|
پاکستان کے سرحدی علاقوں کے لوگوں کی اپنی تہذیب و اقدار ہوتی ہیں- شدید
گرمی اور شدید سردی کا سامنا کرنے کے ساتھ ساتھ ایسی غذاؤں کا استعمال کرتے
ہیں جو کہ خشک ہوتے ہیں اور دیر تک خراب نہیں ہوتیں۔ ڈرائی فروٹ ان کی غذا
کا سب سے اہم جز ہوتا ہے اور ایسا اس لیے کیا جاتا ہے کہ شدید سردی کے موسم
میں ان کے پاس پہاڑوں میں پڑنے والی برف کے سبب کچھ اگانا ممکنات میں سے
نہیں ہوتا ۔ ان کا کلی طور پر انحصار ان کے مویشیوں پر یا گرمی کے موسم میں
خشک کی جانے والی غذاؤں پر ہوتا ہے۔ اس لیے اپنے مشکل دنوں کے لیے یہ لوگ
بھیڑوں اور بکریوں کے دودھ سے ایک خاص غذا کرت تیار کرتے ہیں یہ کرت شہری
علاقے کے لوگوں کے لیے باعث لذت ہوتا ہے تو ان پہاڑی علاقے کے لوگوں کے لیے
ہر غذا میں شامل کیے جانے والے جز کی طرح ہوتا ہے- جو ان کو طاقت کے ساتھ
ساتھ گرمی اور غذائی ضروریات کی تکمیل کا ایک ذریعہ ہوتا ہے-
کرت کیسے تیار ہوتا ہے
کرت بھیڑ یا بکری کے دودھ سے تیار کیا جاتا ہے اس کی تیاری کے لیے دودھ کو
پہلے تو دہی میں تبدیل کیا جاتا ہے- اس کے بعد اس دہی کو ایک بوری یا جانور
کی کھال میں ڈال کر اس وقت تک پھینٹا جاتا ہے جب تک کہ اس کا سارا پانی اس
میں سے جدا نہ ہو جائے- اس کے بعد پانی کو چھان لیا جاتا ہے اور بغیر پانی
والے اس آمیزے کو چھوٹے چھوٹے گولوں کی شکل میں خشک کرنے کے لیے رکھ دیا
جاتا ہے ۔ کپڑے سے ڈھانپ کر اس کو کئی دن تک خشک کیا جاتا ہے-
|
|
کرت کی اقسام
کرت کی دو اقسام ہوتی ہیں ان میں سے ایک قسم کا کرت سخت ہوتا ہے جب کہ
دوسری قسم کا کرت نرم کرت ہوتا ہے- کرت کا ذائقہ سوکھے ہوۓ دہی جیسا ہوتا
ہے مگر اس کی خاص بات یہ ہوتی ہے کہ یہ خشک ہونے کے سبب دیر تک خراب نہیں
ہوتا ہے-
کرت کے فوائد
کرت پہاڑی لوگوں کے لیے بہت مفید ہوتا ہے اور طبی اعتبار سے بھی ان کو بہت
فائدے پہنچاتا ہے-
حاملہ عورتوں کے لیے مفید
عام طور پر حاملہ عورتوں کے اندر حالت حمل میں کیلشیم کی کمی کے سبب ان کا
دل ملتانی مٹی کھانے کو چاہتا ہے جو کہ طبی نقطہ نظر سے بہت خطرناک ہوتا ہے-
ایسی ماؤں کے لیے کرت بہت مفید ہوتا ہے کیوں کہ اس کے اندر کیلشیم ہوتا ہے
جو کہ ان کی کیلشیم کی کمی کو پورا کرتا ہے اور ملتانی مٹی کا ایک بہترین
نعم البدل ثابت ہوتا ہے-
ہر غذا کے ساتھ استعمال کیا جا سکتا ہے
پہاڑی علاقے کے لوگ کڑی کی تیاری کے دوران بھی کرت استعمال کرتے ہیں اس کے
ساتھ ساتھ کھچڑی اور چاول اور دال وغیرہ کھانے کے ساتھ کرت لگا کر کھانے کے
سبب اچار چٹنی کے نعم البدل کے طور پر بھی کام کرتا ہے-
مٹی کھانے والے بچوں کی عادت چھڑوانے کے
لیے
جن بچوں کو مٹی کھانے کی عادت ہوتی ہے اور والدین اس عادت کو چھڑانے میں
ناکام ہوتے ہیں ان کے لیے کرت ایک نعمت غیر مترقبہ سے کم نہیں ہوتا ہے- اس
کے کھانے سے بچوں میں مٹی کے کھانے کی خواہش کم ہوتی ہے اور اس کے ساتھ
ساتھ اس سے بچے کو طاقت بھی حاصل ہوتی ہے-
|
|
کینسر سے بچاتا ہے
بھیڑ کے دودھ میں ایسے اجزا موجود ہوتے ہیں جو کہ مردہ خلیات کا خاتمہ کر
کے اس کی جگہ نئے سیل بناتے ہیں جس کے سبب کینسر کے خلیات کے بننے کا خدشہ
کم ہو جاتا ہے-
ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے مفید
کرت کا استعمال ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے بھی بہت مفید ہوتا ہے کیوں
کہ اس کے اندر امائنو ایسڈ کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے جو کہ ہائی بلڈ
پریشر کی دواؤں کا ایک اہم جز ہوتا ہے- اس لیے یہ قدرتی طور پر بلڈ پریشر
کو کنٹرول کرنے کا باعث بنتا ہے-
|