مجھے لگن لگی

لگن کے معنی ہے دلجمعی چاہت اور توجہ کے ساتھ کسی کام میں لگ جانا دین ودنیا کا کوئی کام بھی ہو بغیر محبت وچاہت کے نہیں ہوسکتا۔اس کام سے محبت کو عرف میں لگن کہا جاتا ہے یعنی جب تک کسی کام کی لگن نہ لگے اور اسکی چاہت نہ ہو وہ کام ہو ہی نہیں سکتا کہا جاتا ہے کہ ” مجھے لگن لگی“ یہ الگ بات ہے کہ کسی کام کو جبر اور سختی سے کرایا جائے تب بھی وہ ہو تو جائے گا مگر اس طرح وہ بات نہیں بنتی جو لگن کے ساتھ بنتی ہے۔دنیا میں جتنی بھی ایجادات، تخلیقات،چہل پہل رونق اور کارہائے نمایاں نظر آتے ہیں وہ سب لگن کے ہی مرہون منت ہیں۔لوگ صبح سویرے اٹھتے ہیں اور کام کو جاتے ہیں، دکانیں اور فیکٹریاں دن رات چل رہی ہیں اور مال تیار ہو رہا ہے، اسی طرح علمی و ادبی جواہر پارے، تفسیر حدیث ،فقہ یا کسی اور شعبے میں تحقیقی کام ہو رہا ہے تو یہ سب لگن کا ہی نتیجہ ہے۔

کسی مقصد کو پانے کیلئے اسکی لگن لگنا ضروری ہے مقصد چاہے کیسا ہی کیوں نہ ہو وگرنہ کچھ حاصل ہو نہیں سکتا اگر کوئی شخص اللہ تبارک و تعالیٰ کی معرفت اور اس سے ملاقات کی چاہت رکھتا ہے تو یہ بھی ہو سکتا ہے فرمان الٰہی ہے”جو کوئی ہمارے لئے جدوجہد کرتا ہے تو ہم اسے اپنے راستے(یعنی اپنی طرف آنے کے راستے) دکھا دیتے ہیں“ اور فرمایا” انسان کیلئے وہی کچھ ہے جس کیلئے اس نے سعی یعنی جدوجہد کی پھر اسکی جدوجہد کو دیکھا جائے گا اور اسے اسکا پورا پورا بدلہ عطا کیا جائے گا“(القرآن)آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اعمال کا دارومدار نیتوں پر ہے اور انسان کیلئے وہی کچھ ہے جسکی اسنے نیت کی اگر اس نے اللہ اور اسکے رسولﷺ کو پانے کی نیت کی تو وہ اسکو مل جائیں گے اور اگر اسکی نیت (اور کوشش) دنیا کو حاصل کرنے یا کسی عورت کو پانے اور اس سے شادی کرنے کی ہے تو وہ بھی اسے حاصل ہوجائے گا(متفق علیہ)

ان آیات و حدیث سے یہ ثابت ہوا کہ انسان جس مقصد کو حاصل کرنے کیلئے دل میں چاہت و لگن رکھتا ہے اور اس کیلئے کوشش کرتا ہے تو وہ اس میں کامیاب ہو جائے گا کسی منزل کو پانے کیلئے سیدھا اور مسلسل چلنا شرط ہے اسی کا نام لگن ہے۔
Muhammad Rafique Etesame
About the Author: Muhammad Rafique Etesame Read More Articles by Muhammad Rafique Etesame: 184 Articles with 289052 views
بندہ دینی اور اصلاحی موضوعات پر لکھتا ہے مقصد یہ ہے کہ امر بالمعروف اورنہی عن المنکر کے فریضہ کی ادایئگی کیلئے ایسے اسلامی مضامین کو عام کیا جائے جو
.. View More