کیا آپ کا شمار بھی ان لوگوں میں ہوتا ہے جنھیں ہر سال
ٹیکس فائل کرنے کے لیے کسی کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنا پڑتی ہیں؟ تو آپ کے
لیے ایک خوشخبری ہے کہ شاید اس سال آپ کو جیب ڈھیلی نہ کرنی پڑے۔
|
|
حال ہی میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین شبّر زیدی نے سماجی رابطے کی
ویب سائٹ ٹوئٹر پر تنخواہ دار افراد کے لیے ایک ایسی 'موبائل ایپ' کے لانچ
ہونے کی نوید سنائی جس کے ذریعے سے وہ اپنے ٹیکس ریٹرن کو فائل کر سکتے ہیں۔
انھوں نے لوگوں کو ’سادہ اور بنا جھنجھٹ والے‘ ڈیجیٹل سسٹم کو استعمال کرنے
کا تو کہا مگر پاکستان کو خوشحال بنانے کی خوشی میں شبّر زیدی ایپ کا نام
بتانا تو ہی بھول گئے۔
|
|
ٹیکس فائل کرنا کوئی آسان کام نہیں ہے اس لیے خبر سنتے ہی ٹوئٹر پر بہت سے
صارفین نے سکھ کا سانس لیا اور خوشی کا اظہار کیا۔
صارف کامران لکھتے ہیں 'یہ بہت ضروری اقدام تھا۔ زیادہ تر لوگوں کے پاس
کنسلٹنٹ کو دینے کے لیے پیسے نہیں ہیں کہ وہ (ٹیکس) فائلر بن سکیں یا انھیں
ابھی تک طریقہ ہی نہیں پتا۔‘
|
|
جہاں تعریفوں کے پُل باندھے گئے وہیں سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے اس اقدام
کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔
ٹوئٹر صارف محمد کاشف نے ٹویٹ کیا 'ایپ کو چھوڑیں۔ ہمیں بس یہ بتائیں کہ
ٹیکس دینے سے ہمیں کوئی فائدہ ملے گا؟ یا ہم صرف (ٹیکس) بھرتے ہی رہیں گے۔'
|
|
لوگوں نے جیسے تیسے کر کے ’ٹیکس آسان‘ ایپ تو ڈھونڈ لی مگر اس کے بعد
الجھنوں کا لامحدود سلسلہ شروع ہو گیا۔
ٹوئٹر صارف مہوش بشیر لکھتی ہیں 'بلاشبہ ایک اعلیٰ اقدام ہے۔ لیکن کیا آپ
لوگ ہمارے لیے اس ایپ کو مزید آسان بنا سکتے ہیں؟ میرا مطلب ہے کہ کچھ
اصطلاحات ایسی ہیں جو ہماری سمجھ میں نہیں آ رہیں۔'
|
|
حیدر علی نے ٹویٹ کیا 'لوگوں کو ایپ سمجھانے کے لیے ایف بی آر کو ویڈیو
ٹٹوریئل بنانا چاہیے تھا۔ اور زیادہ اہم بات یہ ہے کہ اسے (ایپ) وائرل کرنے
کے لیے ایک ٹویٹ کافی نہیں ہے۔ سوشل میڈیا پر کوئی مہم چلائیں۔'
|
|
صارفین کی انھی الجھنوں کے پیشِ نظر ہم نے ’ٹیکس آسان' ایپ سے جڑے سوالات
کے جوابات تلاش کیے۔
’ٹیکس آسان‘ ایپ کون استعمال کر سکتا ہے؟
فی الحال اس ایپ کو پاکستان میں مقیم تنخواہ دار افراد استعمال کر سکتے ہیں۔
غیر تنخواہ دار افراد اور بیرون ملک مقیم پاکستانی اس ایپ کو استعمال کرنے
کے اہل نہیں ہیں۔
کیا اس ایپ کا ویب ورژن ہے؟
یہ ایپ اینڈروئڈ اور ایپل، دونوں آپریٹنگ سسٹمز کے ایپ سٹورز میں دستیاب ہے
مگر ’ٹیکس آسان‘ کا کوئی ویب ورژن نہیں ہے۔
ایپ میں لاگ اِن کیسے کیا جائے؟
اگر آپ Iris پر رجسٹرڈ ہیں یعنی آپ نے ایف بی آر کی ویب سائٹ پر اکاؤنٹ
بنایا ہوا ہے تو ایپ میں username کی جگہ اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر درج
کریں اور پاس ورڈ وہی رہے گا جو ایف بی آر کی طرف سے آپ کو اُس ای میل پر
بھیجا گیا ہو گا جس کا استعمال کرتے ہوئے آپ نے اکاؤنٹ بنایا ہے۔
اس سلسلے میں اپنی ای میل کے سرچ بار میں FBR لکھیے۔ اس کے علاوہ آپ نیا
پاس ورڈ بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
اگر آپ ٹیکس دہندہ ہیں مگر آن لائن سسٹم پر رجسٹرڈ نہیں ہیں تو آپ کو ایف
بی آر کی ویب سائٹ پر Iris ای-اینرولمنٹ کے آپشن میں جا کر اکاؤنٹ بنانا
پڑے گا۔
|
|
ایپ کیا سہولیات فراہم کرتی ہے؟
اس ایپ کا استعمال کرتے ہوئے آپ انکم ٹیکس ریٹرن فائل کر سکتے ہیں، سیلز ٹیکس
کی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ ای پیمنٹ کے ذریعے سے آپ تنخواہ کے علاوہ لاگو ہونے
والا انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ٹیکس ادا کر سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ آپ بنیادی ویریفیکیشن مثلاً نیشنل ٹیکس نمبر، سیلز ٹیکس رجسٹریشن
نمبر جیسی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
پاکستان کے ٹیکس آرڈیننس 2001 کی شق 236 کے مطابق جن چیزوں پر ایڈجسٹیبل
ایڈوانس ٹیکس لاگو ہوتا ہے، ان پر ٹیکس ریٹرن فائل کیا جا سکتا ہے۔
|
|
آپ اپنے انٹرنیٹ بل، فون بل، پریپیڈ کنیکشن کی صورت میں موبائل فون کے لیے
خریدے گئے کارڈ، جہاز کے ٹکٹ، شادی ہال کی بکنگ پر کیے گئے خرچے وغیرہ پر ٹیکس
ریٹرن حاصل کر سکتے ہیں۔
ایسا کرنے کے لیے آپ کو رسیدیں سنبھال کر رکھنا پڑیں گی اور موبائل کمپنی وغیرہ
سے اپنے ادا کردہ بل کے سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے پڑیں گے۔
|
|
تو ’ٹیکس آسان‘ ایپ کا استعمال مشکل ہے یا آسان؟
بظاہر مشکل اصطلاحات سے بھرپور ایپ میں تقریباً ہر سرخی کے ساتھ سوالیہ نشان
بنا ہوا ہے۔
اس پر کلک کرنے سے آپ سرخی سے متعلقہ ویب پیج پر آ جائیں گے اور مزید معلومات
حاصل کر سکیں گے۔
متعلقہ ویب پیج پر موجود ہدایات مرحلہ وار انداز میں پیش کی گئی ہیں جو اس ایپ
کا استعمال قدرے آسان بنا دیتا ہے۔
|