|
دنیا بھر میں کرونا وائرس نے ایک وبائی صورتحال اختیار کر لی ہے اس بیماری
کا ماخذ چین کو قرار دیا جا رہا ہے- مگر اب جبکہ دنیا بھر میں کرونا وائرس
تیزی سے پھیل رہا ہے وہیں پر چین کافی حد تک اس وبا پر قابو پا چکا ہے اور
وہاں پر اس بیماری کے نئے مریض سامنے نہیں آرہے ہیں اور اس کے لیے چین نے
جن تدابیر کا استعمال کیا اس میں سب سے اہم لاک ڈاون تھا- جس میں انہوں نے
متاثرہ علاقے کو چودہ دن کے لیے لاک ڈاون کر دیا تھا جس کا فائدہ یہ ہوا کہ
وائرس محدود ہو گیا-
لاک ڈاؤن کیا ہے ؟
لاک ڈاون سے مراد یہ ہے کہ حکومتی احکامات کی روشنی میں عوام اپنی نقل و
حمل کو محدود کر دیں کسی بھی قسم کے سرکاری و کاروباری ادارے نہ کھلیں تاہم
اس موقع پر ہسپتال ، میڈیکل اسٹور اور کریانے وغیرہ کی دکانیں محدود مدت کے
لیے کھل سکتی ہیں-
|
|
پاکستان میں بڑھتے ہوئے کرونا متاثرین کو اور خصوصاً سندھ میں مریضوں کی
بڑھتی ہوئی تعداد کے سبب سندھ حکومت نے بھی صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے
جزوی لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے- ایسی صورتحال میں عوام کو کیا کرنا
چاہیے جس سے وہ کسی بھی پریشانی سے بچ سکیں تو اس حوالے سے کچھ ضروری باتیں
بتائی جا رہی ہیں-
1: غذائی اجناس
چونکہ یہ واضح طور پر حکومت کی جانب سے اعلان کیا جا رہا ہے کہ کریانے کی
دکانیں اور یوٹیلٹی اسٹورز لاک ڈاؤن کے دوران بھی کھلی رہیں گی تو اس حوالے
سے بہت زیادہ غذائی اجناس کا ذخیرہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے- مگر اس کے
باوجود خشک اشیا جس میں آٹا چاول دالیں وغیرہ شامل ہیں اسی طرح آئل ، چاۓ
کی پتی چینی وغیرہ جیسی اشیا بقدر ضرورت گھر میں ضرور رکھ لیں تاکہ نقل و
حمل محدود ہونے کے سبب آپ کو پریشانی نہ ہو-
|
|
اس کے علاوہ چونکہ نقل و حمل محدود ہو گی اس لیے اس بات کا اندیشہ ہے کہ
سبزیوں کی ترسیل متاثر ہو تو اس حوالے سے یہ بہتر ہے کہ ضروری سبزیاں جو
جلد خراب نہیں ہوتی ہیں جیسے لہسن ، پیاز آلو وغیرہ محفوظ کر لیں- اسی طرح
ٹماٹر پیسٹ بنا کر زیادہ دن تک محفوظ کیا جا سکتا ہے اور مٹر بھی فریز کیے
جا سکتے ہیں-
2: ادویات
بعض مرض ایسے ہوتے ہیں جن کی ادویات کا استعمال مستقل طور پر جاری رکھنا
انسانی صحت کے لیے ناگزیر ہوتا ہے- ایسی صورت میں ان ادویات کا کم از کم
ہفتہ پندرہ دن کا ذخیرہ کر لینا ضروری ہوتا ہے- اس کے ساتھ عام بیماریوں کی
ادویات کا بھی گھر میں ہونا ضروری ہوتا ہے فرسٹ ایڈ کا سامان بھی گھر میں
رکھنا ضروری ہے-
|
|
3: دیگر گھریلو اشیا
چونکہ اس لاک ڈاؤن کا خدشہ کرونا وائرس کے سبب کیا جا رہا ہے تو اس بیماری
سے محفوظ رکھنے کے لیے جن اشیا کی ضرورت ہے اس میں سب سے پہلے صابن ضروری
ہے جس سے بار بار ہاتھ دھونا آپ کو اس خطرناک وائرس سے محفوظ رکھ سکتا ہے-
اس کے علاوہ گھریلو ضروریات کی دیگر اشیا جن میں سرف وغیرہ شامل ہے گھر میں
محفوظ کر لیں-
|
|
4: لاک ڈاؤن کی حالت میں وقت کیسے گزاریں
لاک ڈاؤن درحقیقت کوئی عام تعطیلات نہیں ہیں اس لیے اس کو تعطیلات کی طرح
پلان نہ کریں اس میں نہ تو خانداںی گیدرنگز کا اہتمام کریں اور نہ ہی زیادہ
لوگوں سے میل جول کریں ۔ لاک ڈاؤن کے اس دور میں خود کو اپنے گھر کے افراد
تک محدود کر دیں آپ کی بے احتیاطی آپ کو اور آپ کے گھر کے دوسرے افراد کی
زںدگی کو خطرات سے دو چار کر سکتا ہے -
|
|
اس دوران خود کو فٹ رکھنے کے لیے ورزش کا اہتمام کریں اور اپنے پورے دن کے
ٹائم ٹیبل کو سیٹ کریں خود کو سستی کا شکار نہ ہونے دیں اور گھر کے اندر ہی
ورزش کریں- اور اپنے گھر والوں کے لیے اور اپنے لیے صحت مند ایکٹیوٹیز پلان
کریں جس کے ذریعے نہ صرف آپ بلکہ آپ کے گھر والے بھی اچھا وقت گزار سکیں-
|