ایمسٹرڈم میں مسافر طیارے کا اغوا، حقیقت دلچسپ

ہالینڈ کے شہر ایمسٹرڈم کے شیپول ایئر پورٹ پر غلطی سے ہنگامی حالت میں سکیورٹی اہلکاروں کی بہت بڑی نفری طلب کر لی گئی۔ ایک ہسپانوی طیارے کے پائلٹ نے غلطی سے وہ بٹن دبا دیا تھا، جس کے ذریعے ہائی جیکینگ کی اطلاع دی جاتی ہے۔
 

image


ایمسٹرڈم سے جعمرات سات نومبر کو ملنے والی مختلف نیوز ایجنسیوں کی رپورٹوں کے مطابق یہ واقعہ ایمسٹرڈم کے اس شیپول ایئر پورٹ پر پیش آیا، جو ہالینڈ کا سب سے بڑا ایئر پورٹ ہے اور یورپ کے بڑے ہوائی اڈوں میں شمار ہوتا ہے۔ اس ایئر پورٹ پر اسپین کی ایک ایئر لائن کے ایک طیارے کے پائلٹ نے ایسی غلطی کی، جس نے ہر کسی کو پریشان کر دیا اور شیپول ایئر پورٹ کے ایک حصے کو فوراﹰ فضائی ٹریفک کے لیے بند بھی کر دیا گیا۔

یہ طیارہ اسپین کی Air Europa نامی کمپنی کا ہوائی جہاز تھا، جس کے پائلٹ نے پرواز سے قبل طیارے میں مسافروں کی بورڈنگ کے دوران غلطی سے ایمرجنسی کی اطلاع دینے والا بٹن دبا دیا تھا۔ یہ ایمرجنسی بٹن وہ تھا، جس کے ذریعے کوئی بھی پائلٹ کسی طیارے کے ہائی جیک کر لیے جانے کی اطلاع دیتا ہے۔

اس درست سمجھی گئی ہنگامی اطلاع کے بعد چند لمحوں کے اندر اندر ڈچ پولیس کے خصوصی مسلح دستے ایئر پورٹ کے رن وے پر پہنچ گئے اور انہوں نے بلاتاخیر یہ مسافر طیارہ خالی کرا لیا۔ پھر ایک گھنٹے بعد جب ہر قسم کی تسلی کر لی گئی کہ معاملہ کسی حقیقی ہائی جیکنگ کا نہیں تھا، تو اس ہسپانوی طیارے کو شیپول ایئر پورٹ سے پرواز کی اجازت دے دی گئی۔

بعد ازاں متعلقہ ایئر لائن نے متاثرہ مسافروں سے اور ٹوئٹر پر ایک پیغام میں بھی اپنے پائلٹ کی اس غلطی پر معذرت بھی کر لی۔ اس ٹویٹ میں کہا گیا، ''کچھ بھی نہیں ہوا۔ تمام مسافر محفوظ ہیں اور ہم اس واقعے پر دل سے معذرت خواہ ہیں۔‘‘ اس واقعے کی وجہ سے شیپول ایئر پورٹ پر معمول کی مسافر پروازوں کا نظام بدھ کو رات گئے تک متاثر رہا۔ جب پائلٹ نے غلطی سے ایمرجنسی بٹن دبایا تھا، تب اس طیارے میں ستائیس مسافر موجود تھے۔
 

image


ایمسٹرڈم کا شیپول ایئر پور‌ٹ یورپ کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں سے ایک ہے، جسے ہر سال 70 ملین سے زائد مسافر استعمال کرتے ہیں۔

دیگر رپورٹوں کے مطابق ڈچ پولیس کے فضائی سفر میں سلامتی کے ماہرین اس بارے میں چھان بین کر رہے ہیں کہ طیارے کے پائلٹ نے غلطی سے ہائی جیکنگ کا الارم بجا کیسے دیا۔ اس لیے کہ ان ماہرین کے مطابق ایسا صرف کسی ایک بٹن کو اچانک دبا دینے سے نہیں کیا جا سکتا بلکہ اس کے لیے پائلٹ کو چار اعداد پر مشتمل ایک کوڈ بھی کنٹرول ٹاور کے عملے کو بتانا ہوتا ہے۔


Partner Content: DW
YOU MAY ALSO LIKE:

SCHIPHOL, Netherlands (AP) — An accidental hijack warning set off from the cockpit of a plane triggered a big security operation at Amsterdam's Schiphol Airport on Wednesday night, a Spanish airline and Dutch military police said.