ڈی جی آئی ایس آئی کتنا طاقتور شخص ہے؟

فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو ملک کے اہم ترین خفیہ ادارے انٹرسروسز انٹیلیجنس ایجنسی یعنی آئی ایس آئی کا نیا سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے۔
 

image


وہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کی جگہ لیں گے جو آٹھ ماہ تک اس عہدے پر فائز رہے۔ لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو اکتوبر 2018 میں یہ ذمہ داری سونپی گئی تھی اور اب انھیں کور کمانڈر گوجرانوالہ بنا دیا گیا ہے۔

فیض حمید کو رواں برس اپریل میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی ملی تھی اور ڈی جی آئی ایس آئی تعیناتی سے قبل وہ جی ایچ کیو میں ایڈجوٹنٹ جنرل کے عہدے پر فائز تھے۔

نامہ نگار فرحت جاوید کے مطابق بلوچ رجمنٹ سے تعلق رکھنے والے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اس سے قبل پنڈی میں 10 کور کے چیف آف سٹاف، پنوں عاقل میں جنرل آفیسر کمانڈنگ اور آئی ایس آئی میں ہی ’سی‘ یعنی کاؤنٹر انٹیلیجنس سیکشن کے ڈائریکٹر جنرل رہ چکے ہیں۔

ان کا نام نومبر 2017 میں اسلام آباد میں فیض آباد کے مقام پر مذہبی تنظیم تحریکِ لبیک کے دھرنے کے دوران بھی سامنے آیا تھا۔

اس تنظیم اور حکومت کے درمیان چھ نکات پر مشتمل معاہدے کے بارے میں کہا گیا تھا کہ یہ معاہدہ کرنے میں اس وقت میجر جنرل کے عہدے پر کام کرنے والے فوجی افسر فیض حمید کی مدد شامل رہی۔

اسی دھرنے کے بارے میں سپریم کورٹ کے فیصلے میں وزارت دفاع کے توسط سے آرمی چیف سمیت افواج پاکستان کے سربراہان کو حکم دیا گیا تھا کہ وہ اپنے ان ماتحت اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کریں جنھوں نے ’اپنے حلف کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سیاسی امور میں مداخلت کی ہے۔‘
 

image


دلچسپ امر یہ ہے کہ یہ فیصلہ انھی جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے تحریر کیا تھا جن کے خلاف آج کل سپریم جوڈیشل کونسل میں صدر کی جانب سے بھیجے گئے ریفرینس کی سماعت ہو رہی ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو رواں برس یومِ پاکستان کے موقع پر صدرِ پاکستان نے ہلالِ امتیاز ملٹری کے اعزاز سے بھی نوازا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا پر اس معاملے پر سوال اٹھے تھے کہ ایک ایسے فوجی افسر کو کیسے اعزاز سے نوازا جا سکتا ہے جو مبینہ طور پر سیاسی معاملات میں ملوث رہے ہوں۔

ڈی جی آئی ایس آئی کتنا طاقتور شخص ہے؟
مبصرین کے مطابق آئی ایس آئی سیاسی اور عسکری دونوں سطح پر کام کرتی ہے اور اپنا اِن پُٹ دیتی ہے۔

آئی ایس آئی کے سابق ڈی جی لیفٹننٹ جنرل (ر) جاوید اشرف قاضی کے مطابق آئی ایس آئی کا ڈائریکٹر جنرل اپنے ادارے کی حد تک بہت طاقتور ہوتا ہے۔

'ڈی جی آئی ایس آئی اپنے ادارے کے اندر لوگوں کو رکھ سکتا ہے، نکال سکتا ہے، واپس فوج میں بھیج سکتا ہے، پوسٹ آؤٹ کر سکتا ہے۔ لیکن جہاں تک ادارے سے باہر کا تعلق ہے تو آئی ایس آئی کے سربراہ کی طاقت کا انحصار ان کے وزیر اعظم اور آرمی چیف کے ساتھ تعلق پر ہے۔‘

ان کے مطابق ’وزیر اعظم انھیں عہدے سے ہٹا سکتے ہیں اور فوج کے اندر طاقتور تو فوج کا سربراہ ہی ہے'۔

آئی ایس آئی کے نئے ڈائریکٹر جنرل کے علاوہ بھی فوج میں اعلیٰ سطح کی تبدیلیاں کی گئی ہیں جن کے مطابق لیفٹیننٹ جزل فیض حمید کی جگہ لیفٹیننٹ جزل ساحر شمشاد مرزا کو ایڈجوٹننٹ جزل تعینات کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ لیفٹیننٹ جزل عامر عباسی کوارٹر ماسٹر جزل جبکہ لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز انجینئر ان چیف بنا دیے گئے ہیں۔


Partner Content: BBC

YOU MAY ALSO LIKE:

The military has announced a number of high-level appointments and transfers in its ranks, most notably the appointment of Lieutenant General Faiz Hameed as the new director-general of Inter-Services Intelligence (ISI), according to a government spokesperson on Sunday.He will be replacing Lieutenant General Asim Muneer, who has been given charge of Commander Gujranwala Corps.