یار کو ہم نے جا بجا دیکھا - قسط نمبر 19

مجھے سندیپ سے ملنا ہے. علیزے پولیس اسٹیشن پہنچ کر اس سے ملاقات کی خواہش کر رہی تھی. انسپیکٹر صاحب نے ایک کانسٹیبل کو ہاتھ کے اشارے سے بلایا
جا میڈم کو اس پاگل سے ملوا دے. انسپیکٹر صاحب کے پاگل کہنے پر جاتی ہوئی علیزے نے مڑ کر حیرانی سے دیکھا لیکن خاموشی سے چل دی
سنو یہ انسپیکٹر صاحب اسے پاگل کیوں بول رہے تھے. سلاخوں تک پہنچنے سے پہلے علیزے نے کانسٹیبل سے پوچھ ہی لیا
کیا بتائیں میڈم جی.جب آپ ملنے آتی ہیں تو منہ سے کچھ پھوٹتا نہیں آپ چلی جاتی ہو تو چیخ چیخ کر آپ کو پکارنے لگتا ہے. سلاخوں کے قریب پہنچ کر کانسٹیبل نے سندیپ کو آوازیں دینا شروع کردیں لیکن وہ بہت گہری نیند سویا ہوا تھا شاید اس لیے اس کے جسم میں اتنی آوازوں کے با وجود کوئی جنبش نہ ہوئی
ارے نہیں نہیں سو رہے ہیں تو سونے دو میں پھر آ جاوں گی. در حقیقت وہ اسے ایک نظر دیکھنے ہی تو آئی تھی لیکن چونکہ وہ گھٹنوں میں سر دیے بیٹھا تھا اس لیے وہ اس کی ایک جھلک بھی نہ دیکھ سکی اور انتہائی مایوس ہو کر لوٹ گئی
☆☆☆☆☆☆☆☆☆☆☆☆☆☆☆☆
سنا ہے جی آپ کے پوتے کو پولیس نے پکڑ لیا. ایک آدمی جس کو دادا جی نے پہلے کبھی نہیں دیکھا تھا ان سے ملنے آیا اور آتے ہی اپنے آنے کا مقصد بیان کرنے کے لیے تمہید باندھنے لگا
جی یہ سچ ہے لیکن میں نے آپ کو پہچانا نہیں. دادا جی اسے پہچاننے کی کوشش کر رہے تھے
آپ نے اس لیے نہیں پہچانا کیونکہ آج سے پہلے میں کبھی آپ سے ملا نہیں. وہ بہت پر اعتماد شخص تھا
جی کہیے کیا خدمت کر سکتا ہوں آپ کی. دادا جی بھی اب شاید اس کے آنے کا مقصد جاننا چاہتے تھے
خدمت تو ہم آپ کی کرنا چاہتے ہیں بابا جی. آپ کے پاس کیا کوئی ثبوت ہے آپ کے پوتے کو بچانے کے لیے. وہ آدمی بھی شاید بات کو مزید لمبا کھینچنا نہیں چاہتا تھا
اللہ ہے نا بیٹا بچانے والا. وہ کوئی نا کوئی وسیلہ ضرور بنائے گا. دادا جی نے انتہائی اطمینان سے کہا
ہو سکتا ہے اللہ نے مجھے ہی وسیلہ بنا کر بھیج دیا ہو بابا جی. وہ دادا جی کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر گویا ہوا
کیا مطلب بیٹا جی. دادا جی حیرانی سے اس کی طرف دیکھ رہے تھے
مطلب بابا جی کہ آپ کو اگر اس واقعہ کی سی سی فوٹیج مل جائے تو آپ یہ ثابت کر سکتے ہیں کہ آپ کا پوتا بیگناہ ہے. آخر وہ آدمی اصل بات کی طرف آ ہی گیا
لیکن ہمارے پاس تو سی سی فوٹیج نہیں ہے بیٹا. دادا جی نے فکر مندی سے کہا
اسی لیے تو کہا بابا جی کہ اللہ نے مجھے آپ کا وسیلہ بنا کر بھیج دیا ہے. کیونکہ میرے پاس وہ فوٹیج ہے جس کو آپ عدالت میں ثبوت کے طور پر پیش کر سکتے ہیں. اس آدمی نے کوٹ کی جیب میں ہاتھ ڈال کر ایک یو ایس بی نکال لی
لیکن آپ ہماری مدد کیوں کرنا چاہتے ہیں. اس میں آپ کا کیا فائدہ. دادا جی ابھی تک اس آدمی کی ہمدردی کا مقصد سمجھ نہیں پا رہے تھے
آپ آم کھائیں بزرگو. پیڑ نہ گنو. وہ آدمی دادا جی کے ہاتھ میں یو ایس بی تھما کر اٹھنے ہی والا تھا کہ دادا جی نے اس کا ہاتھ پکڑ کر پھر سے بٹھا لیا
آخر آپ کیوں بچانا چاہتے ہیں دیپ کو. آپ کا کیا فائدہ اس میں. دادا جی وجہ جاننا چاہ رہے تھے
بابا جی جس طرح آپ اپنے پوتے کو بچانا چاہتے ہیں. شائد اسی طرح کوئی اپنی اولاد کو بچانا چاہتا ہو. اب اس سے آگے کوئی سوال مت کیجیئے گا بزرگو. آپ اللہ والے ہو آپ کو وجہ خود بخود معلوم ہو جائے گی. اتنا کہہ کر وہ آدمی چلا گیا اور دادا جی یو ایس بی لے کر وکیل کے پاس چل دیے
 

Adeela Chaudry
About the Author: Adeela Chaudry Read More Articles by Adeela Chaudry: 24 Articles with 47382 views I am sincere to all...!.. View More