اسکول لنچ باکس میں دی جانے والی اشیاﺀ جو بچوں کی صحت کے لیے خطرناک ہیں

image


موجودہ زمانے میں جہاں والدین پر بچوں کی تعلیم کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے وہیں پر ایک اور اہم ذمہ داری بھی والدین پر عائد ہوتی ہے اور وہ ذمہ داری بچوں کی کھانے کی عادات بنانا ہے ۔ اس تربیت کے ذریعے والدین مستقبل کی بہت ساری بڑی بیماریوں جیسے موٹاپا، ذیابطیس ، بلند فشار خون سے اپنے بچوں کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ اسکول جانے والے بچوں کے لنچ باکس کی تیاری والدین کے لیے اہم فریضہ ہوتا ہے ۔اس لنچ باکس کی تیاری میں والدین بچوں کی پسند کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسی اشیا بھی رکھ دیتے ہیں جو ان کو صحت مند بنانے کے بجائے بیمار کر دینے کا باعث بنتی ہیں- تو آج ہم آپ کو بتائيں گے کہ بچوں کے لنچ باکس میں ایسی کون سی اشیاﺀ ہیں جو کہ نہیں رکھنی چاہئیں-

1: بازاری نگٹس
یہ بچوں کی پسندیدہ ترین خوراک ہوتے ہیں اور والدین بچوں کی پسند کو پیش نظر رکھتے ہوئے خطیر رقم خرچ کر کے ان کے لنچ باکس کے لیے خرید لیتے ہیں اس طرح ایک جانب تو وہ اپنا وقت بچا لیتے ہیں- کیوں کہ یہ صبح کے وقت میں تیار کرنا بھی آسان ہوتا ہے اور بچے خوشی سے بھی کھا لیتے ہیں مگر ان نگٹس کی تیاری کے دوران ان میں سوڈیم کی بڑی مقدار استعمال کی جاتی ہے- اس کے علاوہ ان کو محفوظ کرنے کے لیے ان میں دیگر کیمیکل بھی موجود ہوتے ہیں جس کے سبب ان میں غذائيت کا خاتمہ ہو جاتا ہے- اس لیے والدین کو بازاری نگٹس کے بجائے گھر کے بنے ہوئے نگٹس دیے جا سکتے ہیں ایک تو یہ کم قیمت ہوتے ہیں دوسرا ان میں مضر صحت اشیاﺀ بھی نہیں ہوتی ہیں-

image


2: آلو کے چپس
آلو کے چپس لنچ باکس میں سب سے زیادہ دی جانے والی چیز ہے مگر یہ درحقیقت سب سے خطرناک چیز ہے- اس میں ایک جانب تو بہت زیادہ نمکیات موجود ہوتی ہے اس کے ساتھ اس میں موجود چکنائی بچوں کے لیے آنے والے وقت میں کئی بیماریوں کا باعث بن سکتی ہے- اس کے علاوہ یہ بچوں کو جنک فوڈ کھانے کی عادت ڈال دیتی ہے- اس عادت کے سبب بچے کا جسم بھوک لگنے پر ایسی ہی غذا کا تقاضا کرتا ہے جو کہ بلند فشار خون کا سبب بنتا ہے اور بڑے ہونے پر صحت کے لیے خطرناک ہوتا ہے-

image


3: ڈبے والے جوسز
چپس کے ساتھ والدین بچوں کو پانی کے بجائے جوسز کے ڈبے لنچ باکس میں دے دیتے ہیں جس میں فروٹ تو موجود نہیں ہوتے بلکہ اس کی جگہ پر مصنوعی فلیور اور مٹھاس شامل ہوتے ہیں جو بچے کو غذائيت دینے کے بجائے زيادہ ہائپر کرنے کا باعث بنتا ہے- اس کے علاوہ اس سے پیاس بھی بڑھ جاتی ہے اس لیے اس کی جگہ پر تازہ جوس دینے سے بچے کی صحت بھی بچ جاتی ہے اور ان کو توانائی بھی حاصل ہوتی ہے- یا پھر اس کی جگہ پر مشروب کے طور پر بچے کو سادہ پانی پینے کی عادت ڈالیں جو کہ اس کی صحت کے لیے بھی بہتر ہوتا ہے اور اس کے اندر مثبت عادات پیدا کرنے کا بھی باعث بنتا ہے-

image


4: مایونیز اور مارجرین والے سینڈوچ
آسانی سے دیے جانے والے لنچ کی فہرست میں بھی یہ بھی مشہور ترین لنچ ہے- ڈبل روٹی کے سلائس پر چکن اسپریڈ یا مارجرین اور جام لگا کر بچوں کو دے دیا جاتا ہے جو کہ صرف پیٹ بھرنے کا باعث بنتا ہے- اس سے بچوں کو توانائی کے نام پر صرف اور صرف مضر صحت چکنائی ملتی ہے جو ان کے موٹاپے کا باعث بنتی ہے اور قد کے بڑھنے کے عمل کو روک دیتی ہے- اس کے بجاے ان کو مکھن لگا کر دیا جا سکتا ہے اور جیم بھی گھر میں تازہ پھلوں سے تیار کیا جا سکتا ہے جس میں طاقت بھی ہوتی ہے-

image


5: فروٹ جیلی اور کینڈیز
فروٹ جیلی جو کہ پھلوں کے نام کے سبب بہت سارے والدین سمجھتے ہیں کہ اس میں پھلوں کی طاقت موجود ہوتی ہے یہ ان کی خام خیالی ہے- اس جیلی میں پھلوں کے فلیور کے علاوہ کچھ بھی شامل نہیں ہوتا ہے اس کے علاوہ بچوں کو لنچ میں کینڈیز بھی دی جاتی ہیں جو کہ آرٹیفشل فلیور کے سبب صرف اور صرف نقصان پہنچاتا ہے -

image
YOU MAY ALSO LIKE: