جنوب مغربی چین میں پیش آنے والے اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو
گئی ہے، جہاں ایک طرف یہ بچہ ایک بالکونی سے لٹکا ہوا نظر آ رہا ہے، جب کہ
نیچے بہت سے افراد ایک کمبل کو چاروں جانب سے پکڑے ہوئے ہیں۔ اس کے بعد یہ
بچہ گرتا ہے، مگر نیچے موجود افراد اسے کیچ کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں
اور یہ بچہ محفوظ رہتا ہے۔
یہ واقعہ پیر کے روز پیش آیا تھا، تاہم اس واقعے کی ویڈیو اب ہر طرف موجود
ہے۔ ابتدا میں اس بچے نے کوشش کی کہ کسی طرح دوبارہ بالکونی پر چڑھ جائے،
مگر ناکام رہا۔ پھر یہ بچہ بالکونی کی ریلنگ سے اپنی گرفت ختم کرتا ہے اور
نیچے گرتا ہے، تو نیچے موجود بہت سے افراد اسے ایک سفید کمبل کی مدد سے بچا
لیتے ہیں۔
ایک مقامی شخص زہو نے چینی ٹی وی چینل سی سی ٹی وی سے بات چیت میں کہا، ''میں
نے دیکھا کہ یہ بچہ بالکونی سے لٹکا ہوا ہے اور میرے دماغ میں پہلا خیال
یہی آیا کہ کاش کوئی شخص اس بچے کو کیچ کر لے۔ میں دوڑ کر پہنچا تو یہ سوچ
رہا تھا کہ شاید میں اس بچے کو ہاتھوں سے کیچ کر لوں گا۔ مگر ظاہر ہے یہ
ممکن نہیں تھا۔‘‘
|