آﺅ ہمدرد بنیں

کورونا وائرس کے پاکستان میں حملہ آورہونے کی اطلاع کے ساتھ ہی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے احتیاطی تدابیر اختیار کی جانے لگیں اور جلد ہی ملک میں لاک ڈاﺅن کی صورتحال پیدا ہوگئی۔لاک ڈاﺅن کا مقصد لوگوں کے سماجی رابطوں کو محدود یا ختم کرنا تھا جس کا فائدہ بیماری کے تیزی سے پھیلاﺅ میں رکاوٹ کی صورت میں برآمد ہوا لیکن اس کا سب سے بڑا نقصان غریب اور دیہاڑی دار طبقے کو پہنچا اور ان کے ہاں نوبت فاقہ کشی کی آگئی ۔ ان حالات کو دیکھتے ہوئے جہاں حکومتی سطح پر احساس سمیت مختلف امدادی اسکیمیں لانچ کی گئیںایسے میںنجی طور سب سے پہلا قدم اُٹھایا گیا ہم نیٹ ورک کی جانب سے میمونہ اینڈ درید فاﺅنڈیشن کے زیر اہتمام ”ہم درد“ کے نام سے فوری طور پر ایک مہم شروع کی گئی۔ ہم نیٹ ورک کی جانب سے شروع کیا گیا یہ سلسلہ غیر متوقع نہ تھا‘ لوگ اس امر سے بخوبی واقف تھے کہ ہم نیٹ ورک اپنی روایت کے عین مطابق کوئی نہ کوئی احسن اقدم ضرور اٹھائے گا۔یاد رہے کہ ہم نیٹ ورک نے اس مہم میں اپنے پورے ادارے کے ملازمین کی ایک دن کی تنخواہ بھی بطور عطیہ پیش کی ہے۔

ہم نیٹ ورک کی جانب سے شروع کی گئی مہم”آﺅ آگے بڑھیں اور ہم درد بنیں“ کے تحت ٹیلی تھون ٹرانسمیشن کے ذریعے محض دو گھنٹوں میں دو کروڑ بیس لاکھ روپے جمع کئے گئے۔ شوبزنس اور سیاسی حلقوں کے علاوہ سماجی سطح پر بھی ہم نیٹ ورک کے اس اقدام کی بھرپور پذیرائی کی گئی اور کہا گیا کہ” ہم درد“ وقت کی ضرورت ہے ۔یقینا ایک ایسے وقت میں جب ملک اور قوم کو ایک خطرناک وبا نے اپنے شکنجے میں جکڑ رکھا ہے حکومت یہ جنگ تنہا نہیں لڑ سکتی‘ ایسے لوگ جو ملک و قوم کا درد رکھتے ہیں اور عوام کو پریشانی سے نکالنے کیلئے کسی ایسے بااعتماد پلیٹ فارم کی تلاش میں ہیں جہاںان کا سرمایہ درست ہاتھوں تک منتقل کیا جاسکے تو ان کیلئے ”ہم درد“ ایک درست انتخاب ثابت ہوسکتا ہے۔ اس کی سب سے اہم وجہ اس پلیٹ فارم کے مالکان ہیں جو اپنی وطن پرستی ‘ اپنے کارکنان کے ساتھ خلوص اور اپنی انتہائی مثبت پالیسیوں کی وجہ سے عوام الناس میں انتہائی پسندیدہ نگاہوں سے دیکھے جاتے ہیں اسی لئے یقینا ”ہم درد“میں جمع کرائے گئے فنڈز کے غلط استعمال کا احتمال نہیں ہے۔
بحیثیت ایک پاکستانی میں اپنے تمام صاحب حیثیت دوستوں ‘ ساتھیوں‘ قارئین اور ہم وطنوں سے اپیل کرتی ہوں کہ اس وقت آپسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کورونا وائرس کے سبب بے روزگار ہونے والے غریب طبقے کی مدد کیلئے ہم نیٹ ورک کی جانب سے شروع کی گئی مہم ”آﺅ آگے بڑھیں اور ہم درد بنیں“ جیسے نیک نیتی پر قائم کئے گئے پلیٹ فارم کا حصہ بنیں ۔اس وبا نے روز کمانے والوں لاکھوں گھروں کا چولہا ٹھنڈا کردیا ہے۔ ہم اور آپ مل کر ان پریشان حال لوگوں کی مدد کرسکتے ہیں ۔ ”ہم درد“ کی جانب سے غریب خاندانوں کو نقد رقم کے علاوہ راشن بھی فراہم کیا جارہا ہے‘ اتنا ہی نہیں بلکہ اس پلیٹ فارم سے لوگوں کو کورونا وائرس کے حوالے سے آگاہی بھی فراہم کی جارہی ہے۔اس نازک موقع پر صاحب استطاعت لوگوں کی جانب سے کی گئی مدد ان لوگوں کا حوصلہ بڑھائے گی جو روز اپنے گھروں سے مزدوری کیلئے نکلتے ہیں۔ اس وقت کورونا وائرس کے کاری وار متوسط اور غریب طبقے پر بھاری پڑنے لگے ہیں جس کی وجہ سے مارکیٹس‘ بازار اور ہوٹل بند ہونے سے دیہاڑی دار طبقے کیلئے زندگی مشکل ہو گئی ہے۔ملک اور قوم پر اس کڑے وقت میں جب معاشی سرگرمیاں نا ہونے کے برابر رہ گئی ہیں‘ ہم نیٹ ورک نے غریب اور نادار طبقے کا سہارا بننے کیلئے’ہم درد‘ پروگرام کاآغاز کیا ہے جس کیلئے ہم نیٹ ورک کی صدر سلطانہ صدیقی اور سی ای او درید قریشی مبارکباد کے مستحق ہیں ۔
 

شازیہ انوار
About the Author: شازیہ انوار Read More Articles by شازیہ انوار: 201 Articles with 307446 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.