بچوں کی اچھی تربیت والدین کی ذمہ داری، لیکن یہ غلطیاں ان کا مستقبل برباد کرسکتی ہیں

image


ایک بچے کے لیے اس کے والدین دنیا میں سب سے زیادہ اہمیت کے حامل لوگ ہوتے ہیں- ان کی اس اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ بچے کے مستقبل کی تعمیر کی سب سے اہم ذمہ داری والدین پر عائد ہوتی ہے اور تمام والدین کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ ان کا بچہ اچھی تعلیم و تربیت حاصل کرے مگر بچوں کی تربیت کے دوران والدین ایسی بڑی غلطیاں کر بیٹھتے ہیں جو کہ بچوں کے کردار پر بڑے اثرات مرتب کرتے ہیں-

1: دوسروں کے سامنے اپنے بچوں کو سزا دینا
بعض اوقات ماں باپ غصے میں یا پھر دوسروں کے سامنے خود کو بہت اچھا والدین ثابت کرنے کے لیے بچوں کو سب کے سامنے بری طرح ڈانٹ دیتے ہیں اور ان کے ساتھ مار پیٹ بھی کر گزرتے ہیں ۔یہ سب کرتے ہوئے اگر وہ دوسرے لوگوں کی موجودگی کا احساس نہ بھی کر رہے ہوں تو بچہ اس بات کو بہت بری طرح محسوس کرتا ہے- جس کے نتیجے میں اس کی خوداعتمادی ختم ہو جاتی ہے اور یہ کمی اس کے اندر بڑے ہونےکے بعد تک رہتی ہے-

2: بچوں کو وہ سزا دینا جو آپ کے والدین نے آپ کو دی
عام طور پر والدین اپنے بچپن میں اپنے والدین کی جانب سے دی جانے والی سزائیں یاد رکھتے ہیں اور اپنے بچوں پر بھی انہی سزاؤں کا استعمال یہ سوچ کر کرتے ہیں کہ ان کے والدین نے ان کی تربیت اچھی کی تھی اس لیے وہ اپنے بچوں کی تربیت بھی اسی حساب سے کرتے ہیں- مگر ماضی کی غلطیوں کو دہرانے کے بجائے ان سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے اس قسم کی سزاؤں سے بچے میں منفی جذبات پروان چڑھتے ہیں اور ان کے اندر اپنے والدین کے لیے نفرت انگیز جذبات پروان چڑھتے ہیں-
 

image


3: بچوں سے محبت کا اظہار نہ کرنا
عام طور پر والدین یہ سمجھتے ہیں کہ بچوں کے ساتھ زیادہ لاڈ پیار کرنا ان کو بگاڑنے کا سبب بنتا ہے اس وجہ سے والدین بچوں سے محبت کا اظہار نہیں کرتے اور نہ ہی ان کو گلے لگا کر پیار کرتے ہیں- مگر اس وجہ سے بچوں کے اندر محبت کی طلب کے لیے دوسرے لوگوں پر انحصار کرنے کی عادت پڑ جاتی ہے اور وہ خاندان کی مضبوطی کا قائل نہیں رہتا ہے-

4: بری عادات
اچھی بری عادات ہر انسان میں ہوتی ہیں مگر والدین بننے کے بعد ان عادات پر قابو پانا اس لیے ضروری ہوتا ہے کہ والدین بچے کے لیے ایک رول ماڈل ہوتے ہیں- اور وہ ان تمام عادات کو اپنانے کی کوشش کرتا ہے جو کہ اس کے والدین میں ہوتی ہیں- جیسے کہ تمباکو نوشی کرنے والے والدین کے بچے بھی اس عادت کو اپنانے کی کوشش کرتےہیں اسی طرح سست اور موٹے والدین کے بچوں کے موٹاپے کا شکار ہونے کے امکانات ستر فی صد تک زیادہ ہوتے ہیں-

5: زيادہ آزادی دینا
بچوں کی تربیت میں حد سے زیادہ آزادی بہت نقصان دہ ثابت ہوتی ہے اس کا اثر بچوں کی آئندء زندگی پر بہت برا پڑتا ہے اور بچے مستقبل میں بھی کسی قسم کی حدود اور قیود برداشت نہیں کر سکتے ہیں- جس کے سبب ان کو اپنی آنے والی زندگی میں بہت بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے-
 

image


6: زیادہ پابندیاں
جس طرح بے جا آزادی بچے کے لیے نقصان کا سبب ہوتی ہے اسی طرح بے جا پابندی بھی بچے کو بزدل اور ناکام بنا ڈالتی ہے- ان کی قوت فیصلہ ختم ہو جاتی ہے اور وہ اپنے ہر کام کے لکۓ دوسروں کی اجازت کے محتاج ہو جاتے ہیں اس لیے ان کو اس حد تک آزادی ضرور دیں جو کہ ان کے کردار سازی کے لیۓ ضروری ہو-

7: غصے اورجذبات کا بے جا اظہار
بعض والدین بچوں کے سامنے بے جا چیختے چلاتے ہیں اور غصہ کرتے ہیں جس سے ان کا بچہ ان سے دور ہو جاتا ہے اور بچے کے اندر جذبات کو کنٹرول کرنے کے مسائل پیدا ہوتے ہیں اور وہ آنے والی زندگی میں جذباتی مسائل کا شکار ہو سکتا ہے-

YOU MAY ALSO LIKE: