یہ وہ دور ہے جسے فتنوں کا دور کہا جاتا ہے ۔ دیکھتے ہی
دیکھتے گویا فتنے اُبل پڑے ہیں۔ لیکن اس موضوع پر جیسی توجہ دی جانی چاہیے
، نہیں دی جا رہی۔ہر ایک اپنی زندگی میں مست اور آخرت سے غافل ہے ۔ نتیجہ
سامنے ہے
نہ خدا ہی ملا، نہ وصالِ صنم
نہ اِدھر کے رہے ، نہ اُدھر کے رہے
مناسب معلوم ہوا کہ اس موضوع پر سیدالانبیاوالمرسلین حضرت محمد ﷺ کے چند
ارشادات پیش کر دیے جائیں۔ احادیث کی تشریح بالقصد نہیں کی گئی۔ پڑھتے
جائیے اور اپنے آس پاس کا جایزہ لیتے جائیے نیز اپنی اور اپنوں کی فکر
کیجیے ۔ اﷲ تعالیٰ ہم سب کے ساتھ خیر و عافیت کا معاملہ فرمائے ۔ آمین
چوکنّا رہنے کی ضرورت
حضرت ابوہریرہ رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے ، رسول اﷲ ﷺنے فرمایا: عنقریب ایک
اندھا، بہرا، گونگا فتنہ ہوگا، جو اس کی طرف توجہ کرے گا وہ اس کے نزدیک
ہوجائے گا۔ اور زبان کو اس کی طرف متوجہ کرنا ایسا ہے جیسے تلوار سے اس میں
شریک ہونا(یعنی زبان کو فتنوں کے دور میں مزید روکے رکھنا چاہیے )۔
(ابوداؤد)
صبر سے کام لیں
حضرت مقداد بن الاسود رضی اﷲ عنہ فرماتے ہیں، اﷲ کی قسم! بے شک میں نے رسول
اﷲ ﷺکو یہ فرماتے ہوئے سنا: بے شک سعادت مند شخص وہ ہے جو فتنوں سے بچا
رہا! بے شک سعادت مند شخص وہ ہے جو فتنوں سے بچا رہا! بے شک سعادت مند شخص
وہ ہے جو فتنوں سے بچا رہا! اور جو فتنوں میں مبتلا ہوگیا، پھر اس نے صبر
کیا، تو اس کے کیا کہنے !(ابو داؤد)
اور دروازہ توڑ دیا گیا
حضرت حذیفہ رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے ، حضرت عمر رضی اﷲ عنہ نے لوگوں سے
دریافت کیاکہ فتنے کے متعلق حضرت نبی کریم ﷺ کے ارشاد کو کون بخوبی بیان
کرسکتا ہے ؟ حضرت حذیفہ نے عرض کیا: میں! پھر حضرت حذیفہ نے بیان کیا کہ کس
شخص کے لیے اس کے اہل و عیال مال اور اس کا پڑوسی فتنہ ہیں اور ان فتنوں کا
کفارہ نماز، روزہ، صدقہ اور امر بالمعروف اور نہی عن المنکر ہے ۔ حضرت عمر
نے فرمایا: میں اسے فتنے کے متعلق نہیں پوچھ رہا، میں تو اس فتنے کی بات کر
رہا ہوں جو سمندر کی موج کی طرح اٹھے گا؟ میں نے عرض کیا: امیرالمومنین آپ
کے اور اس عظیم فتنے کے درمیان ایک بند دروازہ حائل ہے ! حضرت عمر نے
فرمایا: کیا وہ دروازہ کھولا جائے گا یا توڑدیا جائے گا؟ حضرت حذیفہ نے عرض
کیا: توڑدیا جائے گا۔ حضرت عمر نے فرمایا: تو پھر وہ قیامت تک دوبارہ بند
نہیں ہوگا! ابو وائل اپنی حدیث میں حماد کا یہ قول بھی نقل کرتے ہیں کہ میں
نے مسروق سے کہا کہ حذیفہ سے پوچھیے کہ وہ دروازہ کیا ہے ؟ تو حضرت حذیفہ
نے فرمایا: وہ حضرت عمر کی ذات ہے ۔(ترمذی)
اپنے ایمان کی فکر کریں
حضرت ابوہریرہ رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے ، رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: ان
فتنوں کے ظاہر ہونے سے پہلے جلد سے جلد نیک اعمال کرلو جو اندھیری رات کی
طرح چھا جائیں گے ۔ صبح آدمی ایمان والا ہوگا اور شام کو کافر، یا شام کو
ایمان والا ہوگا اور صبح کو کافر، اور دنیوی نفع کی خاطر اپنا دین بیچ ڈالے
گا۔ (مسلم)
پانی کے قطروں کی طرح
اسامہ بن زید رضی اﷲ عنہما نے بیان کیا کہ ایک مرتبہ حضرت نبی کریم ﷺ مدینے
کے ایک ٹیلے پر چڑھے اور فرمایا: کیا تم دیکھ رہے ہو کہ میں تمھارے گھروں
کے اندر فتنوں کو پانی کی طرح برستا ہوا دیکھ رہا ہوں!(بخاری)
پیشین گوئی سچ ہو گئی
حضرت ابوہریرہ رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے ، رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا: عنقریب فتنوں
کا ظہور ہوگا۔ ان فتنوں کے زمانے میں بیٹھنے والا بہتر ہوگا چلنے والے سے ،
اور چلنے والا بہتر ہوگا دوڑنے والے سے ۔ جو شخص ان فتنوں کی طرف جھانکے
گا، فتنہ اس کو اپنی طرف کھینچ لے گا۔ (اس زمانے میں) اگر کوئی پناہ کی جگہ
پائے تو وہاں جا کر پناہ حاصل کرلے۔(بخاری)
فتنوں سے بچنے کا راستہ
حضرت حذیفہ بن یمان رضی اﷲ عنہما نے بیان کیا کہ لوگ (اکثر) رسول اﷲ ﷺ سے
خیر کی بابت دریافت کرتے رہتے تھے اور میں آپ ﷺ سے شر اور فتنوں کی بابت
پوچھا کرتا تھا، اس خیال سے کہ کہیں میں کسی شر و فتنے میں مبتلا نہ
ہوجاؤں۔ ایک روز میں نے عرض کیا:اے اﷲ کے رسول ! ہم جاہلیت میں گرفتار اور
شر میں مبتلا تھے ، پھر خداوند تعالیٰ نے ہم کو اس بھلائی (یعنی اسلام) سے
سرفراز کیا۔ کیا اس بھلائی کے بعد بھی کوئی برائی پیش آنے والی ہے ؟ آپ نے
فرمایا: ہاں ! میں نے عرض کیا: اس بدی و برائی کے بعد بھلائی ہوگی ؟
فرمایا: ہاں ! لیکن اس میں کدورتیں ہوں گی۔ میں نے عرض کیا: وہ کدورت کیا
ہوگی ؟ فرمایا: کدورت سے مراد وہ لوگ ہیں جو میرے طریقے کے خلاف طریقہ
اختیار کریں گے اور لوگوں کو میری راہ کے خلاف راہ بتائیں گے ۔ تو ان میں
دین بھی دیکھے گا اور دین کے خلاف امور بھی۔ عرض کیا گیا: کیا اس بھلائی کے
بعد بھی برائی ہوگی ؟ فرمایا: ہاں ! کچھ لوگ ایسے ہوں گے جو دوزخ کے
دروازوں پر کھڑے ہو کر لوگوں کو بلائیں گے ، جو ان کی بات مان لیں گے ، وہ
ان کو دوزخ میں دھکیل دیں گے ۔ میں نے عرض کیا: اے اﷲ کے رسول ! ان کا حال
مجھ سے بیان فرمائیے ! آپ ﷺ نے فرمایا: وہ ہماری قوم سے ہوں گے اور ہماری
زبان میں گفتگو کریں گے ۔ میں نے عرض کیا: اگر میں وہ زمانہ پاؤں تو آپﷺمجھ
کو کیا حکم دیتے ہیں؟ آپ ﷺ نے فرمایا: مسلمانوں کی جماعت کو لازم پکڑو اور
ان کے امام کی اطاعت کرو! میں نے عرض کیا: اگر اس وقت مسلمانوں کی جماعت نہ
ہو اور امام بھی نہ ہو(تو کیا کروں)؟ آپﷺ نے فرمایا: تو ان تمام فرقوں سے
علیحدہ ہوجا، اگرچہ تجھے کسی درخت کی جڑ میں پناہ لینی پڑے ، یہاں تک کہ
اسی حالت میں تجھ کو موت آجائے۔(بخاری)
حاکموں کے در پہ جانا
حضرت ابن عباس رضی اﷲ عنہما سے روایت ہے ، رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا: جس شخص نے
جنگل میں سکونت اختیار کی وہ سخت خو اور بدخلق ہوگیا، جس نے شکار کا پیچھا
کیا وہ غافل ہوگیا، جو حاکموں کے دروازے پر گیا وہ فتنوں میں مبتلا
ہوگیا۔(ترمذی)
سماج میں رہنا مشکل ہو جائے گا
حضرت ابوسعید خدری رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے ، رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: وہ
زمانہ بہت قریب ہے کہ مسلمان کا بہترین مال بکریاں ہوں جنھیں وہ پہاڑوں کے
دروں اور جنگلوں میں لے کر چلا جائے اور اپنے دین کو فتنوں سے محفوظ رکھے
۔(بخاری)
(مضمون نگار الفلاح اسلامک فاؤنڈیشن،انڈیا کے ڈیریکٹر ہیں)
٭٭٭٭
|