شہنشاہ ِتاجدار ِ مدینہ منورہ کے مکین بھی کتنے عفوو درگزر کے پیکر ہیں۰۰۰!

ابھی چند لمحوں میں ایک قاتل کی گردن زدنی ہونے ہی والی تھی کہ ایک انہونی ہوگئی۔ خالق و مالک جس کے قبضہ قدرت میں موت و حیات ہے اسے اس قاتل کی کونسی چیز پسند آئی یا کس کی دعا اسکے لئے کارآمد ثابت ہوئی یہ وہی بہتر جانتا ہے۔ یہ بھی سچ ہے کہ محسنِ انسانیت کے شہر مدینہ منورہ کے انسان رحم دل ہوتے ہیں ان میں عجز و انکساری ، پیار و محبت اور عفو ودرگزر بدرجہ اتم پائی جاتی ہے۔ اسی مقدس ترین شہر میں ایک شہری نے اپنے بیٹے کے قتل کے قاتل کو سرقلم ہونے سے چند لمحے پہلے معاف کردیا۔ سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی عدالت نے قتل کا جرم ثابت ہونے والے سوڈانی شہری کو جان کے بدلے جان کے قانون کے تحت گردن زدنی کی سزا سنائی تھی ۔ اپیل کور کے بعد سپریم کور نے بھی سزا کی منظوری دے دی تھی اور ایوان شاہی سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل آوری کا حکم نامہ بھی جاری ہوچکا تھا۔لہذاسوڈانی شہری کو سزا پر عمل آوری کے لئے کھلے مقام پر لایا جاچکا تھا ، مقامی شہری نے اہل خیرحضرات کی سفارش پر اپنی مرضی سے بیٹے کے قاتل کو اجرو ثواب کی نیت سے معاف کردیا۔ یہ قتل کی واردات 8سال قبل ہوئی تھی۔اس موقع پر سوڈانی قاتل ششدراور حیران رہ گیا،اسکی آنکھوں سے خوشی کے آنسو نکل آئے اور وہ اپنی گھناؤنی حرکت پر ندامت کا اظہار کرتے ہوئے سعودی شہری کا دلی شکریہ ادا کیا اور نئی زندگی ملنے پر کہا کہ اس احسان کو کبھی فراموش نہیں کرونگا۔

سیاسی انتشار اور خانہ جنگیوں سے ناخواندگی میں اضافہ
مشرقِ وسطیٰ میں کشیدہ حالات نے عرب ممالک میں ناخواندگی میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ معاشی اعتبار سے خوشحال کہلائے جانے والے ممالک بھی تعلیم و روزگارکے حوالے سے مسائل کا شکار ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر تعلیم کو عام کرنے کیلئے زور دیا جارہا ہے ۔ عرب ممالک میں خواندگی کو عام کرنے کے لئے مدارس کا جال بچھایا جارہا ہے اس کے باوجود ناخواندگی کا فیصد تناسب کم ہوتا دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ اس سلسلہ میں عرب لیگ میں تعلیم و تربیت اور سائنس ریسرچ ادارے کی ڈائرکٹر ڈاکٹر دعا الخلیفہ کا کہنا ہیکہ 13ملین عرب بچے اسکولوں سے محروم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عرب ممالک میں ناخواندگی کی شرح میں مزید اضافے کے امکانات ہیں ۔ ریاض میں عرب اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے دعا الخلیفہ نے بتایا کہ اگر عرب ممالک ناخواندگی اور اسکولوں سے متعلق تازہ اعداد و شمار فراہم کریں تو عرب لیگ تعلیم بالغاں اور ناخواندگی کے انسداد کے لئے دس سالہ مشترکہ عرب پروگرام شروع کرسکتی ہے۔دعا خلیفہ کا کہنا ہے کہ عرب لیگ خانہ جنگی والے علاقوں ، پناہ گزینوں کے کیمپوں اور بے یارومددگار افراد کے بچوں کی تعلیم و تربیت میں دلچسپی لے رہی ہے۔ دعا خلیفہ کے مطابق مصر اور فلسطین نے تعلیم بالغاں کے تجربات اور ناخواندگی کے انسداد کے حوالے سے اپنی کاوشوں کی رپورٹیں بھیجی ہیں دیگر ممالک سے رپورٹوں کا انتظار ہے۔ ہر ملک اپنے یہاں قومی منصوبے یا اسٹرایٹیجک پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ ہماری دلچسپی ان ممالک کے بچوں سے ہے جہاں خانہ جنگی چل رہی ہے یا وہاں مسلح کشمکشوں کا دوردورہ ہے۔ چاہتے ہیں کہ ان ممالک کے بچے تعلیم سے محروم نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ ناخواندگی عرب دنیا کیلئے بہت بڑا چیلنج ہے۔ خانہ جنگیوں نیز سیاسی انتشار سے ناخواندگی بڑھنے کے امکانات زیادہ ہوگئے ہیں۔ سماجی اور ثقافتی روایات بھی اس کا باعث بن رہی ہیں۔ عرب ممالک میں ابھی تک کم عمری کی شادی کا رواج پایا جاتا ہے۔ خاندانی انتشار کے واقعات بڑھتے ہیں۔ اقتصادی حالات بھی ناخواندگی کا بڑا سبب ہیں۔

عمران خان کا دورہ ملیشیاکتنا کارکرد
پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے ڈسمبر 2019میں ملیشیا میں منعقد سربراہی اجلاس میں شرکت نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے معذرت چاہی ہے،انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے پاکستان کے بہت قریب کچھ دوستوں کو یہ محسوس ہوا کہ شاید یہ کانفرنس امت کو تقسیم کردے گی ، جو واضح طور پر ایک غلط فہمی تھی کیونکہ کانفرنس کے انعقاد سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کا مقصد امت کی تقسیم نہیں تھا۔ عمران خان دو روزہ دورے پر ملیشیا میں رہے جہاں وہ انکے ہم منصب مہاترے محمد سے ملاقات کی۔ ملیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد نے پاکستان میں کار سازی کی صنعت میں سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ دونوں ممالک کی مختلف وزارتوں اور باہمی رابطوں کے فروغ پر اتفاق کیا گیااور رکاوٹوں کو دور کرکے باہمی تجارت پر اتفاق کیا گیا۔ مہاتر محمد نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کے نئے دور کا آغاز کیا جائے گا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان امت مسلمہ کو درپیش مسائل پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ملیشین وزیر قانون لیووی کیانگ نے دونوں ممالک کو مطلوب ملزمان کو حوالے کرنے کے معاہدے پر دستخط کئے۔دیگر شعبوں میں تجارت، سرمایہ کاری، انجینئرنگ، دفاع شامل ہیں۔

سعودی عرب نے بھی پابندی عائد کردی
سعودی عرب نے اپنے شہریوں اور مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کو چین جانے پر پابندی عائد کردی ہے۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے اعلامیہ جاری کیا ہیکہ کرونا وائرس سے بچنے کی احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے تمام شہریوں او رمقیم غیر ملکیوں کے چین جانے پر پابندی لگائی جارہی ہے۔خلاف ورزی کرنے والے شہریوں پر سفری دستاویزات کے ضوابط اور قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور مملکت میں مقیم غیر ملکیوں میں سے خلاف ورزی کرنے والوں کو سعودی عرب واپس آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

سعودی عرب میں میاں بیوی کی موجودگی میں طلاق
سعودی عرب میں میاں بیوی کے درمیان طلاق ایک عام سی بات ہوکر رہ گئی ہے ۔ آئے دن طلاق کے معاملات میں اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے۔سعودی عدالتوں میں اب میاں بیوی کی موجودگی کے بغیر طلاق کیسوں کی سماعت نہیں ہوگی۔ سعودی وزیر انصاف ڈاکٹر ولید الصمعانی نے اس فیصلہ پر عمل کرنے کی عدلیہ کو ہدایت دی ہے۔شوہر ،بیوی کی عدم موجودگی میں طلاق نہیں دے سکتا۔ وزیر انصاف کے مطابق نئے فیصلے میں یہ بات بھی شامل ہے کہ طلاق کے بعد عدالت اس وقت تک طلاق نامہ جاری نہیں کرے گی جب تک نان نفقہ، بچوں کی کفالت و سرپرستی اور دیگر عائلی امور کے بارے میں فیصلہ نہ ہو۔

یونان کے وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب
یونان کے وزیراعظم نے 3؍ فبروری کو خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے دارالحکومت ریاض میں ملاقات کی اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی تعلقات، مختلف شعبوں میں فروغ دینے کے طریقوں اور خطے کے حالات حاضرہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یونانی وزیراعظم نے سعودی ولیعہد شہزادہ محمد سلمان سے بھی ملاقات کی ۔ اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فصیل بن فرحان، وزیر تجارت و سرمایہ کاری ڈاکٹر ماجد القصبی، وزیر مملکت و رکن کابینہ محمد آل الشیخ، سربراہ محکمہ خفیہ خالد الحمیدان اور یونان میں متعین سعودی سفیر عصام بن ابراہیم بھی موجود تھے۔

ریاض میں قومی تھیٹر کا آغاز
ایک طرف امت مسلمہ پر دشمنانِ اسلام کی مختلف سازشوں کے تحت یلغار ہے تو دوسری جانب اسلام کا مرکز کہلائے جانے والا ملک سعودی عرب ویژن 2030کے تحت مغربی و یوروپی تہذیب کو فروغ دے رہا ہے۔ سعودی عرب کی سرزمین کو حرمین شریفین کی وجہ سے جو اہمیت دی جاتی ہے شاید اس کا احساس ریاض میں متمکن سربراہانِ مملکت کو اچھی طرح ہے۔ اس کے باوجود تیل پر انحصار کرنے کے بجائے دیگر ذرائع آمدنی کی طرف توجہ مرکوز کی جارہی ہے جس میں مغربی و یوروپی تہذیب و ثقافت پر توجہ اور اسلامی تہذیب سے دوری اہمیت کی حامل ہے۔ملک کے کئی شہروں میں سینما بینی کیلئے سینما گھروں کی تعمیر کا آغاز ہوچکا ہے ۔ اب مملکت کے دارالحکومت ریاض میں سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداﷲ بن فرحان نے کنگ فہد کلچر سینٹر ریاض میں قومی تھیٹر کا آغاز کیا ۔ اس موقع پر بدر بن عبداﷲ نے اعلان کیا کہ سعودی ویژن 2030ثقافت کو زندگی کے معیار کی بنیاد مانتا ہے، وزارت ثقافت ملک میں تھیٹر کی تحریک کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے بتایا کہ خواتین کے بغیر کوئی بھی اسٹیج ڈرامہ مکمل نہیں ہوگا۔ مقامی روایات اور مزاج کو مدنظر رکھ کر کام کیا جائے گا ،اور خواتین اس میں برابر کی شریک ہونگی۔اس طرح اب سعودی خواتین کو تھیٹر کلچر کی طرف راغب کیا جائے گا۔

رجب طیب اردغان کا دورہ پاکستان
ترکی کے صدر جب طیب اردغان 13اور14؍ فبروری کو پاکستان کا دورہ دو روزہ کررہے ہیں ۔ صدر ترکی 14؍ فبروری پاکستانی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرینگے۔ رجب طیب اردغان پاکستان کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقات کرینگے اور دونوں ممالک کے درمیان توقع ہے کہ کئی اہم معاہدات پر دستخط کئے جائیں گے۔

چین کومصر کی جانب سے طبی ماسک فراہم کی جائیں گی
چین میں کرونا وائرس کی تباہی نے عالمی سطح پر خوف و ہراس کاماحول پیدا کردیا ہے۔ کئی ممالک کی جانب سے چین جانے پر پابندی عائد کردی جارہی ہے۔ چین بھی کرونا وائرس کی تباہی سے بچنے کے لئے ہر طرح کی کوشش میں لگا ہوا ہے ۔ چین جو چند ماہ قبل تک دنیا بھر کو طبی ماسک فراہم کرتا ہے آج اسے ہی دوسرے ممالک سے طبی ماسک کی اشد ضرورت محسوس ہورہی ہے۔ چین مصر سے 145ملین طبی ماسک حاصل کررہا ہے۔ مصر کے صنعت و تجارت کے شعبہ ادویات کے نگران علی عوف نے مصری اخبار ’’الیوم السابع‘‘ کو بتایاکہ چین سے بڑی تعداد میں طبی ماسک کی ڈیمانڈ موصول ہوئی ہے۔چین یورپی یونین سے بھی وبائی مرض پر قابو پانے اور لوگوں کی حفاظت کیلئے اتحادی ممالک سے تعاون کی درخواست کی تھی تاکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔

کیا بغداد کے حالات بدل پائیں گے۔؟
عراق کے حالات ابھی کب بہتر ہونگے اور عوام کب چین و سکون کی زندگی گزاریں گے اس سلسلہ میں کچھ کہا نہیں جاسکتا ۔ البتہ بغداد کے پولیس آفیسر میجر عبدالعزیز الناصر پولیس کی ساکھ کو بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ وہ سوشل میڈیا پر بھی عراقی عوام کے لئے ایک اچھے عہدیدار کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں ۔ آج بھی عراق میں احتجاج کا ماحول ہے ، سڑکوں پر افراتفری کا راج ہے، ہزاروں عراقی شہری بدعنوانی اور سخت معاشی حالات کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اور ردّعمل میں سینکڑوں کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔ ایسے میں میجر عبدالعزیز الناصر عوام کے لئے ایک امید کی کرن ہیں۔ خواتین کی خودکشی کے واقعات ہوں کہ سڑکوں پر ٹرافک کے مسائل یا پھر کوئی اور لڑائی جھگڑے کا معاملہ ، اسے حل کرنے میں میجر عبدالعزیزالناصر مہارت رکھتے ہیں۔

پاکستان میں سرعام پھانسی کی قرارداد منظور
پاکستان کی قومی اسمبلی نے بچوں کو جنسی تشدد کا نشانہ بنانے والے مجرمان کو سرعام پھانسی دینے کی ایک قرارداد کو کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ بچوں کو جنسی تشدد کا نشانہ بنانے والے مجرموں کو سرعام پھانسی دینے کا مطالبہ اس وقت زور پکڑا تھا جب پنجاب کے شہر قصور کی سات سالہ زینت کو جنسی تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا گیا تھا۔اب دیکھنا ہے کہ اس قرارداد کو قانونی حیثیت کب حاصل ہوتی ہے کیونکہ اس کے لئے قانون سازی کی ضرورت ہے۔
***

Dr Muhammad Abdul Rasheed Junaid
About the Author: Dr Muhammad Abdul Rasheed Junaid Read More Articles by Dr Muhammad Abdul Rasheed Junaid: 352 Articles with 210834 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.