امریکا میں ایک ہائی وے پولیس افسر کا خیال تھا کہ ڈرائیور شاید کوئی بہت
چھوٹے قد کا انسان یا کوئی معذور شہری تھا۔ لیکن ڈرائیونگ سیٹ پر ایک پانچ
سالہ بچہ بیٹھا ہوا تھا جسے دیکھتے ہی پولیس افسر کا منہ کھلے کا کھلا رہ
گیا۔
یہ واقعہ امریکی ریاست یوٹاہ کی ایک اسٹیٹ ہائی وے پر پیش آیا۔ ہائی وے پر
اپنی سرکاری گاڑی میں معمول کے مطابق فرائض انجام دیتے ہوئے ایک پولیس افسر
نے دیکھا کہ انٹراسٹیٹ فری وے نمبر پندرہ پر ایک گاڑی بار بار اپنی لین سے
نکل کر اسی شاہراہ پر سامنے سے آنے والی ٹریفک کی لین کی طرف جا رہی تھی۔
پولیس افسر نے اپنی گاڑی کا سائرن بجانا شروع کیا، خطرناک ڈرائیونگ کرنے
والے ڈرائیور کا پیچھا کیا اور اسے رکنے کا اشارہ کیا۔ اس پر ڈرائیور نے
جیسے بڑی مہارت سے اپنی گاڑی روک کر ہائی وے کے کنارے کھڑی بھی کر دی۔
پولیس اہلکار ہکا بکا اس وقت رہ گیا، جب اس نے دیکھا کہ جس ڈرائیور کو اس
نے پیچھا کرتے ہوئے بہت چھوٹے قد کا کوئی انسان یا شاید کوئی معذور شہری
سمجھا تھا، وہ دراصل ایک بچہ تھا، جس کی عمر صرف پانچ چھ سال تھی۔
|