مسافروں کے پاسپورٹ پر موبائل کی فری رجسٹریشن، حیران کن انکشافات

حال ہی میں وفاقی حکومت نے بیرون ملک سے موبائل فون لانے پر ٹیکس کی چھوٹ ختم کر دی ہے۔ اس سے قبل بیرون ملک سے آنے والے مسافر اپنے پاسپورٹ پر بغیر ٹیکس ادا کیے ایک موبائل رجسٹر کرواسکتے تھے-
 

image


سفر کے بعد 60 روز کے اندر پاسپورٹ پر موبائل کی فری رجسٹریشن کروانے کا سسٹم پی ٹی اے کی ویب سائٹ پر موجود تھا جسے اب ختم کر دیا گیا ہے-

اب بیرونِ ملک سے آنے والے مسافروں کو بھی اپنے ساتھ لائے جانے والے موبائل پر ٹیکس ادا کرنا ہوگا چاہے ایک ہی موبائل کیوں نہ ہو- اور اس ٹیکس کا نفاذ یکم جولائی سے کیا جاچکا ہے-

تاہم دوسری جانب بیرونِ ملک سے لائے جانے والے موبائل کی مسافروں کے پاسپورٹ پر فری رجسٹریشن کے حوالے سے حیران انکشافات بھی سامنے آئے ہیں-

گزشتہ روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اجلاس میں موبائل فون پر عائد ٹیکسوں میں کمی اور ڈیٹا چوری کے موضوعات زیرِ بحث آئے-

اس اجلاس میں ایف آئی اے کے سائبر ونگ کے ڈائریکٹر افضل محمود بٹ نے انکشاف کیا ہے کہ بیرونِ ملک سے آنے والے 47017 مسافروں کا ڈیٹا چوری کر کے موبائل فون کی رجسٹریشن کے لیے غلط استعمال کیا گیا ہے-

کمیٹی کو بتایا گیا کہ موبائل ڈیوائسز کی غیر قانونی رجسٹریشن کی 15 شکایات موصول ہوئیں اور ان واقعات میں ملوث 10 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے جن میں 3 ایف آئی اے کے اہلکار بھی شامل ہیں-
 

image


تفتیش کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ بعض کمپیوٹر آپریٹر صرف 80 روپے کے عوض مسافر کا ڈیٹا غیر قانونی موبائل رجسٹریشین کے لیے جرائم پیشہ افراد کو فراہم کیا کرتے تھے جو کہ فی موبائل 25 ہزار تک وصول کرتے تھے-

اس موقع پر پی ٹی اے کے چئیرمین میجر جنرل ریٹائرڈ عامر عظیم نے کمیٹی کو بتایا کہ اتھارٹی ڈیٹا لیک کرنے والے افراد اور ان کے مقامات کی 100 فیصد درست نشاندہی کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے-

ان کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ ڈیٹا چوری کے 45 ہزار سے زائد کیسز کے بارے میں ایف آئی اے کو مطلع کیا گیا ہے-

YOU MAY ALSO LIKE: