چالیس سال سے ہوٹلوں سے بچا ہوا کھانا مانگ کر یہ بزرگ کس مخلوق کو کھلاتے ہیں جو ان کی محبت میں گرفتار بھی ہوچکی ہے؟

image
 
انسان کو اللہ تعالیٰ نے اس دنیا میں صرف عبادت کے لیے تو پیدا نہیں کیا کیوں کہ عبادت کرنے کے لیے فرشتوں کی کمی نہ تھی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ اللہ تعالیٰ نے انسان کے دل کو محبت کے جذبے سے روشناس کروایا- یہ محبت غیر مشروط ہوتی ہے اور رنگ و نسل کی پابندی سے آزاد ہوتی ہے اس محبت نے کبھی تو صرف فرہاد کو ایک تیشہ سے نہر کھودنے پر لگا دیا تو کبھی ہیر اپنے رانجھےکے لیے چوری بنا کر تپتی دھوپ میں اس کو کھانا دینے کے بہانے آنے لگی- ایسی ہی محبت اللہ تعالیٰ نے لاہور کے مضافات کے رہائشی غلام حسین کے دل میں بھی ڈال دی-
 
غلام حسین پیشے کے اعتبار سے مصنوعی زیورات بنانے کا کام کرتے ہیں اور ان کے دو بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں جو کہ سب شادی شدہ ہیں- ان کی گزشتہ چالیس سال سے یہ روٹین ہے وہ ہوٹلوں سے بچا ہوا کھانا جمع کرتے ہیں اور اس کے بعد اس کھانے میں دیسی گھی اور چینی شامل کر کے اس کی چوری بنا لیتے ہیں-
 
image
 
انتہائی محبت کے ساتھ ان بے زبانوں کو چوری کھلانے کے حوالے سے غلام حسین کا یہ کہنا ہے کہ وہ اس عمل سے حضور اکرم صلی ﷲ علیہ وآلہ وسلم کے اس حکم کی تکمیل کرتے ہیں کہ جانوروں کو دانہ ڈالا کرو یہ ثواب کا باعث ہوتا ہے ۔ غلام حسین صاحب کا اس حوالے سے یہ بھی کہنا تھا کہ وہ ہر روز یہ عمل فجر کے بعد شروع کرتے ہیں اور دو گھنٹوں میں مکمل کرلیتے ہیں-
 
ان کا اس حوالے سے یہ بھی کہنا ہے کہ فجر کے وقت ان کو یہ محسوس ہوتا ہے کہ ان کو جگایا جا رہا ہے کہ وہ اٹھ کر بے زبانوں میں لنگر تقسیم کریں جو کہ ان کے منتظر ہوتے ہیں ۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان کے مرنے کے بعد اللہ تعالیٰ یہ ذمہ داری کسی اور اللہ کے بندے کے سپرد کر دے گا جو کہ ان بے زبانوں کو کھانا پہنچائيں گے -
 
image
 
غلام حسین کے روزانہ کھانا دینے کے سبب اردگرد کے جانور ان سے اتنے مانوس ہو چکے ہیں کہ جیسے ہی غلام حسین گھر سے نکلتے ہیں اردگرد کے گلیوں کے جانور ان کے ساتھ ساتھ چلتے ہیں اور جب وہ مسجد میں داخل ہو جاتے ہیں تو باہر کھڑے ہو کر ان کی واپسی کا انتظار کرتے ہیں-
 
غلام حسین بھی ان جانوروں سے ایسی ہی محبت کرتے ہیں اور جب کبھی انہیں ہوٹل سے ان کے لیے کھانا نہیں مل سکتا تو وہ ان کے لیے گھر میں ہی پراٹھا بنا کر اس کی چوری بنا لیتے ہیں اور ان جانوروں کو کھلاتے ہیں-
YOU MAY ALSO LIKE: