موجودہ دور میں صلہ رحمی کی اہمیت

 اسلام میں صلہ رحمی کو اساسی حیثیت حاصل ہے۔ صلہ رحمی دو لفظوں صلہ اور رحم سے مرکب ہے۔ صلہ کے معنیٰ جوڑنے کے ہیں، لیکن جب اس کے ساتھ رحم کااستعمال ہوگاتو اس کے معنیٰ بدل جائیں گے۔ مجازاً اسے رشتے داری کے معنٰی میں استعمال کیاجاتاہے۔ یہ اﷲ تعالیٰ کے نام رحمن سے مشتق ہے۔ اﷲ تعالی نے فرمایا ۔’میں ہی اﷲ ہوں اور میں ہی رحمن ہوں میں نے رحم رشتے داری کو پیدا کیا، میں نے اس کا نام اپنے نام سے نکالا ہے، جو اس کو جوڑے گامیں اس کو جوڑوں گا اور جو اس سے قطع تعلق کرے گا، میں بھی اسے ٹکڑے ٹکڑے کردوں گا۔‘’ لغوی اعتبار سے رحم کے معنی شفقت اور رحمت کے ہیں۔ جب یہ بندوں کے لیے استعمال ہوتاہے تو اس کے معنی شفقت کے ہوتے ہیں اور جب اﷲ کے لیے استعمال ہوتاہے تو اس کے معنیٰ رحمت کے ہوتے ہیں ۔قرآن کریم کی آیات اسلام میں رشتے داری کی اہمیت کو واضح کرتی ہیں، رشتے داری کا احترام کرنے اور ان کے حقوق کی ادائیگی پر زور اور انہیں پامال کرنے سے روکا گیا ہے ۔ ارشاد باری ہے: ’’اس اﷲ سے ڈرو جس کا واسطہ دے کر تم ایک دوسرے سے اپنے حق مانگتے ہو۔ رشتے داری اور قرابت کے، تعلقات کو بگاڑنے سے پرہیزکرو‘‘۔ قرآن کریم میں قطع رحمی کا تذکرہ فساد فی الارض کے ساتھ کیاگیاہے۔ اس سے معلوم ہوتاہے کہ دونوں کا باہم گہرا تعلق ہے۔ چند آیات ملاحظہ ہوں ۔مگر جب قطعی حکم دیاگیا، اس وقت وہ اﷲ سے اپنے عہدمیں سچّے نکلتے تو انہی کے لیے اچھا تھا۔ اب کیا تم لوگوں سے اس کے سوا کچھ اور توقع کی جاسکتی ہے کہ اگر تم الٹے مْنہ پھرگئے تو زمین میں فساد برپاکروگے اور ٓاپس میں ایک دوسرے کے گلے کاٹوگے۔ سورۃرعد میں ارشاد باری ہے ۔’’اور جو لوگ اﷲ کے عہد کو باندھنے کے بعد توڑتے ہیں اور اس چیز کو کاٹنے ہیں جسے اﷲ نے جوڑنے کا حکم دیاہے اور زمین میں فساد برپاکرتے ہیں، وہی لوگ ہیں جن پر لعنت ہے اور ان کے لیے بْرا انجام ہے‘‘ ۔قرآن میں کفارکی فساد انگیزیوں کو مختلف پہلوسے اجاگر کیاگیاہے۔ ان میں سے ایک پہلو قطع رحمی بھی ہے۔ ارشاد پاک ہے۔’’جو اﷲ تعالیٰ کے عہد کو اس کے باندھنے کے بعد توڑتے ہیں اور جس چیز کو اﷲ تعالیٰ نے جوڑنے کا حکم دیاہے اس کو کاٹتے ہیں اور رئے زمین میں فساد مچاتے ہیں یہی لوگ نامراد ہیں‘‘ ۔جس چیز کے جوڑنے کا حکم دیاگیاہے اس سے مراد رشتہ اورقرابت ہے اور جس چیز کو اہل کفروم مناد کے اوصاف میں توڑنے کاذکر کیاگیاہے، اس سے مراد رشتے داری کے تعلقات ختم کرنا اورنبیؐ اور مومنین سے الفت ومحبت کو ختم کرنا اور ان سے تعلق توڑنا مراد ہے۔اﷲ تعالیٰ نے سورہ نحل میں جن چیزوں کا حکم دیاہے ان میں عدل اور احسان کے بعد تیسری چیز اہل قرابت کے حقوق کی ادائی ہے۔ ’’ اﷲ تعالیٰ انصاف اور حسن سلوک اورقرابت داروں کو دینے کاحکم دیتاہے ‘‘۔ اﷲ کے رسول صلی اﷲ علیہ وسلم منصب نبوت سے سرفراز ہونے سے قبل ہی سے صلہ رحمی پر عمل پیرا تھے۔ اس کاثبوت ام المومنین حضرت خدیجہؓ کی گواہی ہے کہ جب غارِ حرا میں جبریل علیہ اسلام نے آکر پہلی وحی آپ ؐکوسنائی اور نبوت کا، بار آپؐ پر ڈالا تو اس کی وجہ سے آپ پر ایک اضطراری کیفیت طاری تھی۔ وہاں سے آپؐ سیدھے گھر تشریف لائے، پورا واقعہ حضرت خدیجہؓ کوسنایا اور فرمایا مجھے اپنی جان کا خوف ہے۔ اس وقت حضرت خدیجۃ الکبریٰ ؓنے تسلی دیتے ہوئے فرمایا۔ہرگزنہیں ہوسکتااﷲ تعالیٰ آپ کو کبھی رنجیدہ نہیں کرے گا۔ کیوں کہ آپ رشتے داروں کے ساتھ اچھابرتاؤ کرتے ہیں، بے سہاروں کاسہارا بنتے ہیں، محتاجوں کے لیے کماتے ہیں، مہمانوں کی تواضع کرتے ہیں اور ضرورت مندوں کی مدد کرتے ہیں۔ صلہ رحمی، شریعت اسلامی کے بنیادی اصولوں میں سے ہے۔ جس کے ساتھ یہ دین روز اوّل ہی سے دنیاوالوں کے سامنے ظاہر ہوا۔ اس کی تائید ہرقل کے ساتھ ابوسفیان کی گفتگو سے بھی ہوتی ہے، جس میں ہے کہ جب ہرقل نے ابوسفیان سے پوچھا: ‘‘تمھارے نبی تمہیں کن چیزوں کاحکم دیتے ہیں ؟’’، اس کا جواب یہ تھا وہ ہمیں نماز، زکوٰۃ، صلہ رحمی رحمی اور پاک دامنی کا حکم دیتے ہیں‘‘اس سے بہ خوبی اندازہ لگایا جاسکتاہے کہ صلہ رحمی دین کی ممتاز خصوصیات میں سے ہے۔سیدنا ابوایوب انصاریؓ سے مروی ہے کہ ایک شخص نے رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم سے عرض کیا: ‘‘اے اﷲ کے رسول ؐ ! مجھے ایسا عمل بتائیے جس سے میں جنت میں داخل ہوجاؤں نبی کریم صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا۔ ’’اﷲ کی عبادت کرو اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ بناؤ، نماز قائم کرو، زکوٰۃ دو اور رشتے داروں کے ساتھ حسن سلوک کرو۔‘‘اس سے معلوم ہوا کہ صلہ رحمی کا شمار بھی ان اعمال میں ہے جو انسان کو جنت کا مستحق بناتے ہیں۔ قطع رحمی پر وعید حضرت جبیر بن نطعم ؓسے مروی ہے انھوں نے نبی کریم صلی اﷲ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا۔’’جنت میں قطع رحمی کرنے والا نہیں جائے گا‘‘۔صلہ رحمی کرنے والے سے اﷲ تعالیٰ کا تعلق مضبوط ہوتاہے اور قطع رحمی کرنے والے سے اﷲ کاتعلق ٹوٹ جاتاہے۔ صلہ رحمی کے درجات ایک متقی اور باشعورمسلم اسلامی تعلیمات کے مطابق صلہ رحمی کرتاہے۔ جس ذات باری نے اس تعلق کو قائم کیاہے اسی نے اہمیت اور قرابت کے مطابق اس کی درجہ بندی بھی کی ہے۔ چنانچہ پہلا درجہ والدین کا قرار دیا۔ قرآن کریم کی متعدد آیات میں والدین کے ساتھ حسن سلوک کرنے کو مستقل طورپر بیان کیاگیاہے۔ سورہ بنی اسرائیل میں ارشاد باری ہے ۔’’اور تیرے پروردگار نے حکم دے رکھاہے بجز اس ایک رب کے اور کسی کی پرستش نہ کرنا اور ماں باپ کے ساتھ حسن سلوک کرنا‘‘’’اور ہم نے انسان کو اپنے ماں باپ کے ساتھ نیک سلوک کرنے کاحکم کیاہے‘‘ ۔ اور سورۃلقمان میں ارشاد باری ہے۔’’ہم نے انسان کو اس کے ماں باپ کے متعلق تاکید کی ہے۔ اس کی ماں نے ضعف پر ضعف اٹھاکر اس کو پیٹ میں رکھا اور دوبرس میں اسکا دودھ چھڑانا ہوا کہ تو میری اور اپنے ماں باپ کی شکر گزاری کیا کر۔ میری ہی طرف لوٹ کر آنا ہے۔‘‘اس آیت میں قابل ذکر بات یہ ہے کہ جہاں تک شکرگزاری اور خدمت کا تعلق ہے تو اس کی ہدایت ماں باپ دونوں کے لیے فرمائی گئی ہے۔ لیکن قربانیاں اور جانفشانیاں، حمل، ولادت اور رضاعت صرف ماں کی گنائی گئی ہے۔باپ کی کسی قربانی کاحوالہ نہیں دیاگیاہے۔ اس سے معلوم ہواکہ ماں کا حق باپ کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ حضرت عبداﷲ بن مسعود سے مروی ہے کہ ایک شخص نبی صلی اﷲ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا۔ اس نے عرض کیا’اے اﷲ کے رسول میرے حسن سلوک کا سب سے زیادہ مستحق کون ہے؟‘ آپ ؐنے فرمایا: تمہاری ماں ’’ اس نے پھر پوچھا۔’اس کے بعد کون ہے؟‘ آپ ؐنے جواب دیا: ’تمہاری ماں ‘ اس نے دریافت کیا: ’پھر کون؟‘ آپ ؐ نے فرمایا: ’تمہارا باپ ‘ اور دوسری روایت میں باپ کے بعد قریبی رشتے دار کابھی تذکرہ ہے۔ حدیث میں ماں کاتذکرہ تین بار کیاگیا ہے۔ پھر باپ کا۔ اس سے ماں کاحق زیادہ ثابت ہے۔
 

Haji Latif Khokhar
About the Author: Haji Latif Khokhar Read More Articles by Haji Latif Khokhar: 141 Articles with 97900 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.