لاک ڈاؤن کے زمانے میں گھر بیٹھے دودھ سے مزے مزے کی چیزیں بنائیں اور طاقت بڑھائيں

image


دودھ کا شمار ان قدرتی نعمتوں میں ہوتا ہے جو کہ نہ صرف زودہضم ہوتا ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ اس میں طاقت کا ایسا خزانہ پوشیدہ ہوتا ہے جو کہ ہر خطے اور ہر عمر کے افراد کو فائدہ پہنچا سکتا ہے- اسی وجہ سے پیدا ہونے والے بچے سے لے کر لب گور تک کے افراد کو ڈاکٹر دودھ اور اس سے بنی اشیا کے استعمال کا مشورہ دیتے ہیں ۔ دودھ میں کیلشیم کے ساتھ ساتھ ایسے اجزا بھی موجود ہوتے ہیں جو جسم کی قوت مدافعت میں اضافہ کرتے ہیں اور جسم کو مضبوط بناتے ہیں-

1: دودھ کو محفوظ کرنے کا طریقہ
دودھ اتنی نازک چیز ہے جس کو زیادہ عرصے تک محفوظ نہیں کیا جا سکتا ہے یہ جلد ہی خراب ہو جاتا ہے- کچھ عرصے کے لیے اگر آپ اس کو محفوظ کرنا چاہتے ہیں تو آپ اس کے ایک ایک کلو کے پیکٹ بنا کر ان کو فریز کر سکتے ہیں اور بوقت ضرورت اس کو ابال کر استعمال کیا جا سکتا ہے- مگر یہ طریقہ محفوظ نہیں ہے اور اس بات کی بھی گارنٹی نہیں ہے کہ دو چار دن سے زیادہ اس طرح دودھ محفوظ رہ سکتا ہے-

2: دہی بنانا
دودھ کے ساتھ ساتھ ہر گھر میں دہی استعمال کیا جاتا ہے جو کہ دودھ سے زیادہ عرصے تک محفوظ رہ سکتا ہے- اس کے ساتھ ساتھ اس کے استعمال بھی بہت زیادہ ہیں اور فوائد بھی بہت ہیں اس لیے دودھ کو ابالنے کے بعد ٹھنڈا ہونے دیں اور جب وہ نیم گرم ہو جائے تو ایک کلو دودھ میں ایک چمچ دہی شامل کر کے اس کو اچھی طرح مکس کر لیں- اس کے بعد اس آمیزے کو کسی مٹی کے برتن میں ڈال کر ڈھک کر کسی ٹھنڈی اور تاریک جگہ پر رکھ دیں چھ سے آٹھ گھنٹوں میں دہی تیار ہوگا-
 

image


3: پنیر بنانا
پنیر ایک بہت مہنگی ڈش ہوتی ہے جو کہ بہت زیادہ فائدوں سے بھرپور ہوتا ہے اس لیے سستے دودھ سے فائدہ اٹھا کر گھر میں ہی بہت آسانی سے پنیر بنایا جا سکتا ہے- پنیر بنانے کے لیے ایک کلو دودھ کے اندر آدھا چمچ نمک اور ایک لیموں کا رس نچوڑ کر اس کو کچھ دیر کے لیے چھوڑ دیں کچھ دیر تک دودھ پھٹ جائے گا اور پانی اور پھیکڑے ایک دوسرے سے جدا ہونا شروع ہو جائيں گے- اس وقت ایک ململ کے کپڑے میں اس کو اچھی طرح چھان لیں اچھی طرح چھان لینے کے بعد پنیر تیار ہو گا اس پنیر کو ائیر ٹائٹ برتن میں گیلے ململ کے کپڑے میں رکھیں اس سے یہ زیادہ دیر تک محفوظ رہ سکتا ہے-
 

image


4: ربڑی بنائیں
ربڑی بھی بہت لذیذ دودھ کی ڈش ہے جس کو گھر میں انتہائی آسانی سے بنا سکتے ہیں- سب سے پہلے دو کلو دودھ لے کر اس کو ابال لیں اس دودھ کو ربڑی بنانے کے لیے کسی کڑاہی یا کھلے منہ کے برتن میں ڈال لیں اور اس کو درمیانی آنچ پر پکنے کے لیے رکھ دیں- اس دوران اس ربڑی کے صرف درمیان میں چمچ چلاتے رہنا ہے اور احتیاط کرنی ہے کہ اطراف پر بالائی اسی طرح جمتی رہے اور دودھ گاڑھا ہوتا رہے- اور بننے والی بالائی اطراف پر جمع کرتے رہیں تاکہ پانی سوکھتا جائے اور بالائی اطراف پر جمع ہوتی جائے اور یہ کوشش اس وقت تک جاری رکھنی چاہیے جب تک یہ دودھ صرف آدھا کپ بافی بچ جائے پھر اس میں حسب ذائقہ چینی شامل کر دیں اور ایک دو سبز الائچی شامل کر لیں اور ٹھنڈا ہونے کے لیے اسی برتن میں چھوڑ دیں جب اچھی طرح ثھنڈا ہو جائیں تو سائڈوں پر جمی ہوۓ لچھوں کو کھرچ کر اتار لیں اور ٹھنڈی کر کے مزے سے کھائیں-

YOU MAY ALSO LIKE: