پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ برس ہونے والے پاکستان سپر
لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے سٹریٹ کرکٹ میں رائج
دلچسپ مگر غیر روایتی طریقہ کار اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
|
|
پاکستان سپر لیگ نے یہ قدم شائقین کو اس ایونٹ سے مزید قریب لانے کی سوچ کے
تحت اٹھایا ہے۔
سٹریٹ کرکٹ میں باریاں کیسے لی جاتی ہیں؟
گلی محلوں میں کھیلی جانے والی کرکٹ میں پہلی باری کے لیے عام طور پر ٹاس
نہیں ہوا کرتا بلکہ بچے اور نوجوان لڑکے اس کے لیے مختلف طریقے اختیار کرتے
ہیں۔
ان طریقوں میں سے ایک طریقہ ’پُوگم پُگائی‘ کا ہے جس میں شریک بچے ہاتھ ایک
ساتھ ملا کر اسے ہوا میں بلند کرتے ہیں اور پھر ہتھیلی کے سیدھا یا الٹے
ہونے کی بنیاد پر باریاں طے ہوتی ہیں۔
لیکن اگر کھیلنے والے زیادہ ہوں تو دوسرے طریقے میں بلے کو زمین پر رکھ کر
وہاں چاک یا تنکے سے زمین پر لکیریں کھینچ دی جاتی ہیں اور سب آ کر ایک ایک
لکیر پر انگلی رکھ دیتے ہیں جس سے ان کی باری کا تعین ہوتا ہے۔
گلی محلے میں کرکٹ کی باری لینے کے لیے کندھے کا استعمال بھی ہوتا ہے جس
میں ایک کھلاڑی دوسرے کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر انگلی کے ذریعے نمبر پوچھتا
ہے کہ یہ کس کی باری ہے۔
|
|
پی ایس ایل میں کھلاڑیوں کا انتخاب کیسے ہوتا رہا ہے؟
پاکستان سپر لیگ میں اب تک پہلے کھلاڑی کے انتخاب کا حق آخری نمبر پر آنے
والی ٹیم کو دیا جاتا رہا ہے۔
لاہور قلندر کی ٹیم چونکہ ہر پی ایس ایل ایڈیشن میں آخری نمبر پر آتی رہی
ہے لہذا ڈرافٹنگ کے مرحلے میں پہلا کھلاڑی وہی منتخب کرتی رہی ہے۔
گذشتہ برس پاکستان سپر لیگ کی گورننگ کونسل میں یہ تجویز سامنے آئی تھی کہ
ڈرافٹنگ میں کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے متفرق طریقہ اختیار کیا جائے۔
اس طریقے کو رواں برس پاکستان سپر لیگ کے سیزن میں اپنایا جانا تھا لیکن
پھر یہ طے ہوا کہ اسے سنہ 2020 کے پی ایس ایل مقابلوں سے شروع کیا جائے۔
|
|
تین نومبر کو ہونے والی تقریب میں سٹریٹ کرکٹ کا کوئی نہ کوئی دلچسپ طریقہ
اختیار کر کے یہ فیصلہ کر لیا جائے گا کہ ڈرافٹنگ میں پہلی پِک کس فرنچائز
کی ہو گی۔ ڈرافٹنگ کی تقریب آئندہ ماہ لاہور میں ہو گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل مقابلوں میں اس بار کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ
کے لیے ایک سافٹ ویئر تیار کیا ہے جس کے ذریعے تمام فرنچائزز اپنے کھلاڑیوں
کا انتخاب کریں گی۔
پاکستان سپر لیگ میں ہر ٹیم دس کھلاڑیوں کو برقرار رکھ سکتی تھی تاہم اس
بار یہ تعداد کم کر کے آٹھ کر دی گئی ہے۔
|