دعا منگی: ’اغوا کاروں کو لباس و انداز سے غلط فہمی ہوئی‘

image


’صبح ساڑہ دس بجے کا وقت تھا سارے گھر والے ٹیلیفون کال کے انتظار میں تھے کہ دروازے پر کال بیل بجی ایک فرد اٹھا اور باہر جاکر دیکھا تو دعا منگی موجود تھی۔ کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ میں رہائشی ڈاکٹر نثار منگی کا خاندان تقریبا سات روز سے ذہبی اذیت کا شکار رہا تھا۔

دعا منگی کو 30 نومبر کی شب خیابان بخاری سے کار میں سوار چار مسلح افراد نے اغوا کرلیا تھا جبکہ اس دوران دعا کے دوست حارث سومرو کو گولی مار کر زخمی کردیا گیا تھا۔

درخشاں پولیس کے مطابق آٹھ بجے کے قریب خیابان بخاری میں چائے کے ڈھابے کے قریب دعا منگی اپنے دوست حارث سومرو کے ساتھ واک کر رہی تھیں مسلح افراد حملہ آور ہوئے۔

دعا کے والد نثار منگی ڈاکٹر ہیں اور حال ہی میں جناح ہسپتال سے ریٹائر ہوئے ہیں، ان کی پانچ بیٹیاں ہیں جن میں سے دو ڈاکٹر ہیں۔ دعا ان میں چھوٹی ہے وہ دو سال امریکہ میں زیر تعلیم رہیں اس کے بعد واپس کراچی آکر نجی یونیورسٹی میں قانون کے شعبے میں داخلہ لیا جہاں وہ دوسرے سال کی طالبہ ہیں۔

کراچی کی سڑکوں اور سندھ اسمبلی کے ایوانوں میں دعا منگی کی بازیابی کے لیے احتجاج کیے گئے جبکہ سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر دو روز دعا منگی ٹاپ ٹرینڈ رہا تھا۔

دعا منگی کے ماموں اعجاز منگی کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے مسلسل سست رفتاری رہی اور کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی جس کے بعد فیملی نے اپنے طور پر اس کیس کو سنبھالا۔
 

image


’دعا نے اپنے خاندان کو بتایا کہ انہیں سات روز تک ہاتھ اور پیر میں زنجیر باندھ کر رکھا گیا جبکہ آنکھوں پر بھی پٹی بندھی ہوئی تھی تاہم ان پر کوئی تشدد نہیں کیا گیا، ملزمان آپس میں اردو زبان میں بات کرتے تھے اور وہ پروفیشنل کرمنلز لگتے تھے۔

اغوا کاروں نے دعا منگی کے خاندان سے واٹس ایپ پر رابطہ کیا تھا اور بھاری تاوان طلب کیا، خاندان کے ایک رکن نے بی بی سی کو بتایا کہ دعا کی بہن نے واٹس ایپ کال پر ہی ملزمان کو اپنا گھر اور علاقہ دکھایا اور بتایا کہ وہ مڈل کلاس خاندان سے تعلق رکھتے ہیں جس کے بعد دو کروڑ سے معاملہ بیس لاکھ روپے تک آیا۔

کراچی میں بدامنی اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے بعد ڈفینس کے علاقہ خیابان بخاری میں کیفے اور مختلف ناموں سے چائے کے ڈہابہ مقبول ہوئے جہاں شہر بھر سے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں آکر آلو پراٹھا، قیمہ پراٹا، چاکلیٹ پراٹھے سمیت چائے کی مختلف اقسام سے لطف اندوز ہوتے تھے۔ یہ سلسلہ رات گئے تک جاری رہتا تھا۔

دعا کے ماموں اعجاز منگی کا کہنا ہے کہ یہاں پر لڑکیوں کی ریکی کی جاتی ہے جس کے بعد انہیں ٹارگٹ کیا جارہا ہے جبکہ پولیس کا گشت اور سراغ رساں نیٹ ورک کمزور نظر آتا ہے۔ ملزمان نے دعا منگی کو کہا تھا کہ ہم تمہارے لباس اور انداز سے غلطی فہمی کا شکار ہوئے کہ کسی امیر خاندان سے تعلق رکھتی ہو۔

کراچی پولیس نے دعا منگی کیس کو بسمہ کیس سے مشہابت دی تھی بسمہ کو ڈیفینس سے اغوا کیا گیا تھا اس کی واپسی بھی تاوان کی بھاری رقم ادا کرنے کے بعد ہوئی، دعا منگی کا اغوا اور پھر تاوان کے بدلے رہائی کا انداز بھی وہ ہی رہا۔ دونوں میں پولیس کی کوئی پیش رفت سامنے نہیں آسکی۔ دعا منگی کا بھی خیال ہے کہ یہ وہ ہی گینگ تھا جس نے بسمہ کو اغوا کیا۔
 

image


دعا منگی کے خاندان کا کہنا ہے کہ ملزمان صفوراں چورنگی سے حسن اسکوائر کے درمیاں کہیں ٹھکانہ رکھتے ہیں دعا منگی کے والد کو بھی اسی علاقے میں بلایا گیا تھا۔ " دعا منگی کو جب رہا کیا گیا تو ملزمان نے متنبہ کیا کہ کراچی میں اغوا کرنا مشکل ہے لیکن ٹارگٹ کلنگ بھی آسان ہے۔ جس کی وجہ سے وہ خوفزدہ ہیں۔

دعا منگی کے اغوا کے وقت زخمی حارث سومرو اس وقت شہر کے نجی ہسپتال میں زیر علاج ہے، دعا کے ماموں اعجاز منگی کا کہنا ہے کہ حارث نے ایک ہیرو کی طرح مزاحمت کی تھی حکومت اور اداروں کی جانب سے اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے نجی ہپستال میں علاج کی وجہ سے یہ خاندان کافی مشکلات کا سامنا کر رہا ہے۔

حارث سومرو جس پستول سے زخمی ہوئے اس گولی کے خول کی فارنسک رپورٹ کے مطابق یہ اسلحہ پہلے کبھی استعمال نہیں کیا گیا تھا لیکن اعجاز منگی کا کہنا ہے کہ حال ہی میں وفاقی اردو یونیورسٹی کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں وہاں سے ملنے والوں خول حارث پر استعمال کیے گئے اسلحے سے مشہابت رکھتے ہیں۔

دوسری جانب پولیس حکام دعا کے خاندان پر تعاون نہ کرنے کا شکوہ کرتے رہے ہیں تاہم دعا کی واپسی کے بعد بھی پولیس یا دیگر کسی ادارے کی کوئی بڑی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔ کراچی آپریشن کے نکات میں ایک نکتہ اغوا برائے تاوان بھی تھا، اس آپریشن کا مرکزی کردار رینجرز کو دیا گیا تھا۔


Partner Content: BBC
YOU MAY ALSO LIKE: