سردیوں کی چھٹیاں بچوں کو چند چیزیں سِکھانے کا بہترین وقت

image


عام طور پر زندگی بہت مصروف ہوتی جا رہی ہے اور اسی سبب انسان کاموں میں اس حد تک مصروف رہنے لگا ہے کہ اس کو اپنے اور اپنے گھر والوں کے لیے وقت ملنا بہت دشوار ہو گیا ہے- اسی وجہ سے سردی اور گرمی کی اسکول کی جانب سے ملنے والی چھٹیاں کچھ والدین کے لیے نعمت اور کچھ کے لیے زحمت کا باعث بن جاتی ہیں- کیوں کہ بچوں کے گھر ہونے کے سبب والدین کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہو جاتا ہے - مگر ان ذمہ داریوں کو مناسب منصوبہ بندی کے ذریعے اچھے طریقے سے بھی ادا کیا جا سکتا ہے- خاص طور پر چھوٹے بچوں کے والدین ان چھٹیوں کے ذریعے بچوں کو ایسی سرگرمیوں میں مصروف کر سکتے ہیں جو کہ ان کی آئندہ زندگی میں بہت مفید ثابت ہو سکتی ہیں-

1: دن بھر کا ایک ٹائم ٹیبل بنائیں
عام طور پر چھٹیوں کا مطلب ساری روٹین کو ختم کرنے سے لیا جاتا ہے- بچے دیر تک سوتے رہتے ہیں اور اس کے بعد جب جاگتے ہیں تو ان کے پاس کسی بھی تعمیری کام کا وقت نہیں ہوتا اور وہ اپنا سارا وقت ٹی وی اور موبائل کے ساتھ گزارتے ہیں- مگر اس بے مقصد تعطیلات کو ایک مکمل روٹین بنا کر بامقصد تعطیلات میں بھی تبدیل کیا جا سکتا ہے جس میں آپ بچے کو ایک ایسا ٹائم ٹیبل بنا کر دیں جس کو اس کی چھٹیوں اور دلچسپیوں کے مطابق شیڈول کریں-
 

image


2: بچوں کو ٹاسک دیں
بچوں کو مختلف تعمیری سرگرمیوں میں مصروف رکھنے کے لیے ان کو مختلف قسم کے چھوٹے چھوٹے ٹاسک دیں- جیسے کہ کسی جگہ کی صفائی ، یا پھر کسی ٹوٹے ہوئے کھلونے کی مرمت وغیرہ جیسے ٹاسک بچوں کو دیں اور پھر شام میں ان سے رپورٹ لیں- اس طرح سے بچے اپنا فارغ وقت کسی تعمیری سرگرمی میں گزار سکیں گے-

3: ہر روز ایک نیک کام کرنے کا کہیں
بچوں کو فلاحی کاموں کی جانب راغب کرنے کے لیے اس سے بہتر موقع کوئی نہیں ہو سکتا- اپنے بچوں میں دوسروں کی مدد کا جذبہ پیدا کریں اور ان سے کہیں کہ وہ چھٹیوں کے دنوں میں اس طرح کی کوئی نہ کوئی نیکی روزانہ کی بنیاد پر کریں اور اس کو تحریر کریں- اس طرح سے ایک جانب تو بچے میں نیکی کا جذبہ پیدا ہوگا دوسرا اس کی تحریری صلاحیت میں بھی اضافہ ہوگا-

4: کہانی کی کتابیں لا کر دیں
چھٹیوں سے قبل ہی اس بات کا اہتمام کریں کہ بچوں کے لیے نئی کہانی کی کتابیں لا کر رکھیں اور ان کو اس بات کا پابند کریں کہ وہ دن بھر میں لازمی ایک فارغ وقت میں ان کا مطالعہ کریں- اور پھر ان کتابوں کے بارے میں بچوں سے بات چیت کریں مطالعے سے بچوں کے دماغ کی نشو نما میں قابل ذکر اضافہ ہوتا ہے-
 

image


5: کچن گارڈن بنوائيں
چھٹیوں میں بچوں سے کچن گارڈن بنوانے کا بھی اہتمام کریں اس کے لیے کچھ گملے اور گھر میں موجود اشیاﺀ کے ہی بیچ درکار ہوں گے- بچے جب ان بیچ کو لگا کر ان کی دیکھ بھال کریں گے اور ان میں سے نکلنے والے نئے پودوں کا استقبال کریں گے تو ایک جانب تو اس طرح وہ فطرت کے قریب تر ہوں گے اور دوسری جانب مٹی میں کام کرنے سے ان کی ورزش ہوگی اور ان میں عاجزی بھی پیدا ہوگی-

YOU MAY ALSO LIKE: