پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان اب تک ہونے
والے ایک روزہ میچوں کے اعداد و شمار پر اگر نظر ڈالی جائے تو پاکستان کی
پوزیشن کچھ بہتر نظر نہیں آتی لیکن عالمی کپ مقابلوں کی سطح پر آسٹریلیا کے
خلاف پاکستان کا ریکارڈ تقریباً برابر رہا ہے۔
|
|
عالمی کپ مقابلوں میں دونوں ٹیمیں اب تک ایک دوسرے کے خلاف نو میچ کھیل چکی
ہیں جن میں سے چار پاکستان اور پانچ آسٹریلیا نے جیتے ہیں جن میں سنہ 1999
میں ہونے والے عالمی کپ کا لندن میں کھیلا گیا فائنل بھی شامل ہے۔
اس فائنل میں پاکستان کی ٹیم 39 اووروں میں صرف 132 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی
تھی۔ یہ ہدف آسٹریلیا نے 20 اووروں میں ہی حاصل کر لیا تھا اور اس کوشش میں
اس کی دو وکٹیں ہی گری تھیں۔ یوں آسٹریلیا نے یہ میچ آٹھ ووکٹوں سے جیت لیا
تھا۔ اسی ورلڈ کپ کے ایک گروپ میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو باآسانی ہار
لیا تھا۔
کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے مقابلوں میں بدھ کو پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں
انگلینڈ کے شہر ٹونٹن میں ایک مرتبہ پھر آمنے سامنے ہوں گی۔ پانچ مرتبہ
عالمی کپ جیتنے والی ٹیم آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان ورلڈ کپ کی سطح پر
یہ دسواں میچ ہو گا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان گزشتہ 15 ایک روزہ میچوں میں سے 14 آسٹریلیا نے جب
کہ ایک پاکستان نے جیتا ہے۔
آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ہونے والی آخری سیریز
میں بھی پاکستان کو پانچ کے پانچ میچوں میں شکست دے کر کرکٹ کی اصطلاح میں
'وائٹ واش' کیا تھا۔
اس سیریز سے پہلے بھی آسٹریلیا پاکستان کے خلاف لگاتار تین میچ جیت چکا تھا۔
متحدہ عرب امارات میں ہونے والی پانچ میچوں کی سیریز میں، جس کی میزبانی
پاکستان نے کی تھی، کامیابی کے بعد آسٹریلیا نے مسلسل آٹھ میچوں میں
پاکستان کو شکست سے دوچار کیا۔
|
|
مجموعی طور پر پاکستان اور آسٹریلیا کے سو ایک روزہ میچ ہو چکے ہیں۔ ان سو
میں صرف 32 میچ ہی پاکستان اپنے نام کر سکا جب کہ 67 میچ آسٹریلیا کے نام
رہے اور ایک میچ برابر رہا۔
انفرادی کارکردگیوں پر اب نظر ڈالی جائے تو آسٹریلیا کے سابق کپتان سٹیو
سمتھ عالمی کپ کے گزشتہ سات میچوں میں مسلسل نصف سنچری سکور کرتے آ رہے ہیں۔
جس میں سنہ 2015 میں پاکستان کے خلاف 65 رنز کی اننگز بھی شامل ہے۔
|