کورونا وائرس، لوک ڈاؤن اور نیکیوں کے موسمِ بہار کی آمد

نیکیوں کا موسم بہار شروع ہونے والا ہے۔ مگر دنیا میں کورونا وبائی مرض کے پھیلنے کی وجہ سے امسال اﷲ کے گھروں میں ہر سال کی طرح نمازیوں کا جم غفیر نظر نہیں آئے گا، بلکہ ہر سال نمازِ تراویح میں اﷲ کے پاک کلام کو سننے اور سنانے والے حضرات بھی اﷲ تعالیٰ سے معافی چاہتے ہوئے اپنے گھروں ہی میں نماز تراویح ادا کرنے پر مجبور ہیں۔ ہر مسلمان چاہتا ہے کہ وہ برکتوں والے مہینہ میں اپنی عبادت کی مقدار بڑھائے، اسی لئے رمضان المبارک میں مسجدیں خاص کر نماز جمعہ کے لئے نمازیوں سے بھر جاتی ہیں۔ نیز نبی کے فرمان کے مطابق ماہِ رمضان میں ہر مسلمان اپنی حیثیت کے مطابق سخاوت سے کام لیتا ہے، چنانچہ غرباء ومساکین کو بھی اسی ماہ میں سب سے زیادہ یاد کیا جاتا ہے۔ زکوٰۃ کا رمضان میں ہی نکالنا ضروری نہیں ہے بلکہ اگر ہمیں صاحب نصاب بننے کی تاریخ معلوم ہے تو ایک سال گزرنے پر فوراً زکوٰۃ کی ادائیگی کردینی چاہئے خواہ کوئی سا بھی مہینہ ہو۔ مگر لوگ اپنے صاحب نصاب بننے کی تاریخ سے عموماً ناواقف ہوتے ہیں اور رمضان میں ایک نیکی کا اجر ستر گنا ملتا ہے، اس لئے لوگ رمضان میں زکوٰۃ کی ادائیگی کا اہتمام کرتے ہیں اور پھر ہر سال رمضان میں ہی زکوٰۃ ادا کرتے ہیں ۔ اِن دنوں غریب طبقہ ہماری مدد کا خاص محتاج ہے، اس لئے اس ماہ میں غریبوں کی مدد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

ہمیں حالات سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ہمارے مولا نے ہماری طاقت کے مطابق ہی ہمیں مکلف بنایا ہے۔ ہمیں یقینا ہر وقت خاص کر اس ماہ کی بابرکت گھڑیوں میں اﷲ تعالیٰ سے معافی مانگنے کے ساتھ اس وبائی مرض کے خاتمہ کے لئے دعائیں بھی کرنی ہیں کیونکہ ہر وقت خاص کر ایسے مصیبت زدہ حالات میں اﷲ تعالیٰ کی طرف رجوع کرنا ضروری ہے۔ اطباء کی تحقیق کے مطابق یہ مرض متعدی ہے یعنی یہ مرض ایک شخص سے دوسرے شخص میں منتقل ہوسکتا ہے، لہذا اس ماہ مبارک میں بھی حتی الامکان اپنے گھروں میں رہیں اور نمازیں وقت پر ادا کریں کیونکہ اس وبائی مرض سے بچنے کے لئے دیگر احتیاطی تدابیر کے ساتھ نمازوں کا اہتمام بھی ضروری ہے۔ پانچ فرض نمازوں کے ساتھ نماز تہجد، نماز اشراق اور نماز چاشت جیسی نفل نمازیں بھی ادا کریں۔ نمازوں کی پابندی کے ساتھ قرآن کریم کی تلاوت کریں اور اﷲ تعالیٰ کا ذکر کریں۔ ٹی وی اور انٹرنیٹ پر بے حیائی اور عریانیت کے پروگراموں کو دیکھنے سے خود بھی بچیں اور اپنے بچوں کی خاص نگرانی رکھیں۔

فرمانِ رسول کے مطابق کسی روزہ دار کو افطار کرانے پر روزہ دار کے برابر ثواب دیا جائے گا، مگر اس کے لئے افطار پارٹی کا اہتمام کرنا ضرو ری نہیں ہے بلکہ اگر آپ کے تعاون سے چند کھجوریں یا صاف پانی کسی غریب کے دسترخوان پر افطار کے وقت پہنچ جائے تو ان شاء اﷲ حدیث نبوی میں مذکور ثواب ضرور ملے گا۔ رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا : جس شخص نے کسی روزہ دار کو افطار کرایا تو اُس کو روزہ دار کے برابر ثواب دیا جائے گا، بغیر اِس کے کہ روزہ دار کے ثواب میں کوئی کمی کی جائے۔ (ترمذی، ابن ماجہ، مسند احمد) ایک دوسرے موقع پر آپﷺنے فرمایا: اﷲ تعالیٰ یہ ثواب اُس شخص کو بھی دے گا جو دودھ کی تھوڑی سی لسی یا صرف پانی کے ایک گھونٹ سے کسی کا روزہ افطار کرادے۔ (بیہقی ۔ شعب الایمان)

لاک ڈاؤن کی وجہ سے مسجدوں کو آباد رکھنے کے لئے صرف چند حضرات ہی پنچ وقتہ نماز مع تراویح مسجد میں ادا کریں، باقی سبھی حضرات نماز تراویح اور دیگر نمازیں اپنے گھروں ہی میں ادا کریں۔ پورے ماہ نمازِ تراویح پڑھنا سنت ہے اور تراویح میں مکمل قرآن کریم سننا یا سنانا دوسری مستقل سنت ہے۔ لہذا اگر حافظ قرآن مل جائے تو بہتر ہے تاکہ دونوں سنتوں پر عمل ہوجائے ورنہ قرآن کریم کی آخری چھوٹی سورتیں ہی پڑھ کر نماز تراویح گھر پر بجماعت یا تنہا پڑھیں۔ خواتین بھی گھر میں ہونے والی نمازِ تراویح میں شرکت کر سکتی ہیں، اگرچہ خواتین کا تنہا نماز پڑھنا زیادہ بہتر ہے۔ نماز تراویح کی اہمیت کے متعلق رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا : جو شخص رمضان (کی راتوں) میں ایمان کے ساتھ اور ثواب کی نیت سے (عبادت کے لئے) کھڑا ہو ، اس کے پچھلے تمام گناہ معاف ہوجاتے ہیں۔ (بخاری ومسلم)

رمضان اور روزہ کیا ہے؟: رمضان کا مہینہ چاند کے کیلنڈر کے اعتبار سے نواں مہینہ ہے جس کے روزے رکھنا ہر مسلمان بالغ صحت مند مردوعورت پر فرض ہے ، جیسا کہ اﷲ تعالیٰ نے قرآن کریم میں فرمایا: تم میں سے جو شخص بھی یہ مہینہ پائے ، وہ اس میں ضرور روزہ رکھے۔ صوم (یعنی روزہ )کے لفظی معنی امساک یعنی رکنے اور بچنے کے ہیں اور اصطلاحِ شرع میں" طلوع صبح صادق سے لے کر غروب ِآفتاب تک روزہ کی نیت کے ساتھ کھانے پینے اور عورت سے مباشرت کرنے سے رکنے کا نام صوم ہے"۔

رمضان اور روزہ کی اہمیت اور فضیلت: رسول اﷲ ﷺنے ارشاد فرمایا کہ اﷲ تعالیٰ فرماتا ہے : انسان کے ہر (نیک) عمل کا بدلہ ۱۰ گنا سے لے کر ۷۰۰ گنا تک دیا جاتا ہے، لیکن روزہ کا بدلہ میں خود ہی عطا کروں گا کیونکہ وہ میرے لئے ہے ۔ دوسری روایت کے مطابق میں خود ہی روزہ کا بدلہ ہوں۔ انسان کھانے پینے اور جنسی شہوت سے صرف میری وجہ سے رکا رہتا ہے۔ روزہ دار کو دو خوشیاں ملتی ہیں، ایک افطار کے وقت (وقتی ) اور دوسری اﷲ تعالیٰ سے ملاقات کے وقت (دائمی)۔ (بخاری ومسلم) اﷲ تعالیٰ نے ہر عمل خیر کا دنیا میں ہی اجر بتادیا کہ کس عمل پر کیا ملے گا مگر روزہ کے متعلق حدیث قدسی میں اﷲ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے: الصَّوْمُ لِی وَانَا اَجْزِیْ بِہ روزہ میرے لئے ہے اور میں خود اس کا بدلہ دوں گا۔ بلکہ ایک روایت کے الفاظ یہ ہیں کہ میں خود ہی روزہ کا بدلہ ہوں۔ اﷲ اﷲ کیسا عظیم الشان عمل ہے کہ اس کا بدلہ ساتوں آسمانوں وزمینوں کو پیدا کرنے والا خود عطا کرے گا یا وہ خود اس کا بدلہ ہے۔ روزہ میں عموماً ریا کا پہلو دیگر اعمال کے مقابلہ میں کم ہوتا ہے اسی لئے اﷲ تعالیٰ نے روزہ کو اپنی طرف منسوب کرکے فرمایا الصَّوْمُ لِی روزہ میرے لئے ہے ۔ رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا کہ رمضان کے متعلق میری امت کو خاص طور پر پانچ چیزیں دی گئی ہیں جو پہلی امتوں کو نہیں ملیں: (۱) روزہ دار کے منہ کی بو (جو بھوک کی وجہ سے پیدا ہوجاتی ہے) اﷲ تعالیٰ کے نزدیک مشک سے زیادہ پسندیدہ ہے۔(۲) ان کے لئے دریا کی مچھلیاں تک دعائے مغفرت کرتی ہیں اور افطار کے وقت تک کرتی رہتی ہیں۔ (۳) جنت ہر روز ان کے لئے سجائی جاتی ہے۔ (۴) اس ماہ مبارک میں سرکش شیاطین قید کردئے جاتے ہیں۔ (۵) رمضان کی آخری رات میں روزہ داروں کی مغفرت کردی جاتی ہے۔ صحابہ نے عرض کیا کہ کیا یہ شب ِمغفرت شب ِقدر ہی تو نہیں ہے؟ آپ ﷺنے فرمایا نہیں بلکہ دستور یہ ہے کہ مزدور کا کام ختم ہوتے ہی اسے مزدوری دے دی جاتی ہے۔ (مسند احمد، بزاز، بیہقی، ابن حبان) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ رمضان کے ہر شب وروز میں اﷲ کے یہاں سے جہنم کے قیدی چھوڑے جاتے ہیں اور ہر مسلمان کی ہر شب وروز میں ایک دعا ضرور قبول ہوتی ہے۔ (بزاز، الترغیب والترہیب) رسول اﷲ ﷺنے ارشاد فرمایا کہ تین آدمیوں کی دعا رد نہیں ہوتی، ایک روزہ دار کی افطار کے وقت، دوسرے عادل بادشاہ کی اور تیسرے مظلوم کی۔ (مسند احمد، ترمذی ، صحیح ابن حبان)

حضرت کعب ؓ فرماتے ہیں کہ ایک مرتبہ نبی اکرم ﷺنے ارشاد فرمایا کہ منبر کے قریب ہوجاؤ، ہم لوگ حاضر ہوگئے۔ جب حضورﷺ نے منبر کے پہلے درجہ پر قدم مبارک رکھا تو فرمایا آمین ۔ جب دوسرے درجہ پر قدم مبارک رکھا تو فرمایا آمین ۔ جب تیسرے درجہ پر قدم مبارک رکھا تو فرمایا آمین ۔ جب آپ خطبہ سے فارغ ہوکر نیچے اترے تو ہم نے عرض کیا کہ ہم نے آج آپ سے منبر پر چڑھتے ہوئے ایسی بات سنی جو پہلے کبھی نہیں سنی تھی۔ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا: اس وقت جبرئیل علیہ السلام میرے سامنے آئے تھے ۔ جب پہلے درجہ پر میں نے قدم رکھا تو انہوں نے کہا ہلاک ہو وہ شخص جس نے رمضان کا مبارک مہینہ پایا پھر بھی اس کی مغفرت نہ ہوئی، میں نے کہا آمین۔ پھر جب دوسرے درجہ پر چڑھا تو انہوں نے کہا ہلاک ہو وہ شخص جس کے سامنے آپ ﷺ کا ذکر مبارک ہو اور وہ درود نہ بھیجے، میں نے کہا آمین۔ جب میں تیسرے درجہ پر چڑھا تو انہوں نے کہا ہلاک ہو وہ شخص جس کے سامنے اس کے والدین یا ان میں سے کوئی ایک بڑھاپے کو پہونچے اور وہ اسکو جنت میں داخل نہ کرائیں، میں نے کہا آمین۔ (بخاری، ترمذی)

رمضان اور قرآن کریم:قرآن کریم کو رمضان المبارک سے خاص تعلق اور گہری خصوصیت حاصل ہے۔ چنانچہ رمضان المبارک میں اس کا نازل ہونا ، حضور اکرمﷺ کا رمضان شریف میں تلاوت ِقرآن کا شغل نسبتاً زیادہ رکھنا، حضرت جبرئیل علیہ السلام کا رمضان شریف میں نبی اکرم ﷺ کو قرآن کریم کا دور کرانا، تراویح میں ختم قرآن کا مسنون ہونا، صحابہ کرام اور بزرگان دین کا رمضان میں تلاوت کا خاص اہتمام کرنا، یہ سب امور اس خصوصیت کو بتلاتے ہیں۔ لہذا اس ماہ میں کثرت سے تلاوت قرآن میں مشغول رہنا چاہئے۔ تلاوت قرآن پاک کے ساتھ قرآن کریم کو علماء کرام کی صحبت میں رہ کر سمجھ کر پڑھنے کی کوشش کرنی چاہئے خواہ روزانہ ایک ہی آیت کیوں نہ ہو،تاکہ اﷲ تعالیٰ کے احکام سے واقفیت کے بعد اس پر عمل کرنا اور اس کو دوسروں تک پہونچانا ہمارے لئے آسان ہو۔

سحری:رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا : خود حق تعالیٰ شانہ اور اس کے فرشتے سحری کھانے والوں پر رحمت نازل فرماتے ہیں ۔ (طبرانی، صحیح ابن حبان) متعدد احادیث میں رات کے آخری وقت میں سحری کھانے کی فضیلت وارد ہوئی ہے۔ ایک دو لقمے کھانے سے بھی سحری کی فضیلت حاصل ہوجائے گی ان شاء اﷲ۔
افطار کے لئے کھجور یا پانی بہتر ہے:نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: جب تم میں سے کسی کا روزہ ہو تو وہ کھجور سے روزہ افطار کرے کیونکہ اس میں برکت ہے ۔ اگر کھجور نہ پائے تو پھر پانی ہی سے افطار کرے، اس لئے کہ پانی نہایت پاکیزہ چیز ہے۔ (ترمذی، ابن ماجہ) حضرت انس ؓ سے روایت ہے کہ نبی اکرم ﷺ مغرب کی نماز سے پہلے چند تر کھجوروں سے روزہ افطار فرماتے تھے ، اگر تر کھجوریں بروقت موجود نہ ہوتیں تو خشک کھجوروں سے افطار فرماتے تھے اور اگر خشک کھجور بھی نہ ہوتی تو چندگھونٹ پانی پی لیتے تھے۔ (ابوداود)

افطار کے وقت دعاء: افطار کے وقت چند دعائیں نبی اکرم ﷺسے ثابت ہیں، جن میں سے دو دعائیں یہ ہیں:اللّٰھُمَّ لَکَ صُمْتُ وَعَلَی رِزْقِکَ اَفْطَرْتُ (سنن ابوداود ۔ باب قول عند الافطار۔ حدیث نمبر ۲۳۵۸) ذَہَبَ الظَّمَاءُ وَابْتَلَّتِ العُروقُ وَثَبَتَ الاَجْرُ اِنْ شَاءَ اللّٰہ (سنن ابوداود ۔ باب قول عند الافطار۔ حدیث نمبر ۲۳۵۷) غرضیکہ یہ دونوں دعائیں ایک ساتھ یا دونوں میں سے کوئی ایک یا اس موقع پر حضور اکرم ﷺ سے ثابت شدہ کوئی دوسری دعا مانگی جاسکتی ہے۔

رمضان اور شب قدر:رمضان کی راتوں میں ایک رات شب ِقدر کہلاتی ہے جو بہت ہی خیر اور برکت کی رات ہے۔ جس میں عبادت کرنے کو قرآن کریم (سورۃ القدر) میں ہزار مہینوں سے افضل بتلایا گیا ہے۔ ہزار مہینے کے ۸۳ برس اور ۴ ماہ ہوتے ہیں۔ گویا اِس رات کی عبادت پوری زندگی کی عبادت سے بہتر ہے۔ احادیث کی روشنی علماء حضرات نے تحریر کیا ہے کہ شب قدر رمضان کے آخری عشرہ کی طاق راتوں میں سے کوئی ایک رات ہے۔

اگرچہ ہمارا یہ ایمان وعقیدہ ہے کہ موت اپنے وقت پر آتی ہے اور حالات اﷲ ہی کی طرف سے آتے ہیں، مگر دنیا کے دار الاسباب ہونے کی وجہ سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہماری دینی وسماجی وقومی ذمہ داری ہے۔ لہذا کورونا وبائی مرض سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اس ماہ مبارک میں اﷲ سے اس بیماری سے محفوظ رکھنے کی دعائیں کریں۔
 

Muhammad Najeeb Qasmi
About the Author: Muhammad Najeeb Qasmi Read More Articles by Muhammad Najeeb Qasmi: 188 Articles with 164580 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.