امریکہ اور افریقہ (سہ زبانی لسانیہ)

امریکہ اور افریقہ دو برِ اعظم ہیں اور اگر امریکہ کو’ جنوبی امریکہ ‘ اور’ شمالی امریکہ‘ کے لحاظ سے لیں تو پھر تین برِ اعظم ہیں۔ لیکن ہمارے اس لسانیئے میں بحث کا مرکز برِ اعظم نہیں بلکہ لسانی لحاظ سے دو الفاظ یعنی ’امریکہ اور افریقہ‘ ہیں۔

۱۔ یہ بات مکمل وثوق سے تو نہیں کہی جا سکتی یہ کہ یہ دونوں الفاظ اردو میں کس دوسری زبان کے رستے سے داخل ہوئے ہیں لیکن یہ بات غالب امکان کی ہے کہ یہ دونوں الفاظ انگلش کے رستے اردو زبان میں داخل ہوئے ۔ ہو سکتا ہے کہ ایسا نہ ہو بلکہ کسی اور زبان کے ذریعے یہ الفاظ اردو فرھنگ کا حصہ بنے ہیں۔یہاں ہم انگلش اور عربی کے لحاظ سے بھی کچھ بات کر سکتے ہیں۔

۲۔ لفظ ’امریکہ‘ کے انگلش سپیلنگ (America) کئے جاتے ہیں جن کے آخر پے ’a ‘ آتا ہے اور لفظ’ افریقہ‘ کے انگلش سپیلنگ (Africa) کئے جاتے ہیں جن کے آخر پر بھی ’a ‘ ہی آتا ہے۔ جیسا انگلش میں ’a ‘ ہے ویسا ہی اردو میں ’الف‘ ہے۔ ا سلئے اردو میں ’امریکا‘ اور افریقا‘ لکھا جا سکتا ہے ۔ لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اردو کو اپنی املا انگلش کے مطابق کرنی چاہیئے ۔ یہ صرف ایک اظہار یا اتفاق ہے۔اس کے ساتھ یہ بات بھی مدِ نظر رکھی جانے والی ہے کہ اردو پر ’عربی‘ کا ہر لحاظ سے بہت بڑا اثر ہے جن میں سے ایک لحاظ لفظی بناوٹ کا بھی ہے۔ عربی زبان میں جگہوں کے ناموں کے آخر پر ’ہ‘ کا آنا بہت عام ہے جیسا کہ مکہ، مدینہ، جدہ وغیرہ۔ شاید یہی وجہ ہے کہ ’ امریکہ‘ کے لفظ اور ’افریقہ‘ کے لفظ کے آخر پر ’الف‘ کی بجائے ’ہ‘ کا استعمال زیادہ کیا گیا ہے۔

۳۔ لسانی لحاظ سے بہت دلچسپ بات ہے کہ انگلش سپیلنگ ’ca ‘ ہے جس کو اردو حروف میں ڈھالتے وقت کبھی’ک‘ کا استعمال کیا گیا ہے جیسا کہ ’امریکا‘ اور کبھی ’ق‘ کا استعمال کیا گیا ہے جیسا کہ ’افریقا‘۔ انگلش سے اردو میں ڈھالتے وقت دونوں یعنی (ک اور ق)کے استعمال کی کوئی مستقل اور معتبر شکل برقرار نہیں رکھی گئی، لیکن لسانی طور پر ان باتوں کی اہمیت بن جاتی ہے۔ اس صورت میں بھی عربی زبان کا حوالہ اگر موجود ہو تو دیا جا سکتا ہے کہ اس زبان میں ان دونوں الفاظ کے اندر کہاں ’ک‘ اور کہاں ’ق‘ کا استعمال کیا گیا ہے۔

۴۔ اگرچہ امریکا اور افریقا کو ایک اور ’حرف‘ یعنی ’ع‘ کے ساتھ بھی لکھا جا سکتا تھا جیسا کہ ’عمریکہ‘ اور عفریقہ‘ ۔ لیکن ’الف‘ کی نسبت ’ع‘ لکھنا اور پڑھنا دونوں زیادہ مشکل ہیں اس لیے کسی نے یہ الفاظ لکھنے میں ’ع‘ کا استعمال نہیں کیا ۔ لیکن اگر کوئی کر لیتا تو اس کی مرضی تھی۔
۵۔ اگرچہ میڈیا اور بعض اخبارات میں ’امریکا‘ اور ’افریقا‘ کی املا لکھی جا رہی ہے لیکن زیادہ تر لغات نے یہ الفاظ ‘امریکہ‘ اور ’افریقہ‘ کی املا کے ساتھ ہی لکھے ہیں اور زیادہ تر ایسے ہی چل رہے ہیں۔ اردو املا کا مستقل تعین کرنے میں ابھی وقت لگے گا ۔

۶۔ اردو دانوں اور ماہرینِ لسانیات کو اس سلسلے میں اتفاق اور اتحاد کے ساتھ مشترک اور موزوں پیش رفت کرنے کی ضرورت ہے۔ امید ہے کہ یہ لسانیہ بھی پسند کیا جائے گا۔ شکریہ اﷲ حافظ

 

Niamat Ali
About the Author: Niamat Ali Read More Articles by Niamat Ali: 178 Articles with 312932 views LIKE POETRY, AND GOOD PIECES OF WRITINGS.. View More