دفتر میں دیر سے آنے کے ایسے بہانے جو ہر کوئی بناتا ہے

image


نوکری کرنا بھی بہت دل گردے کی بات ہوتی ہے یہ وہ ساز ہے جو ہر کسی سے بجایا نہیں جاتا ہے اس کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں- نوکری کرنے والوں کو سب سے پہلے تو وقت کی پابندی کی عادت ڈالنی پڑتی ہے اس کے ساتھ ساتھ مستقل مزاجی کے ساتھ اپنے باس کی جلی کٹی سننے کا بھی عادی ہونا پڑتا ہے- پھر تنخواہ پر اکتفا اور ترقی کی دوڑ میں دفتری افراد کی سیاست کا سامنا ایک علیحدہ مسئلہ ہے- ان تمام باتوں کی وجہ سے جو دباؤ پیدا ہوتا ہے اس کا نتیجہ لازمی طور پر بے خوابی ہوتا ہے- دیر تک جاگنے کے سبب صبح آنکھ نہیں کھلتی ہے اور ایک بار پھر باس کی باتیں برداشت کرنی پڑتی ہیں اسی وجہ سے انہیں دفتر دیر سے آنے کے نت نئے بہانے تراشنے پڑتے ہیں- آج ہم آپ کو انہی بہانوں میں سے کچھ بتائيں گے-

1: ٹریفک جام
یہ وہ عالمی بہانہ ہے جس کا استعمال پاکستان کا ہر نوکری پیشہ انسان ہفتے میں کم از کم دو بار ضرور کر سکتا ہے اور اس کو کراس چیک کرنے کا بھی کوئي طریقہ موجود نہیں ہے اس وجہ سے ہر دفتر میں اس کا استعمال بے دریغ کیا جاتا ہے-

2: ٹائر پنکچر
اس بہانے کو بھی استعمال کیا جاسکتا ہے مگر اس کا استعمال مہینے میں ایک بار سے زيادہ کرنا انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے- اس وجہ سے کوشش یہ کرنی چاہیے کہ اس بہانے کو سخت مشکل وقت کے لیے سنبھال کر رکھا جائے-
 

image


3: پیٹ خراب ہو جانا
یہ ایک قدرتی مسئلہ ہو سکتا ہے اور اس بہانے پر صرف دیر سے آنا نہیں بلکہ دفتر سے چھٹی بھی منظور کروائی جا سکتی ہے- مگر اس بہانے کے استعمال کے لیے انسان کو کسی حد تک بے شرم ہونا ضروری ہے-

4: بچوں کے اسکول جانا
بچوں کے اسکول کی میٹنگ میں شرکت کا بہانہ بھی مؤثر ثابت ہو سکتا ہے- مگر اس کے لیے یہ ضروری ہے کہ آپ نے اپنے دفتر والوں کو یہ بتا رکھا ہو کہ آپ نہ صرف شادی شدہ ہیں بلکہ آپ کے اتنے بڑے بچے بھی ہیں جو کہ اسکول جاتے ہیں- غیر شادی شدہ افراد اس بہانے کو استعمال کرنے میں احتیاط برتیں

5: بیوی کا ڈاکٹر سے اپائنٹمنٹ
شادی شدہ افراد اس بہانے کا استعمال بھی بے دردی سے کر سکتے ہیں- یہ ایک علیحدہ بات ہے کہ اس بہانے کے استعمال کے کچھ عرصے بعد انہیں اپنے دفتر کے ساتھیوں کو کوئی نہ کوئی خوشخبری سنا کر مٹھائی بھی کھلانی پڑتی ہے مگر یہ بہانہ نو ماہ تک کام کر سکتا ہے-
 

image


6: الارم نہیں بجا تھا
یہ بہانہ باس کے غیض و غضب میں مزید اضافے کا باعث بن سکتا ہے اس لیے اس کا استعمال صرف اسی وقت کریں جب کہ آپ کا باس ایک اچھے موڈ میں ہو کیوں کہ اگر اس کو آپ کی بات نے مزید غضب ناک کر دیا تو نوکری جا بھی سکتی ہے-

یاد رکھیں !
نوکری میں کامیاب ہونے کا بہترین اصول محنت اور ایمانداری ہے اس لیے کوشش کریں کہ اس طرح کے بہانے بنانے سے بچیں- اس طرح سے آپ کی آپ کے کام کی جگہ پر عزت ہوگی اور آپ کے دفتر والے بھی آپ کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے آپکے کبھی کبھار دیر سے آنے کو درگزر کر دیں گے-

YOU MAY ALSO LIKE: