کچھ چیزیں جن کو دوسروں سے راز رکھنا آپ کو بڑی مصیبتوں سے بچا سکتا ہے

image


یہ انسان کی فطرت ہے کہ وہ اپنی کامیابیاں دوسرے لوگوں کو بتا کر فخر اور خوشی محسوس کرتا ہے- اسی طرح کسی تکلیف اور دکھ کے موقع پر اس کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ اپنا درد کسی کو بتا کر کسی کاندھے پر سر رکھ کر دو آنسو بہا کر دل کو ہلکا کر سکے- مگر اس وقت کے گزرنے کے بعد یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ کسی کو اپنا راز دے دینا زندگی کی سب سے بڑی غلطی ہوتی ہے- اس لیے آج ہم آپ کو ایسی ہی کچھ چیزوں کے بارے میں بتائيں گے جن کو راز رکھنا انسان کو بڑی مشکلوں سے بچا سکتا ہے -

1: اپنے خواب اور مستقبل کے منصوبے
تحقیقات نے یہ بات ثابت کی ہے کہ انسان جب اپنے خواب اور مستقبل کے منصوبے دوسرے لوگوں کو وقت سے پہلے بتا دیتے ہیں تو ان کو پایہ تکمیل تک پہنچانا بہت دشوار اور بعض حالات میں ناممکن ہو جاتا ہے- اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ جب آپ اپنے خوابوں کے بارے میں دوسروں کو بتاتے ہیں تو لوگوں کی توقعات آپ سے بہت بڑھ جاتی ہیں اور ان خوابوں کے حصول میں کسی بھی قسم کی ناکامی آپ کو دوسروں کی نظر میں ایک ناکام شخص بنا دیتی ہیں- اس کے علاوہ بعض اوقات لوگوں کے آپ کے معاملات میں بے جا دخل اندازی بھی آپ کے کاموں کی تکمیل کی راہ میں دشواریوں میں اضافہ کر دیتی ہے اس لیے بہتر یہ ہے کہ اپنے خواب اپنے آپ تک ہی محدود رکھیں-
 

image


2: اپنی ذاتی زندگی
ذاتی زندگی انسان کا وہ قیمتی خزانہ ہوتی ہے جس کی حفاظت اس انسان کے علاوہ کوئي اور نہیں کر سکتا ہے اس لیے اپنی ذاتی زندگی کو اپنی ذات تک محدود رکھیں- اس کو دوسرے لوگوں کے سامنے ایک اشتہار کی طرح نہ پیش کریں- کیوں کہ آپ سامنے والے کے خلوص کے بارے میں صرف اندازے ہی لگا سکتے ہیں اس کے بارے میں اعتماد سے کچھ نہیں کہہ سکتے ہیں- بعض اوقات لوگ فطری جلن اور حسد کے جذبات کے سبب آپ کی بتائی ہوئی باتوں کو کسی اور انداز میں پھیلاتے ہیں جس کے سبب آپ کے امیج کو بدترین نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہوتا ہے-

3: اپنے خاندانی مسائل
انسان کی خاندانی زندگی محبت ، حسد دوستی لڑائی سے معمور ہوتی ہے اور ایسا ہر کسی کے خاندان میں ہوتا ہے- مگر جو لوگ اپنے خاندانی مسائل پرائے لوگوں سے شئير کرتے ہیں ایسے لوگ پرائے لوگوں کے مشوروں کے سبب ان مسائل میں الجھتے جاتے ہیں کیوںکہ باہر کے لوگ جو آپ کے خاندان کا حصہ نہیں ہیں- کبھی بھی آپ کو ان مسائل سے نمٹنے کا درست مشورہ دینے کی اہلیت نہیں رکھتے ہیں-
 

image


4: اپنی ملکیت
انسان کی ملکیت جس میں مال و دولت جائیداد وغیرہ شامل ہوتی ہیں انسان کی اپنی کامیابیاں اس دنیا میں تصور کی جاتی ہیں- ان کی نمائش دوسرے لوگوں میں احساس کمتری پیدا کرنے کا باعث بنتی ہیں جس سے دوسروں کو تکلیف ہوتی ہے- اس کے علاوہ رشک و حسد کے ساتھ ساتھ بری نظر بھی نقصان کا باعث بنتی ہے اس لیے ایسی چیزوں کے معاملے میں دکھاوے سے پرہیز کرنا چاہیے-

5: اپنی نیکیاں
انسان کی نیکیاں اللہ اور بندے کے درمیان کا معاملہ ہوتا ہے اس کا اظہار دوسروں کے سامنے کرنے سے اس کے اجر میں نہ صرف کمی واقع ہوتی ہے بلکہ اس کا مقصد نمود و نمائش رہ جاتی ہے- جس سے اس نیکی کی تاثیر ختم ہوجاتی ہے- اس لیے اچھے کا م اللہ کو خوش کرنے کے لیے کرنے چاہيے ہیں اور دوسروں کو بتانے سے اجتناب برتنا چاہیے-

YOU MAY ALSO LIKE: