ذریعے جاننے کو کہتے ہیں

حضرت ابراہیم علیہ السلام نے بیت اللہ میں یہ دعا مانگی تھی اے ہمارے رب، اور ان میں ان ہی سے ایک رسول بھیج جو ان کو تیری آیات پڑھ کر سنائے اور کتاب اور حکمت سکھائے اور ان کو سنوارے، بے شک آپ غالب اور حکمت والے ہیں اللہ تعالیٰ نے اپنے خلیل کی اس دعا کو شرف قبولیت بخشا اور فرمایا جس طرح ہم نے آپ میں آپ ہی سے ایک رسول بھیجاجو آپ کو ہماری آیات سناتے اور آپ کو سنوارتے ہیں، اور آپ کو کتاب اور حکمت سکھاتے ہیں اور وہ سکھاتے ہیں جو آپ نہیں جانتے تھے ۔صرف اس سوال اور عطا میں ہی حکمت کا ذکر نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ نے بار بار اس نعمت کا تذکرہ فرمایا ہے۔ انسان کا حق ہے کہ وہ سمجھنے کی کوشش کرے کہ حکمت ہے کیا۔

لغت میں درج ہے حکمت بہتریں چیز کو بہتریں علم کے ذریعے جاننے کو کہتے ہیں

علامہ سید سلیمان ندوی(۴۸۸۱ ۔ ۳۵۹۱) نے لکھا ہے حکمت عقل و فہم کی اس کامل ترین حقیقت کا نام ہے جس سے صیح و غلط، صواب و خطا،حق و باطل اور خیر و شر کے درمیان تمیزوفیصلہ بذریعہ غور وفکر، دلیل و برہان اور تجربہ و استقراء کے نہیں بلکہ منکشفانہ طور پر ہو جاتا ہے اور اس کے مطابق صاحب حکمت کا عمل بھی ہوتا ہے۔ بعض لوگوں میں اشیاء کے حق وباطل اور افعال کے خیر وشر کی تمیزکا صیح وجدان اور صیح ذوق ہوتا ہے، وہ ان امور کے دقیق سے دقیق مسئلہ کے متعلق اپنے ربانی ذوق و وجدان سے ایسی صیح رائے دیتے ہیں جو دوسرے لوگ وسیع مطالعہ اور غور وفکر کے بعد بھی نہیں دے سکتے۔ یہی وہ معرفت اور نور الہی ہے جو جدوجہد اورسعی و محنت سے نہیں بلکہ عطا و بخشش سے حاصل ہوتی ہے۔اور اسی کانام حکمت ہے۔اس کے مختلف درجے اور رتبے عام انسانوں کو ملتے ہیں لیکن اس کا اعلیٰ ترین اور کامل ترین درجہ اور رتبہ حضرات انبیاء کو حاصل ہوتا ہے

حکمت کو عام طور پر کتاب اورعلم کے ساتھ ذکر کیا گیا ہے بے شک ہم نے ابراہیم کو کتاب اور حکمت دی (النساء:۴۵)۔ اور جب میں نے آپ کو کتاب اور حکمت اور توراۃ اور انجیل دی (المائدہ:۰۱۱)۔ اور جب اللہ نے انبیاء سے وعدہ لیا کہ جب میں آپ کوکوئی کتاب اور کوئی حکمت دوں (آل عمران:۱۸) ۔ بے شک ہم نے ایمان والوں پر احسان کیاکہ ان ہی میں سے ایک رسول بھیجاجو ان کواس کی آیات پڑھ کر سناتاہے اور ان کو سنوارتا ہے اور ان کو کتاب اور حکمت سکھاتا ہے اگرچہ وہ اس سے پہلے کھلی گمراہی میں تھے (آل عمران: ۴۶۱)۔ وہی اللہ جس نے ان پڑھ لوگوں میں ان ہی میں سے ایک رسول بھیجا جو ان کو اس کی آیات سناتے ہیں اور ان کو پاک و صاف کرتے ہیں اور کتاب وحکمت سکھاتے ہیں اور وہ اس سے پہلے کھلی گمراہی میں تھے (الجمعہ:۲)۔ اللہ نے آپ پر کتاب اور حکمت اتاری (النساء:۳۱۱) ۔ اور اللہ کا جوآپ پر احسان ہے اور اس نے آپ پر جو کتاب اور حکمت اتاری ہے ان کو یاد کرو۔ اللہ آپ کو اس سے سمجھاتا ہے (البقرہ: ۱۳۲) ۔

علم اگر جاننے کا نام ہے تو حکمت اس دانشمندی کانام ہے جو علم کو عمل میں ڈہالتی ہے۔ایک بار اللہ کے آخری نبی ﷺ اپنے اصحاب کے ساتھ لطیف پیرائے میں تبادلہ خیالات فرما رہے تھے،اصحاب اپنی اپنی پسند بتا رہے تھے۔ حضرت جبریل اترے اور انھوں نے بھی اس تبادلہ خیالات میں شامل ہو کر اپنی پسند بتائی،پھر آسمان کی طرف گئے اور واپس آ کر اللہ تعالیٰ کی پسند بیان فرمائی۔ اس محفل میں رسول اللہ ﷺ نے جو اپنی پسند بتائی ان میں خوشبو، عورت اور نماز کا ذکر تھا۔ نماز کو نبی اکرم ﷺ نے اپنی آنکھوں کی ٹھندک بتایا۔ اس سے معلوم ہوتا ہے انبیاء کو علم کے ساتھ جو حکمت عطا کی جاتی ہے وہ اعمال کی حقیقت منکشف کر دیتی ہے۔عام مسلمانوں کے لیے نماز پڑہنا مشکل عمل ہے مگراصحاب حکمت پر جب حقیقت منکشف ہو جاتی ہے تو وہ مرغوب عمل بن جاتا ہے۔حکمت کے بارے میں اللہ تعالیٰ نے رسول اللہ ﷺ کی ازدواج مطہرات کو مخاطب کرکے فرمایا ہے اور تمھارے گھروں میں اللہ کی جو آیات اور حکمت کی باتیں سنائی جاتی ہیں ان کو یاد رکھو (الاحزاب:۴۳) ۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آیات تو اللہ تعالیٰ کا کلام ہے مگر حکمت کی باتیں وہ ہیں جو زبان مبارک رحمت العالمین سے عطا ہوتی ہیں۔امام شافعیؒ کا قول ہے حکمت آنحضرت ﷺ کی سنت کا نام ہے اور آپ کی سنت وہ حکمت ہے جوآپ ﷺ کے دل میں اللہ کی طرف سے ڈالی جاتی ہے ۔سورۃ جمعہ میں آنحضرت ﷺ کے بارے میں فرمان ہے مسلمانوں کو کتاب اور حکمت کی تعلیم فرماتے ہیں یعنی کتاب اور حکمت دو مختلف چیزیں ہیں۔جب اللہ کے رسول دوسروں کو حکمت کی تعلیم دیتے ہیں تو دراصل وہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے عطا کردہ منکشفانہ علم تقسیم کرتے ہیں۔اس منکشفانہ علم کا اعجاز ہے کہ یہ صاحب علم کو صاحب عمل بنادیتا ہے۔مقاتلؒ کا قول ہے حکمت علم اور اس کے مطابق عمل کو کہتے ہیں ۔اور ابو جعفر محمدبن یعقوب کا قول ہے ہر وہ صیح با ت جو صیح عمل پیدا کرے حکمت ہے ۔ہم کہہ سکتے ہیں حکمت وہ جوہر ہے جس کو عطا کیا جاتا ہے وہ سراپا عمل بن جاتا ہے۔

آپ کو کتابوں میں ایسے اصحاب علم کا نام ضرور ملے گا جن کے علم ہی نے ان کو دھوکا دیا مگرآپ کوشش کریں تو بھی کسی کو ڈہونڈ نہ پائیں گے کہ جس کو حکمت عطا کی گئی ہو اور وہ ناکام ہوا ہو۔سورۃ النساء کی آیت:۳۱۱ کا مطالعہ بتاتا ہے کہ جس کو حکمت عطا کردی جائے وہ گمراہ ہو ہی نہیں سکتا، پوری آیت یوں ہے اگر اللہ کا فضل و کرم آپ پر نہ ہوتاتو ان میں سے ایک گروہ نے چاہا تھاکہ آپ کو گمراہ کرے،اور وہ گمراہ نہیں کرتے مگر اپنے آپ کو،اور آپ کو ذرا سابھی نقصان نہیں پہنچائیں گے، اللہ نے آپ پر کتاب اور حکمت اتاری اور آپ کو سکھایا جو آپ نہیں جانتے تھے،اور اللہ کا آپ پر بڑا فضل ہے ، اور فضل یہ ہے کہ کتاب کے ساتھ آپ ﷺ کو حکمت عطا کی گئی ہے۔ اس آیت میں کھل کر بتا دیا گیا ہے جس کو حکمت عطا کی گئی اس کو خیر کثیر عطا ہوئی (البقرہ: ۹۶۲)۔ حکمت کی مزید وضاحت اس فرمان رسول ﷺ میں ہے رشک و حسداگر جائز ہے تو صرف دو اشخاص پر، ایک اس پر جس کو مال کی دولت ملی تو وہ اس کو صیح صرف کرتا ہے، دوسرے اس شخص پرجس کو حکمت ملی ہے تو وہ اس کے ذریعہ سے فیصلہ کرتا ہے۔اور دوسروں کو سکھاتا ہے اور اس میں معلم ہونے کی شان پیدا ہوتی ہے -

امام مالک کا قول ہے حکمت دین میں سمجھ اور اس فہم کو کہتے ہیں جو ایک فطری ملکہ اور اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک نور ہے

Dilpazir Ahmed
About the Author: Dilpazir Ahmed Read More Articles by Dilpazir Ahmed: 135 Articles with 149446 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.