"الله کا احساس"

معلوم نہیں کہ الله کیا ہے ، لیکن وہ ہے ، اور وہ بڑا ہی خوبصورت ہے ، اسے خوبصورت کہوں ، اسے قرین کہوں ، معتبر کہوں ، بزرگ کہوں، برتر کہوں، بہترین کہوں ، الہیٰ کہوں ، اعلیٰ کہوں ، مستحسن کہوں ، اسے کیا کیا کہوں اور خواہ کچھ بھی نہ کہوں ، اس نے خوبصورت اور حسین رہنا ہے. نہ الفاظ اسکی تعریف کر سکتے ہیں نہ وہ سطروں میں بیان ہو سکتا ہے ، وہ ان تمام ناموں میں موجود ہو خواہ نہ ہو حد یہ ہے کہ وہ الله ہے...اور لا محدود بھی یہی ہے کہ وہ الله ہے.......اور اسکی تعریف تو اسی آیت میں خوب نظر آئی جب اس نے حضرت موسیٰ علیہ السلام سے فرمایا " یہ میں ہوں تیرا الله"..اس ایک آیت پر قربان ہونے کو جی چاہتا ہے ، الله نے اپنے نبی سے کہا تو الله نے اپنے بندے سے کیوں کر نہ کہا ، جا بجا کہا ، ہر جا کہا، تبھی تو وہ جا بجا ہو گیا، میں کیسے کہوں میرا کوئی نہیں ، اس نے بات مکمل کر دی یہ کہہ کر کہ "تیرا میں ہوں" وہ ہی وارث، اچھا اور بہترین وارث ، وہ لا وارثوں کا بھی وارث اور وارثوں کا بھی وہی وارث.....وہ قائم ، عدیم ، عدم ، ازل ، عبد،....اسکے نہ جانے کتنے مقام اور نام ہیں. لیکن اسکا بہترین تعارف "الله" ہے.

الله کا احساس انسان کو کس وقت نہیں ہوتا، الله نگاہ سے غائب رہا لیکن دل میں موجود رہا ، کبھی ہم نے سوچا ہے کہ الله ہماری باتوں کا جواب آواز میں نہیں دیتا خاموشی سے کیوں دیتا ہے ، وہ بولتا کیوں نہیں، کیا وہ سنتا ہی نہیں ہے ، یا ہم تک اسکی آواز نہیں پہنچتی، الله بولتا ہے، وہ اپنے بندے سے بات کرتا ہے، کلام کرتا ہے ، اسے جواب دیتا ہے...اپنے کلام میں...قران پاک میں....اسکی دعا کی قبولیت میں ، اسے تھام کر ، اسے راستہ دکھا کر، اسکے آنسوؤں میں...الله جواب دیتا ہے....

حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا جب میں چاہتا ہوں میرا الله مجھ سے بات کرے تو میں قران پڑھتا ہوں، الله کی ذات کتنی مقرب، معظم، بزرگی والی ہے، کہ اس نے ہر بات کا جواب بندے کو اپنے کلام میں دے دیا ، انسان کو اپنی بے صبری، بے قراری اور لمحوں کے تنگ ہونے کا جواب نہیں ملتا ، لیکن الله جواب دے رہا ہے، الله نے سورہٴ طٰہٰ میں فرمایا کہ "جس نے میری یاد سے منہ پھیرا اس کے لئے تنگ زندگانی ہے". اور اپنی یاد والوں کے لئے الله ہی جنت کی خوشخبری دیتا ہے، ساتھ ہی فرماتا ہے کہ "میں چھپا جانتا ہوں اور وہ بھی جو اس سے بھی زیادہ چھپا ہے".تو جو سب جانتا ہے وہ ساتھ ہے.

الله کا احساس یہی ہے کہ الله آپکے ساتھ ہے ، ہر لمحہ، سوتے جاگتے ، وہ جو جاگتا ہے ، زندہ ہے ، قائم ہے ،پاس ہے. آپ غافل ہو جاتے ہیں ، بھول جاتے ہیں وہ نہیں بھولتا، یہ یاد رکھنا کہ الله مجھے نہیں بھولا اسکا احساس ہی ہے ، اسکی یاد اسکا احساس ہی تو ہے، ہر پل میں اس سے کلام کرنا اپنی ان کہی اس سے کہنا ، الله کا احساس ہی تو ہے....الله کا احساس بس اتنا ہی سادہ، مکمل اور صاف ہے کہ "الله ساتھ ہے".باقی اس سے آگے منزلیں جدا ، راستے الگ...لیکن احساس ایک....الله واحد اسکا احساس بھی واحد....پھر زندگی میں لمحے بٹ سکتے ہیں ، روز و شب الگ ہو سکتے ہیں لیکن الله کا احساس نہیں بٹ سکتا....وہ موجود رہتا ہے....اور الله خود فرماتا ہے " میں قریب ہوں، بہت قریب"....اسے قریب جان لینا اسے پاس پا لینا ہی اسکا احساس ہے.

الله اپنے احساس والے کو تنہا نہیں کرتا...پھر جو اسکا ہو جائے الله بھی اسی کا ہو جاتا ہے....پھر تنہائی میں وہی ساتھ ہے ، محفل میں بھی وہ پاس ہے، وہ جو خود تنہا ہے اپنے بندے کا ساتھی ہو جاتا ہے...یہ احساس انسان کو مجاز میں نہ ملا نہ مل سکتا ہے کیونکہ اسکا عطا کرنے والا صرف الله ہے، یہ احساس صرف رب کائنات کے لئے ہے...دکھ احساس میں پلتے ہیں لیکن اس احساس میں دکھ فنا ہو جاتے ہیں. قائم صرف وہی رہتا ہے جو ذرے اور کائنات کا مالک ہے...اس احساس سے آگے کا جہاں مغموم اور پر کیف ہے....اس سے آگے بس ایک رنگ رہ جاتا ہے...الله کا رنگ...اور الله کا رنگ ہی سب سے بڑھ کر خوبصورت اور بیان سے لا بیان ہے....اور الله کا بہترین تعارف کروانے والے نبی محترمﷺ ہیں. اور یہی تعارف باعث تکریم،لازم و ملزوم اور حیات کے لئے کافی و مکمل ہے.

Quratulain Ashraf
About the Author: Quratulain Ashraf Read More Articles by Quratulain Ashraf: 13 Articles with 28540 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.