برفباری: پاکستان میں طیارے برفباری کے دوران ٹیک آف کیوں نہیں کر سکتے؟

image


کیا پاکستانی ہوائی اڈوں سے برف باری کے دوران کوئی طیارہ پرواز نہیں کر سکتا؟

یہ سوال اس وقت اٹھا جب پیر کی صبح پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کا طیارہ کوئٹہ کے ہوائی اڈے پر ’ڈی آئسنگ‘ کا سازوسامان نہ ہونے کی وجہ سے پھنس گیا ہے۔

’ڈی آئسنگ‘ سے مراد ہے طیارے اور اس کے انجن پر سے برف اتارنا اور یہ کام کسی بھی طیارے کی پرواز سے پہلے کرنا ضروری ہوتا ہے۔

تاہم پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق یہ سہولت پاکستان کے کسی بھی ہوائی اڈے پر دستیاب نہیں اور ان کے مطابق ’بین الاقوامی شہری ہوابازی کے قوانین کے تحت یہ طیارہ چلانے والی کمپنی کی ذمہ داری ہوتی ہے۔‘

پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان نے ایک بیان میں کہا کہ جب کوئٹہ آنے والی پرواز اتری تو برف باری شروع ہوگئی جس کے بعد طیارہ پھنس گیا۔

انھوں نے بتایا ’ایسے موسم میں ڈی آئسنگ کی ضرورت پڑتی ہے لیکن اس کا کوئٹہ ائیرپورٹ پر انتظام نہیں ہے۔ یہ سہولت مہیا کرنا ائیرپورٹ یعنی سول ایوی ایشن کا کام ہے۔‘

دوسری جانب پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سینیئر جوائنٹ سیکریٹری عبدالستار کھوکھر نے بی بی سی کو بتایا کہ پاکستان کے چند ہی ہوائی اڈوں پر رن وے اور ٹارمیک سے برف اتارنے کا سازوسامان دستیاب ہے۔

تاہم ان کے مطابق طیاروں پر سے برف اتارنے کا انتظام موجود نہیں کیونکہ اس کی زیادہ ضرورت ہی نہیں پڑتی۔
 

image


سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق تمام ہوائی کمپنیوں کو آگاہ کیا گیا ہے کہ وہ اس قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنا انتظام خود کریں۔ تاہم انھوں نے کہا کہ چونکہ موسمیاتی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں تو سول ایوی ایشن اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے بہت ساری تبدیلیاں لے کر آ رہی ہے اور اس پہلو پر بھی غور کیا جائے گا۔

’چونکہ اِکا دُکا دن ہی برف باری ہوتی ہے تو اس لیے ہمیں کبھی (ڈی آئسنگ کی) اتنی ضرورت نہیں پڑی۔‘

سول ایوی ایشن حکام کے مطابق کوئٹہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے رن وے اور ٹیکسی وے سے برف ہٹا دی گئی ہے تاہم طیاروں کے پروں پر برف ہٹانے کا کام کرنے کے لیے کوئٹہ کے ہوائی اڈے پر کوئی سازوسامان موجود نہیں کیونکہ اس کے لیے مخصوص ایجنٹس اور آلات درکار ہوتے ہیں اور خصوصی سرٹیفیکیشن چاہیے ہوتی ہے۔
 

image


جب پی آئی اے سے اس بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’پوری دنیا میں اس قسم کی سہولیات فراہم کرنا ریگولیٹر اور نگران اداروں کا کام ہے۔ ایئرلائنز ایسا انتظام نہیں کر سکتیں۔‘

واضح رہے کہ پیر کو پی آئی اے نے برف ہٹانے کے لیے ضروری سامان اور کیمیکلز کی کوئٹہ ائیرپورٹ پر غیر موجودگی کے باعث دیگر پروازیں منسوخ کر دی ہیں جن میں اسلام آباد، کوئٹہ، اسلام آباد اور کراچی، کوئٹہ، کراچی پروازیں شامل ہیں۔

پی آئی اے کی مطابق موسم کی صورتحال بہتر ہوتے ہی یہ پروازیں بحال کر دی جائیں گی۔


Partner Content: BBC

YOU MAY ALSO LIKE: