بیس سال قبل میٹرک پاس کر کے سیکیورٹی گارڈ نور مرجان ایم فل کرنے کے باوجود آج بھی سیکیورٹی گارڈ کی نوکری کرنے پر مجبور

image
 
تعلیم کا حصول اچھی نوکری کی خواہش کو مدنظر رکھ کر کرنے کا رواج قیام پاکستان سے قبل رائج ہو چکا تھا جس کی جڑیں آج تک ہمارے ملک کے نظام میں پھیلی ہوئی ہیں- مگر اب بڑھتی ہوئی بے روزگاری کے سبب لوگ ہاتھوں میں بڑی بڑی ڈگریاں لے کر نوکری کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں- ایسے نوجوانوں میں نور مرجان جس کا تعلق خیبر پچتونخواہ سے ہے اس حوالے سے انفرادیت کا حامل ہے کہ اس کے پاس سیکیورٹی گارڈ کی ایک مستقل ملازمت ہے جس پر وہ آج سے بیس سال میٹرک کے سرٹیفیکیٹ کی بنیاد پر بھرتی ہوا تھا-
 
2001 میں شیخ زيد اسلامک سنٹر میں بطور بھرتی ہونے والے نور مرجان کی تعلیمی قابلیت نوکری کے وقت صرف میٹرک تھی رات کے وقت بطور چوکیدار بھرتی ہونے والے نور مرجان دن کے وقت فارغ ہوتے تھے تو انہوں نے اس دوران پرائیویٹ ایف اے اور بی اے کا امتحان اپنی مدد آپ کے تحت پاس کیا-
 
image
 
اس کے بعد انہوں نے ریگولر ماسٹرز کے لیے شیخ زید اسلامک یونی ورسٹی میں داخلہ لے لیا اس دوران انہوں نے شدید محنت کی اس دوران وہ سولہ سولہ گھنٹے کی شفٹ میں ملازمت کرتے تھے دن رات یونی ورسٹی ہی میں گزارتے اور ہفتے میں کسی ایک آدھ دن کے لیے گھر جاتے تھے- انہوں نے شیخ زيد سنٹر میں اس نوکری کو صرف اسی لیے جاری رکھا کہ ایک جانب تو اس سے ان کی آمدنی کا ذریعہ بنا رہا دوسرا یہاں کا تعلیمی ماحول ان کے تعلیم کے شوق میں بہت مددگار رہا-
 
ان کا یہ کہنا تھا کہ اس ساری محنت کے دوران پیش نظر یہی خیال تھا کہ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے کسی نہ کسی باعزت روزگار سے وابستہ ہو جائيں گے- ایم اے مکمل کرنے کے بعد انہوں نے ایم ایڈ کیا اور اس کے بعد انہوں نے ایم فل کے لیے اپلائی کر دیا- ان کا ٹاپک قبائلی رسم ورواج اور اسلامی تعلیمات تھا جس میں انہوں نے اس بات کا جائزہ پیش کیا کہ کون سے قبائلی رسم و رواج اسلامی تعلیمات سے متصادم ہیں ایم فل کے مکمل ہونے کے بعد ان کو یہ امید تھی کہ اب وہ چوکیدار کے بجائے بطور پروفیسر کام کر سکیں گے-
 
image
 
اس موقع پر نور مرجان نے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ انہوں نے شدید محنت سے ڈگریاں تو حاصل کر لی ہیں اور ان کی ڈگریوں کے مطابق لیکچرار کی نوکری ان کا حق ہے- مگر اس حوالے سے ابھی تک کسی بھی قسم کا مثبت جواب نہیں آیا ہے وہ اس بات کی خواہش رکھتے ہیں کہ ان کو ان کی قابلیت کے مطابق نوکری ملنی چاہیے- نور مرجان ان تمام لوگوں کے لیے ایک مثال ہیں جو کہ زندگی میں کچھ کر گزرنے کا حوصلہ رکھتے ہیں-
YOU MAY ALSO LIKE: