امہات المؤمنین سیدہ حضرت خدیجہؓ:افضل ترین خاتون

(۱۰؍رمضان المبارک کو یومِ وصال کی مناسبت سے)

امہات المؤمنین سیدہ حضرت خدیجہ طاہرہ ؓ وہ نیک بخت خاتون ہیں، جن سے خلاصۂ کائناتﷺ کا پہلا عقد ہوا اور جنھوں نے محمدبن عبد اﷲ کو محمد رسول اﷲ ہوتے ہوئے دیکھا۔آپؓ نے حضورﷺ کوامورِ خانہ داری سے فارغ کرکے دین کی وہ خدمت انجام دی، جسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ آپؓ تاحیات حضورﷺ کے نکاح میں رہیں اور آپ نے صحیح معنوں میں اپنا تن، من، دھن اﷲ اور اس کے رسولﷺپر نچھاور کر دیا۔

حضرت خدیجہ ؓ کی بعض خصوصیات
قریش کا قبیلہ بلکہ عام طور سے اہلِ مکہ بت پرستی کے شرک میں مبتلا تھے اور یہ شرک انھیں اتنا پیارا تھا کہ اس کے خلاف کوئی لفظ سننا بھی ان کے لیے ناقابلِ برداشت تھا ، لیکن جاہلیت کے اس دور میں گنتی کے دو چار آدمی ایسے بھی تھے جن کو فطری طور پر بت پرستی سے نفرت تھی؛ ان میں ایک حضرت خدیجہؓ بھی تھیں۔ اس دور کی تاریخ سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ واحد خاتون تھیں جو شرک و بت پرستی سے بے زار تھیں ۔اﷲ تعالیٰ نے ان پر دوسرے بہت سے انعامات کے علاوہ دولت مندی کی نعمت سے بھی نوازا تھا۔ رسول اﷲﷺکا حال اس کے برعکس تھا۔ انھوں نے اپنی پوری دولت گویا آپ کے قدموں میں ڈال دی اور آپ کو اس سلسلے کی فکروں سے آزاد کر دیا۔ قرآن مجید کی سورہ والضحیٰ میں اسی صورتِ حال کے بارے میں فرمایا گیا ہے : وَوَجَدَکَ عَائِلًا فَأَغْنَیٰ۔اے پیغمبر ! تم کو تمھارے پروردگار نے مفلس اور نادار پایا، پھر مستغنی کر دیا۔ اس سلسلے میں یہ واقعہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ زید بن حارثہ ، حضرت خدیجہؓکے زر خرید غلام تھے ، انھوں نے دیکھا کہ زید کو رسول اﷲ ﷺسے خاص انس و محبت ہے اور آپ کا معاملہ بھی زید کے ساتھ خصوصی درجے کی شفقت و پیار کا ہے ، تو انھوں نے زید کو حضورﷺہی کی ملکیت میں دے دیا ، پھر آپﷺ نے ان کو آزاد کر دیا اور عربوں کے اس وقت کے رواج کے مطابق ان کو اپنا منہ بولا بیٹا ، بنا لیا یہاں تک کہ ان کو زید بن حارثہ کے بجائے زید بن محمد ہی کہا جانے لگا ۔پھر جب نکاح کے پندرہ سال بعد اﷲ تعالیٰ نے رسول اﷲ ﷺکو شرفِ نبوت سے سرفراز فرمایا اور آپ ﷺپر وہ شدید غیر معمولی حالات آئے ، تو اس وقت آپﷺکو جس طرح کی دانش مندانہ و ہمدردانہ تسلی کی ضرورت تھی، وہ اﷲ تعالیٰ کی خاص توفیق سے حضرت خدیجہؓ ہی سے ملی اور جب وہ آپ ﷺکو اپنے چچازاد بھائی ورقہ بن نوفل کے پاس لے گئیں- جو مکہ کی پوری آبادی میں موحد، صحیح العقیدہ نصرانی اور توریت و انجیل کے عالم تھے - اور انہوں نے رسول اﷲ ﷺسے غارِ حرا کی واردات اور سرگذشت سن کر یقین و وثوق کے ساتھ آپ کے مبعوث من اﷲ نبی ہونے کی بات کہی، تو حضرت خدیجہؓ نے بھی ان کی اس بات کو دل سے قبول کر لیا ، بلکہ یہ کہنا صحیح ہو گا کہ رسول اﷲ ﷺکے حالات و اوصاف کے پندرہ سالہ تجربہ کی بنا پر پہلے ہی سے ان کا دل آپ کی ہر بات کی تصدیق کے لیے تیار ہو چکا تھا۔ اس لحاظ سے کہا جا سکتا ہے کہ پوری امت میں وہ سب سے پہلے رسول اﷲ ﷺکے مبعوث من اﷲ نبی ہونے کی تصدیق کرنے والی ہیں ۔پھر جب آپ نے بحکمِ خداوندی توحید اور دینِ حق کی دعوت کا کام شروع کیا تو پوری قوم آپ کی دشمن بن کر کھڑی ہو گئی۔ ہر ممکن طریقے سے آپ کو ستانا برسوں تک ان بدنصیبوں کا محبوب ترین مشغلہ رہا۔مظلومیت کے اس پورے دور میں حضرت خدیجہ ؓنہ صرف آپ کی غم خوار و غم گسار بلکہ پوری طرح شریکِ حال رہیں ، یہاں تک کہ جب ان ظالموں نے مکہ کی قریباً پوری آبادی کو اپنے ساتھ لے کر آپﷺ کا اور آپ کے خاندان بنو ہاشم کے ان تمام لوگوں کا بھی- جنھوں نے اگرچہ آپ کی دعوت اسلام کو قبول نہیں کیا تھا، لیکن نسبی اور قرابتی تعلق کی وجہ سے آپ کی کسی درجے میں حمایت کرتے تھے - بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا اور آپﷺ اور آپ کے وہ قریبی رشتے دار بھی شعبِ ابی طالب میں محصور کر دیے گئے اور ایسی ناکہ بندی کی گئی کہ کھانے پینے کی ضروریات بھی ان کو نہ پہنچ سکیں ، یہاں تک کہ ان لوگوں کو کبھی کبھی درختوں کے پتے کھا کر گذارہ کرنا پڑا۔ اس حالت میں بھی حضرت خدیجہ شعب ابی طالب میں آپ کے ساتھ رہیں، حالاں کہ ان کے لیے بالکل ممکن تھا کہ وہ ان دنوں اپنے گھر ہی رہتیں۔(معارف الحدیث)تو آئیے یہاں اختصار کے ساتھ اس نیک خاتون کا ذکرِ خیر کریں۔

نام و نسب
خدیجہ نام، اُمّ ہند کنیت، طاہرہ لقب۔ سلسلۂ نسب یہ ہے : خدیجہ بنت خویلد بن اسد بن عبدالعز۔ّیٰ بن قصی۔ قصی پر پہنچ کر ان کا خاندان رسول اﷲ ﷺکے خاندان سے مل جاتا ہے ۔ والدہ کا نام فاطمہ بنت زائدہ تھا اورلُؤی بن غالب کے دوسرے بیٹے عامر کی اولاد تھیں۔حضرت خدیجہ ؓکے والد اپنے قبیلہ میں نہایت معزّز شخص تھے ، مکہ آکر اقامت کی۔ عبدالدار بن قصی کے جو اُن کے ابن عمّ تھے حلیف بنے اور یہیں فاطمہ بنتِ زائدہ سے شادی کی، جن کے بطن سے عام الفیل سے 15 سال قبل حضرت خدیجہؓ پیدا ہوئیں۔سنِ شعور کو پہنچیں تو اپنے پاکیزہ اخلاق کی بنا پر طاہرہ کے لقب سے مشہور ہوئیں۔ (سیرۃ الصحابہ)

رسول اﷲﷺ سے نکا ح
باپ نے ان صفات کا لحاظ رکھ کر شادی کے لیے ورقہ بن نوفل کو- جو برادر زادہ اور تورات و انجیل کے بہت بڑے عالم تھے - منتخب کیا، لیکن پھر کسی وجہ سے یہ نسبت نہ ہوسکی اور ابوہالہ بن نباش تمیمی سے نکاح ہوگیا۔ابو ہالہ کے بعد عتیق بن عابد مخزومی کے عقدِ نکاح میں آئیں۔ اسی زمانے میں حرب الفجار چھڑی، جس میں حضرت خدیجہؓکے باپ لڑائی کے لیے گئے اور مارے گئے ۔ یہ عام الفیل سے 20 سال بعد کا واقعہ ہے ۔ باپ اور شوہر کے مرنے کے بعد حضرت خدیجہؓ کو سخت دقت واقع ہوئی۔ ذریعۂ معاش تجارت تھی جس کا کوئی نگراں نہ تھا۔ تاہم اپنے اعزّہ کو معاوضہ دے کر مالِ تجارت بھیجتی تھیں۔ ایک مرتبہ مال کی روانگی کا وقت آیا تو ابو طالب نے آنحضرتﷺ سے کہا کہ تم کو خدیجہؓسے جاکر ملنا چاہیے ، ان کا مال شام جائے گا، بہتر ہوتا کہ تم بھی ساتھ جاتے ۔ میرے پاس روپیہ نہیں، ورنہ میں خود تمھارے ساتھ سرمایہ مہیا کردیتا۔

رسول اﷲﷺ کی شہرت ’امین‘ کے لقب سے تمام مکہ میں تھی اور آپ کے حسنِ معاملت، راست بازی، صدق و دیانت اور پاکیزہ اخلاقی کا عام چرچا تھا۔ حضرت خدیجہ ؓ کو اس گفتگو کی خبر ملی تو فوراً پیغام بھیجا کہ ’آپ میرا مالِ تجارت لے کر شام کو جائیں جو معاوضہ میں اوروں کو دیتی ہوں آپ کو اس کا مضاعف دوں گی۔‘ آنحضرتﷺنے قبول فرمالیا اور مالِ تجارت لے کر میسرہ (غلام خدیجہؓ) کے ہمراہ بصرْیٰ (شام میں ایک جگہ) تشریف لے گئے ۔ اس سال کا نفع سالہائے گذشتہ کے نفع سے مضاعف تھا۔

حضرت خدیجہ ؓکی دولت وثروت اور شریفانہ اخلاق نے تمام قریش کو اپنا گرویدہ بنالیا تھا اور ہر شخص ان سے نکاح کا خواہاں تھا، لیکن کارکنانِ قضا و قدر کی نگاہِ انتخاب کسی اور پر پڑچکی تھی۔ آنحضرتﷺ مالِ تجارت لے کر شام سے واپس آئے تو حضرت خدیجہ ؓنے شادی کا پیغام بھیجا۔ نفیسہ بنت منیہ (یعلی بن منیہ کی ہمشیرہ)اس خدمت پر مقرر ہوئیں۔ آپﷺ نے منظور فرمایا اور شادی کی تاریخ مقرّر ہوگئی۔ حضرت خدیجہ ؓکے والد اگرچہ وفات پاچکے تھے ، تاہم ان کے چچا عمرو بن اسد زندہ تھے ۔ عرب میں عورتوں کو یہ آزادی حاصل تھی کہ شادی بیاہ کے متعلق خود گفتگو کرسکتی تھیں، اسی بنا پر حضرت خدیجہ ؓنے چچا کے ہوتے ہوئے خود براہِ راست تمام مراتب طے کیے ۔تاریخِ معین پر ابو طالب اور تمام رؤسائے خاندان جن میں حضرت حمزہؓ بھی تھے ، حضرت خدیجہؓ کے مکان پر آئے ۔ حضرت خدیجہؓنے بھی اپنے خاندان کے چند بزرگوں کو جمع کیا تھا۔ ابو طالب نے خطبۂ نکاح پڑھا۔ عمرو بن اسد کے مشورے سے 500 طلائی درہم مہر قرار پایا اور خدیجہ طاہرہؓ حرمِ نبوّت ہو کر اُمّ المومنین کے شرف سے ممتاز ہوئیں۔اس وقت آنحضرتﷺ پچیس سال کے تھے اور حضرت خدیجہؓ کی عمر چالیس برس کی تھی۔ یہ بعثتِ نبوی سے پندرہ سال قبل کا واقعہ ہے ۔(سیرۃ الصحابہ)حضرت ابراہیمؓ کو چھوڑکر- جن کا انتقال بچپن ہی میں ہوگیا تھا-آپ ﷺکی ساری اولاد اُنھی سے ہوئی۔ (ابن ہشام)

شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد زکریا کاندھلویؒ تحریر فرماتے ہیں کہ حضرت خدیجہؓ کے نکاح کی سب سے اوَّل تجویز وَرَقہ بن نَوفَل سے ہوئی تھی مگر نکاح کی نوبت نہیں آئی، اِس کے بعد دو شخصوں سے نکاح ہوا۔اہلِ تاریخ کااِس میں اختلاف ہے کہ اِن دونوں میں پہلے کس سے ہوا؟ اکثر کی رائے یہ ہے کہ پہلے عَتیق بن عائِذ سے ہوا، جن سے ایک لڑکی پیداہوئی جن کانام ’ہند‘ تھا اور وہ بڑی ہوکر مسلمان ہوئیں اور صاحبِ اولاد بھی۔ اور بعضوں نے لکھاہے کہ عتیق سے ایک لڑکابھی پیداہوا جس کانام ’عبداﷲ‘ یا ’عبدِمُناف‘ تھا۔ عتیق کے بعد پھر حضرت خدیجہ ؓ کانکاح ’اَبوہالۃ‘ سے ہوا، جن سے ’ہند‘ اور ’ہالہ‘ دو اولادیں ہوئیں۔ اکثروں نے کہا ہے کہ دونوں لڑکے تھے ۔ بعضوں نے لکھا ہے کہ ہند لڑکا تھا اور ہالۃ لڑکی۔ ہند حضرت علیؓ کے زمانۂ خلافت تک زندہ رہے ، ابوہالۃ کے انتقال کے بعدحضورِ اکرمﷺ سے نکاح ہوا۔رمضان ۰۱ نبوی میں پینسٹھ(65) برس کی عمر میں انتقال فرمایا۔ان کا لقب اسلام سے پہلے ہی ’طاہِرہ‘ تھا، اِسی وجہ سے اِن کی اولاد جو دوسرے خاوندوں سے ہے ، وہ بھی ’بَنُوالطَّاہِرَۃ‘ کہلاتی ہے ۔ اِن کے فضائل حدیث کی کتابوں میں کثرت سے ہیں، اِن کے انتقال پر حضور ﷺنے خود قبرِمبارک میں اُتر کران کودفن فرمایاتھا۔ نمازِجنازہ اُس وقت تک مَشروع نہیں ہوئی تھی۔(ماخوذ از فضائلِ اعمال)

حضرت خدیجہﷺ کی محبت کا اثر
ہشام اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اﷲ ﷺکے مدینہ کی طرف ہجرت کرنے سے تین سال پہلے حضرت خدیجہ ؓ کا انتقال ہوگیا تھا۔ آپﷺنے کم و بیش دو سال تو قف کیا، پھر حضرت عائشہ ؓ سے جب کہ ان کی عمر چھے برس کی تھی نکاح کرلیا اور پھر نو سال کی عمر میں رخصتی ہوئی۔ (بخاری)

حضرت خدیجہؓ کی وفات کے بعد
حضرت عائشہ ؓفرماتی ہیں کہ مجھے جتنا رشک حضرت خدیجہ ؓ پر آتا، اتنا حضرت نبی کریمﷺ کی کسی بیوی پر نہیں آتا تھا (حالاں کہ) وہ میرے نکاح سے پہلے ہی وفات پاچکی تھیں۔ وجہ یہ تھی کہ میں اکثر آپ ﷺکو ان کا ذکر کرتے ہوئے سنتی تھیں اور اﷲ تعالیٰ نے آں حضرتﷺ کو حکم دیا تھا کہ حضرت خدیجہ ؓکو جنت میں موتی کے محل کی بشارت دیں اور آپ ﷺبکری ذبح کرتے تو حضرت خدیجہؓ کی ملنے والیوں کو اس میں سے بقدرِ کفایت بطور تحفہ بھیجتے تھے۔ (بخاری)

ترمذی شریف میں اس طرح ہے کہ حضرت عائشہ ؓ فرماتی ہیں کہ میں نے رسول اﷲ ﷺ کی کسی بیوی پر اتنا رشک نہیں کیا جتنا حضرت خدیجہؓ پر کیا، اگر میں ان کے زمانے میں ہوتیں، تو میرا کیا حال ہوتا! اور یہ سب اس لیے تھا کہ آپ ﷺ انھیں بہت یاد کیا کرتے تھے اور رسول اﷲ ﷺ جب کوئی بکری ذبح کرتے تو حضرت خدیجہ ؓکی کسی سہیلی کو تلاش کرتے اور اس کے ہاں ہدیہ بھیجتے ۔(ترمذی)

ایک روایت میں ہے (حضرت عائشہ ؓفرماتی ہیں) کہ میں کبھی تو حضرت نبی کریم ﷺسے کہہ دیتیں- جیسے دنیا میں خدیجہ کے سوا کوئی عورت ہے ہی نہیں!- اس پر آپ ﷺفرماتے کہ وہ ایسی تھیں اور ایسی تھیں اور ان سے میرے اولاد ہے ۔(بخاری)

مسند احمد کی روایت میں ہے کہ آپ ﷺنے ایک موقع پر فرمایا:اﷲ نے مجھے اس کے بدلے میں اس سے بہتر کوئی بیوی نہیں دی، وہ مجھ پر اس وقت ایمان لائی جب لوگ کفر کررہے تھے ، میری اس وقت تصدیق کی جب لوگ میری تکذیب کررہے تھے ، اپنے مال سے میری ہمدردی اس وقت کی جب کہ لوگوں نے مجھے اس سے محروم رکھا اور اﷲ تعالی نے مجھے ان سے اولاد عطا فرمائی جب کہ میں دوسری بیویوں میں سے اولاد ہونے سے محروم رہا۔(مسند احمد)

پہلی مسلمان خاتون
ترمذی شریف میں ہے کہ بعض اہلِ علم کا کہنا ہے کہ مَردوں میں سب سے پہلے اسلام لانے والے حضرت ابوبکرؓہیں۔ حضرت علیؓ آٹھ برس کی عمر میں مسلمان ہوئے ، اور عورتوں میں سب سے پہلے حضرت خدیجہ ؓ ایمان لائیں۔(ترمذی)

سب سے افضل خاتون
حضرت علی ؓسے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اﷲ ﷺکو فرماتے ہوئے سنا کہ (سابقہ) امت میں سب سے بہتر مریم بنتِ عمران ہیں اور (اس) امت میں سب سے بہتر حضرت خدیجہؓ ہیں۔(بخاری)

جنت کی خوش خبری
عبداﷲ بن ابی اوفیؓ روایت کرتے ہیں، رسول اﷲ ﷺنے عمرہ کیا اور ہم نے بھی آپ کے ساتھ عمرہ کیا۔ جب مکہ پہنچے تو آپ نے طواف کیا ہم نے بھی طواف کیا۔آپﷺ صفا اور مروہ کے پاس پہنچے ، ہم بھی آپ کے ساتھ وہاں آئے ۔ ہمﷺ آپ کو اہلِ مکہ کی طرف سے آڑ میں لیے ہوئے تھے ، اس لیے کہ کہیں تیر نہ ماردیں۔ میرے ایک ساتھی نے ابن ابی اوفی سے پوچھا کہ کیا آپ کعبہ میں داخل ہوئے تھے ؟ انھوں نے کہا: نہیں۔ اس نے پھر کہا کہ ہم سے بیان کیجیے جو آپ نے خدیجہ کے متعلق بتایا تھا۔ انھوں نے کہا کہ آپ نے فرمایا تھا: خدیجہ کو جنت میں ایک گھر کی خوش خبری سنادو، جو موتی کا ہوگا۔ اس میں شور و غل نہ ہوگا اور نہ کوئی تکلیف ہوگی۔(بخاری)

ربِ کریم اور جبریلِ امین کا سلام
حضرت ابوہریرہ ؓ فرماتے ہیں کہ حضرت جبرائیل ؓرسول اﷲ ﷺکے پاس آئے اور کہا: اے اﷲ کے رسول! یہ حضرت خدیجہ ایک برتن لیے آرہی ہیں، جس میں سالن یا کھانا یا پینے کی کوئی چیز ہے ، جب یہ آپ ﷺکے پاس آجائیں تو اﷲ تعالیٰ کی اور میری طرف سے اُنھیں سلام کہیے اور جنت میں موتی کے محل کی بشارت دیجیے جس میں نہ شور و شغب ہوگا نہ تکلیف۔(بخاری)
٭٭٭٭

Maulana Nadeem Ahmed Ansari
About the Author: Maulana Nadeem Ahmed Ansari Read More Articles by Maulana Nadeem Ahmed Ansari: 285 Articles with 347025 views (M.A., Journalist).. View More