تمہارے برتن الگ کردیئے ہیں۔۔۔اپنے نوکروں سے بات کرنے کے چند اصول

image


ہمارے معاشرے کا المیہ یہ ہے کہ یہاں انسان طبقات میں بٹا ہوا ہے اور اس طبقے کے حساب سے ہی اس کو عزت اور اہمیت دی جاتی ہے۔۔۔ہمارے یہاں نوکروں کے ساتھ ہمیشہ ایک خاص قسم کا رویہ روا رکھا جاتا ہے جو انتہائی ہتک آمیز اور حقیرانہ ہے۔۔۔زیادہ تر گھروں میں نوکروں کے لئے گھر کے برتن نا صرف الگ ہوتے ہیں بلکہ ان کو ہمیشہ کونے میں بٹھا کر کھانا کھلا یاجا تا ہے۔۔۔جب سب مہمان چلے جائیں تو ہی انہیں صفائی کے بعد کھانا کھانے کی اجازت ہوتی ہے۔۔۔ان کی اجرت سے کہیں زیادہ کام لینے کے باوجود انہیں دو بول پیار کے نہیں ملتے۔۔۔اپنے گھر کے نوکروں کے سامنے اگر آپ ان باتوں کا خیال رکھیں گی تو گھر کا ماحول بھی ٹھیک رہے گا اور دل میں کوئی بات بھی نہیں آئے گی-

برتن سب کے الگ الگ کردیں
نوکروں کے ہی نہیں بلکہ گھر کے ہر فرد کے برتن الگ کردیں۔۔۔کیونکہ اگر آپ کے دل میں وہم ہے تو آپ اسے اس طرح سے ظاہر کریں کہ وہ اصول گھر کے ہر فرد کے لئے ہو نا کہ صرف نوکروں کے لئے۔۔۔آپ نیل پالش سے پلیٹ پر ، گلاس اور چمچوں پر رنگ لگادیں اور اپنا ، اپنے شوہر اور بچوں کا رنگ انہیں بتادیں اور یہی آپ نوکر کے ساتھ کریں کہ اس کو اپنا رنگ پتہ ہو۔۔۔
 

image


پیسوں کا ذکر نہیں کریں
یہ وہ طبقہ ہے جو زندگی کے کئی مسائل کو طوفان کی طرح اپنے اندر سمیٹ رہا ہوتا ہے اور ان کے سامنے اگر آپ نے اپنے گھر کے خرچوں اور پیسوں کا ہر وقت ذکر کیا تو وہ آپ کو رشک کی نگاہ سے دیکھیں گے اور یہ چیز ان کے ایمان کا امتحان بھی بن سکتی ہے۔۔۔انہیں اپنی خواہشات سے آگاہ نا کریں یا کم سے کم ان کے سامنے اس کا اظہار نا کریں کیونکہ آپ کی ضروریات بھی ان کی خواہشات سے کہیں بڑھ کر ہیں

تعریف کرنا سیکھیں
ایک تعریف آپ کی سو شکایتوں کو مسکراہٹ میں بدل سکتی ہے۔۔۔خاص طور پر اگر یہ تعریف آپ دو لوگوں کے سامنے کردیں۔۔۔ایسا اکثر ہم اس لئے نہیں کرتے کہ کہیں یہ نوکر سر پر نا چڑھ جائیں۔۔۔لیکن ایسا کرنے سے وہ زیادہ محبت اور دلجمعی سے کام کریں گے۔۔۔کیونکہ تعریف انسان کے اندر ہمت اور محبت کے جذبات کو بڑھاتی ہے
 

image


اس کے لئے بھی شاپنگ کریں
اگر گھر کے لئے دس ہزار کی شاپنگ کی ہے تو اس میں ہزار روپے کا اضافہ اور کرلیں۔۔۔اس میں کوئی مضائقہ نہیں۔۔۔کہ کبھی کبھی ان کے لئے بھی سودے میں پھل اور سبزیاں آجائیں۔۔۔ضروری نہیں کہ نوکر کو رات کا بچا سالن ہی ملے۔۔۔کبھی کبھی اس کے لئے بھی سودا تازہ اور مناسب ہونا چاہئے۔۔۔ساتھ ہی اس کے لئے بھی اگر صابن اور شیمپو لے لئے جائیں تو وہ آپ کے گھرمیں صفائی کا پیغام لائے گا

نوکروں کو عزت دیں اور عزت کروائیں
نوکروں سے بھی اسی انداز میں بات کریں جیسے گھر کے دیگر لوگوں کو مخاطب کر کے کرتی ہں۔۔۔آواز میں بد لحاظی اور حقارت کو شامل نا ہونے دیں۔۔۔سلام کریں اور اس کی خیر خیریت پوچھیں۔۔۔اس کی مجبوریوں کو بھی انسانی مجبوریاں ہی سمجھیں۔۔۔اپنے بچوں کو اس کی اہمیت سے آگاہ کریں اور محبت سے بات کرنے کی تنبیہ کریں

YOU MAY ALSO LIKE: