لاپتہ سابق پاکستانی کرنل کا ذکر اچانک دوبارہ کیوں اور کون ملوث ہے؟

پاکستانی فوج کے سابق اہلکار کرنل (ر) حبیب ظاہر کا نام بدھ کی شام ایک مرتبہ پھر میڈیا کی شہ سرخیوں میں اس وقت آیا جب پاکستان کے دفترِ خارجہ نے ایک بیان میں ان کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کی گمشدگی کی تفصیلات بتائیں۔
 

image


دفترِ خارجہ کے مطابق یہ سوال انڈین میڈیا میں کرنل حبیب کے معاملے کو مبینہ انڈین جاسوس کلبھوشن جادھو سے جوڑے جانے کے تناظر میں پوچھا گیا تاہم دلچسپ امر یہ ہے کہ دفترِ خارجہ نے دونوں معاملات کو ایک دوسرے سے منسلک کیے جانے کی نہ تو تردید کی اور نہ ہی تصدیق۔

پاکستانی حکام نے بیان میں نہ تو انڈین میڈیا کے ان ذرائع کی نشاندہی کی جو کرنل (ر) حبیب ظاہر کی گمشدگی کے ڈھائی برس بعد ایک بار پھر ان کا تعلق کلبھوشن جادھو کے معاملے سے جوڑ رہے ہیں اور نہ ہی یہ واضح کیا کہ یہ سوال کس جانب سے کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ پاکستان میں جاسوسی کے جرم میں سزا یافتہ کلبھوشن جادھو کی گرفتاری کے کچھ عرصے بعد اپریل 2017 میں پاکستان فوج کے ایک سبکدوش افسر لفٹیننٹ کرنل محمد حبیب ظاہر نیپال کے شہر لمبینی سے پراسرار طور پر غائب ہو گئے تھے۔

آٹھ اپریل سنہ 2017 کو پاکستان کے دفتر خارجہ نے پہلی بار سابق لیفٹینٹ کرنل حبیب ظاہر کی نیپال میں لاپتہ ہونے کی تصدیق کی تھی جبکہ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے نیپالی حکومت کے ساتھ رابطہ کیا گیا تھا۔

کرنل حبیب لاپتہ کیسے ہوئے؟

بدھ کو جاری ہونے والے بیان میں پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے سنہ 2017 میں لاپتہ ہونے والے فوج کے سابق لیفٹیننٹ کرنل حبیب ظاہر کی گمشدگی کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ نیپال میں لاپتہ ہوئے تھے، جہاں وہ اپریل 2017 میں ملازمت کے انٹرویو کے لیے گیے تھے۔

ترجمان پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ان کہ اہلخانہ کے مطابق فوج کے سابق کرنل حبیب ظاہر نے نوکری کی تلاش کے سلسلے میں ویب سائٹ لنکڈان اور اقوام متحدہ کے ویب سائٹ پر اپنا سی وی پوسٹ کیا تھا۔ جس کے جواب میں انھیں ایک مارک تھامسن نامی شخص کی جانب سے ای میل اور ٹیلی فون کال موصول ہوئی تھی جس میں کہا گیا کہ انھیں نائب صدر کے عہدے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

سابق کرنل حبیب ظاہر سے چھ اپریل کو نوکری کے انٹرویو کے لیے نیپال کے شہر کھٹمنڈو آنے کا کہا گیا جس کے لیے انھیں لاہور سے کھٹمنڈو بذریعہ عمان ہوائی جہاز کا ٹکٹ بھی بھیجا گیا تھا۔
 

image


ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ ان کے اہلخانہ کے مطابق کرنل محمد حبیب ظاہر پہلی مرتبہ نیپال کا دورہ کر رہے تھے اور انھوں نیپال کے شہر کھٹمنڈو پہنچنے کے بعد اپنے اہلخانہ کو اپنی اور نیپال کے شہر لمبینی کے لیے ہوائی ٹکٹ کی تصاویر واٹس ایپ کی تھیں۔

پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ان کے اہلخانہ کے مطابق چھ اپریل سنہ 2017 میں انھوں نے دوپہر ایک بجے اپنے موبائل فون سے اپنی اہلیہ کو بحفاظت لمبینی پہنچنے کا پیغام بھیجا تھا۔ جس کے بعد سے ان کا موبائل بند ہوگیا اور ان کا اہلخانہ سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔

یاد رہے کہ لمبنی نیپال اور انڈیا کی سرحد کے قریب واقع ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان سب سے بڑی سرحدی چوکی ہے۔ اس سرحدی چوکی سے بڑی تعداد میں انڈین اور نیپالی شہری ہر روز ایک دوسرے کے ہاں آتے جاتے ہیں۔

لمبینی شہر کا بھیروا ہوائی اڈہ سرحدی چوکی سے محض چند کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے۔ کرنل حبیب آخری بار اسی ہوائی اڈے کے باہر دیکھے گئے تھے۔

تحقیقات میں کیا بات سامنے آئی؟

پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اب تک کی تحقیقات سے یہ انکشاف ہوا ہے کہ مارک نامی شخص کا برطانیہ کا موبائل فون نمبر جعلی تھا اور در حقیقت وہ انٹرنیٹ یا کمپیوٹر کی مدد سے تخلیق کیا ہوا نمبر تھا۔

تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے جس ویب سائٹ سے سابق لیفٹینٹ کرنل حبیب ظاہر سے رابطہ کیا گیا تھا اس کے بارے میں علم ہوا ہے کہ وہ انڈیا سے چلائی گئی تھی اور بعد میں اسے انٹرنیٹ سے ہٹا لیا گیا تھا۔

نیپال کی حکومت نے ان کی گمشدگی کی تحقیق کرنے کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی لیکن ابھی تک اس معاملے میں کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی ہے۔

یاد رہے پاکستانی اداروں کی جانب سے سابق فوجی افسر حبیب ظاہر کی ای میلز پر کی گئی ابتدائی تحقیقات کے مطابق انھیں مارچ میں 'سٹارٹ سولوشنز' نامی ویب سائٹ سے ایک ریکروٹر مارک تھامسن نے ای میل کے ذریعے ساڑھے تین ہزار سے ساڑھے آٹھ ہزار ڈالر کی تنخواہ پر نائب صدر/ زونل ڈائریکٹر (سکیورٹی) کی پیشکش کی تھی۔
 

image


انھیں ملازمت کنفرم کرنے کے لیے کھٹمنڈو آنے کو کہا گیا اور عمان ایئرلائن کی بزنس کلاس کی ٹکٹ بھی بھجوائی گئی تھی۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ کرنل حبیب کی نیپال کے سرحدی شہر لمبینی میں گمشدگی جو انڈیا کی سرحد سے محض پانچ کلومیٹر دور ہے اور انڈین شہریوں کے اس میں ملوث ہونے کے پیش نظر پاکستان نے متعدد بار انڈیا کی حکومت سے بھی ان کو ڈھونڈنے کے لیے مدد کی درخواست کی ہے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ان کی گمشدگی کی اطلاعات کے مطابق انڈین شہریوں نے کرنل حبیب کا لمبینی میں استقبال کیا تھا، ان کے ہوٹل میں قیام کے انتظامات کیے اور ٹکٹ بک کروائے تھے۔

تاہم، انڈیا کی طرف سے کوئی مثبت جواب موصول نہیں ہوا ہے۔ ’ان کے اہلخانہ بہت تکلیف میں ہے اور انھوں نے جنیوا میں اقوام متحدہ کے جبری گمشدگیوں کے حوالے سے کام کرنے والے ورکنگ گروپ سے بھی ان کا پتہ لگانے میں مدد کے لیے بھی رابطہ کیا۔‘

دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کرنل حبیب ظاہر کی کمشدگی کے معاملے میں دشمن ایجنسیوں کے ملوث ہونے کی امکان سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ پاکستان حکومت انھیں ڈھونڈنے کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور جب تک وہ گھر نہیں آتے حکومت سکون سے نہیں بیٹھے گی۔

خیال رہے کہ لاپتہ ہونے سے قبل لیفٹینٹ کرنل (ر) حبیب ظاہر فوج سے سنہ 2014 میں ریٹائرڈ ہونے کے بعد سے فیصل آباد میں ملازمت کر رہے تھے اور ان کی گمشدگی کی خبریں پاکستان سمیت بیرون ملک میڈیا میں بھی آئی تھیں۔


Partner Content: BBC
YOU MAY ALSO LIKE:

The Foreign Office (FO) on Wednesday said that involvement of hostile agencies could not be ruled out in the disappearance of Col (r) Habib Zahir who went missing from the Nepalese border city of Lumbini in April 2017.