لاکھ صفائی کرلیں٬ 7 چیزیں پھر بھی گھر کو گندا ظاہر کرتی ہیں

image
 
صاف ستھرا گھر نہ صرف اچھا نظر آتا ہے بلکہ اس کے مثبت اثرات بھی مرتب ہوتے ہیں۔ گھر کو ہمیشہ صاف ستھرا اور منظم رکھنا چاہیے۔ کسی بھی طرح کی بے ترتیبی خلل اور نفی پیدا کرتی ہے۔ بعض اوقات ہم گھر کی صفائی تو دل و جان سے کرتے ہیں لیکن پھر بھی چند چیزوں کو نظر انداز کرجاتے ہیں جس کی وجہ سے لاکھ صفائی کے باوجود دیکھنے والوں کو گھر گندا یا بدنما ہی محسوس ہوتا ہے- وہ چیزیں کونسی ہیں آئیے ہم آپ کو بتاتے ہیں-
 
کچن سلیب پر چیزوں کا ہجوم
یہ ہم سب جانتے ہیں کہ کچن کی سلیب پر متعدد چیزیں بکھری ہوئی ہوتی ہیں لیکن یہی بےترتیبی ہی کچن کو گندا بھی ظاہر کرتی ہے- آپ کو چاہیے اپنے کچن کی سلیب پر کم چیزیں رکھیں اور وہ بھی ترتیب کے ساتھ- کچن میں ایک وقت میں ایک کام سرانجام دیں اور ایک کام مکمل ہونے کے بعد صفائی کریں اور پھر دوسرے کام کا آغاز کریں-
image
 
بدبودار پوچا اور صفائی کے کپڑے
اگر آپ کے صفائی کے لیے استعمال ہونے والے کپڑے اور وائپر وغیرہ گندے اور بدبودار گھر کے کسی کونے میں پڑے نظر آئیں تو یہ بھی منفی اثرات مرتب کرتے ہیں- اس لیے ان اشیاﺀ کا بھی خیال رکھنا ضروری ہے اگر یہ چیزیں بھی کچن میں صاف اور ترتیب سے موجود ہوں گی تو کچن خوبصورت نظر آئے گا-
image
 
ڈائننگ ٹیبل پر پھیلی ہوئی چیزیں
ہم میں سے بیشتر لوگ اس جانب توجہ نہیں دیتے لیکن اپنے کھانے کی میز کو صاف ستھرا اور بے ترتیبی سے پاک رکھنا بہت ضروری ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ کٹلری، ٹشوز ، نمک اور کالی مرچ، چٹنی اور اچار کھانے کے دوران آپ کے قریب ہونے چاہئیں، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ اپنے کچن کے دراز کو ہی میز پر لے آئیں۔
image
 
کپڑوں کی باسکٹ بغیر ڈھکن کے
لانڈری باسکٹ کمرے کو بدبودار اور گندے کپڑوں کی وجہ سے بدنما بناتی ہے- ہمیشہ کوشش کریں کہ لانڈری باسکٹ ایسی خریدیں جس کے اوپر ڈھکن ہو- تاکہ اگر اسے بیڈروم میں رکھ بھی دیا جائے تو وہ بدصورت نہ لگے-
image
 
بالکونی
اکثر اوقات دیکھا گیا ہے کہ چھوٹے گھروں کی بالکوںیاں پودوں اور کرسیوں سے بھری ہوئی ہوتی ہیں- اپنی بالکونی میں کم سے کم سامان رکھیں اور اگر آپ یہاں پودے لگانا چاہتے ہیں تو بیٹھنے کے انتظام کا بھی خیال رکھیں اور جگہ بےجا تنگ نہ کریں-
image
 
بجلی کے بٹن
بجلی کے گندے بورڈ اور بٹنوں کی وجہ سے بھی گھر کی خوبصورتی ماند پڑ جاتی ہے- گھر میں جب رنگ کروائیں یا صفائی کا اہتمام کریں تو ان بورڈز کو بھی ضرور صاف کروائیں-
image
 

کچرے کا ڈبہ

کوئی بھی کچرے کا کھلا ڈبہ پسند نہیں کرتا اس کے علاوہ یہ بدبو دار بھی ہوتا ہے- ہمیشہ کچرے کا ایسا ڈبہ گھر میں رکھیں جس کے اوپر ڈھکن بھی موجود ہو- اور اس ڈبے کو ہمیشہ گھر میں ایسی جگہ پر رکھیں جہاں کسی کی نظر نہ پڑ سکے-

image
YOU MAY ALSO LIKE: