مودی کا جنگی جنون ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش

کرونا وائرس نے دنیا میں تباہی مچا ئی ہوئی ہے، بھارت میں کرونا کے مریضوں میں اضافے کے باوجود بھارتی جنگی جنون میں کمی نہیں آ رہی، مودی سرکار اپنے ہندوتوا نظریئے پر چل رہی ہے اور بھارتی سڑکوں پر کرونا سے مرنے والے افراد کی انہیں کوئی فکر نہیں ہے،بھارت میں کرونا سے تین سو کے قریب ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ نو ہزار کے قریب مریض سامنے آ چکے ہیں، بھارت میں کرونا کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں کو مارا جا رہا ہے، غربت ،فاقوں کے باعث لوگ خود کشیاں کر رہے ہیں ، لاک ڈاون کے دوران بھارت میں ایک درجن سے زائد افراد خودکشی کر چکے ہیں،مودی کی ریاست گجرات جو مودی کا آبائی حلقہ انتخاب بھی ہے وہاں شہریوں نے بھوک کی وجہ سے گھروں سے باہر نکل کر احتجا ج کیا اور کئی گاڑیاں جلا دیں،مودی سرکار کرونا کو کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے، اپوزیشن جماعتیں بھی مودی کو مورد الزام ٹھہرا رہی ہیں کہ مودی نے فضائی آپریشن بند کیوں نہیں کیا تھا، اب کرونا پھیلا تو مودی نے لاک ڈاون کر کے غریبوں کو کرونا کی بجائے بھوک سے مارنا شروع کر دیا، ایسے حالات میں مودی نے کرونا کے حوالہ سے اپنی ناکامی اور اپوزیشن کے کڑوے سچ کو چھپانے کے لئے پھر پاکستان کے خلاف سازشیں شروع کر دیں-

لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیاں تو بھارت سارا سال کرتا رہتا ہے لیکن اب مودی سرکار کرونا سے ہوتے ہوئے نقصانات اور اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لئے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی شروع کی اور یہ سوچا کہ پاک فوج تو کرونا کے خلاف جنگ میں مصروف ہے ایسے میں ہم پاکستان کے خلاف لائن آف کنٹرول سے حملہ کی مذموم کوشش کرتے ہیں لیکن مودی سرکار یہ بات نہیں جانتی کہ پاکستان کی فوج بہادر فوج ہے اور پاکستان کا ہر فرد پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے،پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف طویل ترین جنگ لڑی اور کامیابی بھی حاصل کی، دنیا پاک فوج کی کامیابیوں کا اعتراف کرتی ہے بس اکیلا بھارت ہی ہے جو ابھینندن کو گرفتار کروا کے اور اپنے طیارے گروا کر بھی پاک فوج کی بہادری کو نہیں مان رہے۔ پاک فوج ہی تو وہ فوج ہے جو پاکستان کے نہ صرف دفاعی محاذوں پر کھڑی ہے بلکہ ملک بھر میں آنے والی ہر قدرتی آفت میں سب سے آگے بڑھ کر قو م کی خدمت کرتی ہے، زلزلہ آئے یا سیلاب،پاک فوج کے جوان ملک کے چپے چپے میں پھیلے نظر آئیں گے جو مخلوق خدا کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر کام کر رہے ہوتے ہیں، مشکل ترین راستوں میں جہاں سول حکومت کی جانب سے ریسکیو و امداد نہیں پہنچتی وہاں پاک فوج کے جوان پہنچتے ہیں،اب کرونا کے خلاف جنگ مین بھی پاک فوج صف اول میں شریک ہے۔

ایسے میں مودی کی مذموم خواہش جس کی کبھی تکمیل نہیں ہونی،اس کے ناپاک ارادوں کو پاک فوج کے جری جوا ن بھانپ جاتے ہیں، تین روز قبل فضائی حدود کی خلاف ورزی کی گئی تو پاکستان نے مودی کا ڈرون مار گرایا، اسکے بعد لائن آف کنٹرول پر مودی نے اشتعال انگیزی شروع کروا دی، بھارتی فوج کا یہ وطیرہ رہا ہے کہ وہ لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہمیشہ سول آبادی کو نشانہ بناتی ہے جبکہ اسکے مقابلے میں پاک فوج منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فوج کی چیک پوسٹوں کو نشانہ بناتی ہے،بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، اقوام متحدہ نے بھی کرونا کی وجہ سے جنگ بندی کی اپیل کی ہے لیکن مودی سرکار کو تو جنگ بندی کا پتہ ہی نہیں،بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی جس سے دو خواتین سمیت چھ سولین افراد زخمی ہوئے ،پاک فوج نے اس اشتعال انگیزی کا بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے 2016 میں 382 بار سیز فائرمعاہدے کی خلاف ورزی کی،2017میں 1881اور2018 میں 3038 بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی،بھارتی فوج کی جانب سے 2019 میں 3351 مرتبہ سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی۔بھارت کا یہ وطرہ بن چکا ہے کہ وہ جب بھی الیکشن ہوں یا مودی سرکار پراپوزیشن کا دباو ہو تو وہ اپنا غصہ پاکستان پر نکالتا ہے حالانکہ مودی بھارت کے اندرونی حالات بھی جانتا ہے جہاں غربت کے باعث لوگ خود کشیاں کر رہے ہیں، بھارت میں لاکھوں لوگوں کے گھروں میں بیت الخلا نہیں، خواتین کو بھی قضائے حاجت کے لئے باہر کھیتوں میں جانا پڑتا ہے، لاکھوں بھارتی شہریوں کو دو وقت کا کھانا نہیں ملتا، لاکھوں بچے بھارت میں سکول نہیں جاتے کیونکہ انکے والدین انکا تعلیمی خرچہ برداشت نہیں کر سکتے۔اب کرونا سے بھارت میں لاکھوں شہری بے روزگار ہو گئے ہیں، ہوٹلوں کی صنعت بند ہو گئی ہے، ایئر لائن کی صنعت کا بھٹہ بیٹھ گیا ہے، فیکٹریاں بند ہیں، مزدوروں کو تنخواہیں نہیں مل رہین، ان حالات میں بھی مودی کا جنگی جنون کسی پاگل پن سے کم نہیں۔

بھارت اگرباز نہیں آیا اور اسی طرح کی حرکتیں کرتا رہا تو پاک فوج بھارت کوہمیشہ کی طرح منہ توڑ جواب دیتی رہے گی،خطے میں امن پاکستان کی اولین تر جیح ہے مگر بدقسمتی سے نریندر مودی کی سوچ اسکے بر عکس ہے، وہ مسلسل کشیدگی کو ہوا دے رہا ہے جسکی وجہ سے خطے میں امن کو بھی خطرات لاحق ہو چکے ہیں، کشمیر پر مظالم اور کر فیو کے بعد مسلمانوں کے خلاف بھارت میں نیا متنازعہ قانون بھی انتشار کی ایک اور بھارتی سازش ہے جسکے خطر ناک نتائج نکلیں گے۔ آج صرف کشمیر کے اندر ہی نہیں بھارت میں بھی عوام نریندر مودی کے خلاف سڑکوں پر آچکے ہیں اور انکی پالیسوں کو مستر دکررہے ہیں،ایک سال کے دران 5بھارتی ریاستوں میں نر یندر مودی کی شکست بھارتی عوام کا نر یندر مودی کے خلاف اظہارنفر ت ہے۔ پوری قوم سر حدوں پر دشمن کو منہ توڑ جواب دینے والی افواج پاکستان کیساتھ کھڑی ہے،جب بھی بھارت کوئی جار حیت کر یگا اس کو منہ توڑ جواب ہی ملے گا، ہر پاکستانی ملکی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کیلئے ہر قر بانی دینے کو تیار ہے۔بھارت نے کشمیر میں کرفیو لگایا اور خصوصی حیثیت کا خاتمہ کیا اسوقت سے وہ کوشش کر رہا ہے کہ کچھ ایسا کرے کہ پاکستان اس کا جواب دے اور بھارت دنیا کے سامنے یتیم و مسکین بن کر واویلا کر سکے،لیکن اس میں بھی اس کو ناکامی ہوئی، وہ شرارتوں سے باز نہیں آ رہا، اسکی اب بھی کوشش ہے کہ کسی طرح پاکستان کے خلاف سازشوں کا سلسلہ وسیع کیا جائے لیکن پاکستان رب کا انعام ہے، اس کے خلاف ہونے والی تمام سازشیں ناکام ہوں گی اور مودی سرکار کو ہمیشہ کی طرح منہ کی کھانا پڑے گی۔ پاکستان کا بچہ بچہ پاک فوج کے ساتھ ملکر دشمن کے ساتھ ٹکرانے کے جذبے سے سرشار ہے،بھارتی فوج میں تو کرونا کی وجہ سے فوجیوں نے چھٹیاں لینا شروع کر دیں بلکہ کئی افسران نے استعفے دے دیئے، ایسی فوج جو کرونا سے ڈر جائے وہ پاکستان سے کیا ٹکرائے گی، اگر ٹکرائے گی تو پاش پاش ہو جائے گی۔

 

Mehr Iqbal Anjum
About the Author: Mehr Iqbal Anjum Read More Articles by Mehr Iqbal Anjum: 101 Articles with 63292 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.